
ام ہانی/ ملتان
زندگی میں رشتے صرف محبت کے الفاظ سے نہیں بلکہ ایک دوسرے کو سمجھنے اورمعاف کرنے سے مضبوط ہوتے ہیں۔ ایک چھوٹا سا واقعہ اکثر ہماری
زندگی کا بڑا سبق بن جاتا ہے۔ جیسے ایک بار کھانے کے دوران بیوی سے روٹی جل گئی۔ اس نے شرمندگی کے ساتھ وہ روٹی اپنے شوہر کے سامنے رکھی لیکن شوہر نے بغیر کسی شکایت کے وہ روٹی کھالی۔ ان کا بیٹا یہ سب دیکھ رہا تھااور بعد میں اپنے والد سےپوچھتا ہے۔
”بابا، آپ نے جلی ہوئی روٹی کیوں کھالی؟“
باپ مسکراتے ہوئے جواب دیتا ہے
”بیٹا، تمہاری ماں نےسارادن محنت کی اگرمیں ایک جلی ہوئی روٹی کھا بھی لوں توکیا فرق پڑے گا؟“
یہ ایک چھوٹا سا واقعہ ہے لیکن اس میں زندگی کا ایک بہت بڑاسبق چھپا ہے۔یہ ہمیں بتاتا ہے کہ رشتوں میں برداشت، صبر اور قربانی کی کتنی اہمیت ہے۔ برداشت ہی مضبوط رشتوں کی بنیاد ہے
آج کےدور میں اکثر لوگ چھوٹی چھوٹی باتوں پرناراض ہوجاتے ہیں، اگرکسی کھانےمیں نمک کم ہو جائے یا چائےزیادہ میٹھی ہو جائےتوبعض لوگ فوراً شکایت کرنے لگتے ہیں لیکن جو لوگ رشتوں کی اصل قدر جانتے ہیں۔ وہ ان معمولی باتوں کونظر انداز کر دیتے ہیں۔ جلی ہوئی روٹی کھا لینا صرف ایک عمل نہیں تھابلکہ یہ ایک شوہر کی طرف سے اپنی بیوی کے لیے محبت اوراحترام کا اظہار تھا۔
اب بات یہ ہے کہ جب ہم کسی سے محبت کرتےہیں توہمیں اس کی چھوٹی چھوٹی غلطیوں کوقبول کرنا سیکھنا چاہیے۔ ہرانسان میں خامیاں ہوتی ہیں اور کوئی بھی شخص مکمل نہیں ہوتا۔ اس لیے جو لوگ دوسروں کی کوتاہیوں کو نظر انداز کرتے ہیں وہی بہترین رشتے نبھاتے ہیں۔ اگر ایک آدمی دن رات باہر محنت کرتا ہے تو اس کی بیوی گھر میں رہ کر نہ صرف اس کا گھر سنبھال رہی ہوتی ہےبلکہ اس کی نسل کو بھی پروان چڑھا رہی ہوتی ہے۔ اس کی محنت اور قربانیوں کا احساس کرتے ہوئے اس کے چھوٹے چھوٹے کاموں کو معاف کرنا ہی اصل محبت ہے۔
بدقسمتی سے آج کل لوگوں میں برداشت کم ہو گئی ہے۔ اکثر چھوٹی چھوٹی باتوں پرجھگڑے شروع ہو جاتے ہیں۔ اگر بیوی سےکھانےمیں کوئی غلطی ہو جائے تو بعض شوہر ناراض ہو جاتے ہیں اور اگر شوہر کسی دن گھر دیر سے آئے تو بیوی شکایت کرنے لگتی ہے۔ ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ زندگی میں غلطیاں ہونا ایک عام بات ہےاور اگر ہم ایک دوسرے کو درگزر کرنا سیکھ لیں تو زندگی زیادہ خوشگوار ہوسکتی ہے۔
یہی رویہ بچوں پربھی اثرانداز ہوتا ہےاگروہ دیکھیں کہ والدین ایک دوسرےکی عزت کرتےہیں اورچھوٹی باتوں کو نظر اندازکرتےہیں تو وہ بھی یہی سیکھیں گے لیکن اگر وہ ہر وقت جھگڑے اور شکایات دیکھیں گےتووہ بھی صبر اور محبت کے بجائے غصہ اور عدم برداشت سیکھیں گے۔
محبت صرف الفاظ نہیں بلکہ عمل سے ثابت ہوتی ہے۔ جب ایک شوہربغیرکسی شکایت کےجلی ہوئی روٹی کھا لیتا ہے تو وہ اپنی بیوی کویہ احساس دلاتا ہے کہ وہ اس کی محنت کی قدر کرتا ہے، یہی رویہ دوسرے رشتوں میں بھی ہونا چاہیے۔ والدین اپنی اولاد کے لیے قربانیاں دیتے ہیں، بہن بھائی ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہیں، اور دوست مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں۔
اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے رشتےمضبوط ہوں،توہمیں دوسروں کی غلطیوں کونظراندازکرناسیکھنا ہوگا۔ ہمیں ایک دوسرے کے لیےبرداشت اورقربانی کا جذبہ پیدا کرنا ہوگا، کیونکہ یہی چیزیں ایک خوبصورت اور خوشحال زندگی کی بنیاد ہیں۔
یہ کہانی ہمیں سکھاتی ہے کہ چھوٹی چھوٹی غلطیوں کونظر انداز کریں۔ ہرکوئی غلطی کرتا ہے، لیکن اگرہم ہر بات پرناراض ہونے لگیں تو رشتے کمزور ہو جاتے ہیں۔
اپنوں کی محنت کی قدرکریں۔ اگر کسی نے ہمارے لیےکچھ کیا ہے،توہمیں اس کی نیت کو دیکھنا چاہیے، نہ کہ اس کی خامیوں کو۔
بچوں کو اچھےرویےسکھائیں۔ جو رویہ بچے اپنے والدین میں دیکھتےہیں، وہی سیکھتے ہیں۔ اگر ہم صبر اور محبت کا مظاہرہ کریں گے،تووہ بھی یہی سیکھیں گے۔
شکر گزار بنیں۔ زندگی میں ہر چیز پرفیکٹ نہیں ہوتی، لیکن اگر ہم دوسروں غلطیوں کو درگزرکریں گےتو ہمارے رشتے مضبوط ہوں گے کیونکہ اصل محبت وہی ہوتی ہے جو خامیوں سمیت اپنوں کو قبول کر لے۔



































