
ام ہانی / ملتان
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
میری پیاری اماں جان! کیسی ہیں؟
فاطمہ اپنی آن لائن کلاس لے کر میرے پاس آتی ہے تو یوں سلام کرتی ہے جیسے باہر سے آئی ہو۔ الحمدللہ، ہمارے گھر میں ہمیشہ سلام کا تبادلہ ہوتا ہے۔
“میں بالکل ٹھیک ہوں، پیاری فاطمہ۔ آج کی عربی گرامر کی کلاس کیسی رہی؟”
“بہت مزہ آیا، اماں جان! مجھے عربی زبان سے محبت ہو گئی ہے۔”
“ماشاءاللہ! اللہ تمہارے دل میں یہ محبت قائم رکھے، آمین۔”
آج ہم نے سورہ غافر کی آیت نمبر 67 کا ترجمہ پڑھا۔ استاذہ نے کہا کہ اس پر غور کریں کہ پیدائش سے موت تک کا سفر کیسا ہے؟ میں آپ کو سناؤں؟
“ضرور، سناؤ۔”
فاطمہ نے رجسٹر کھولا اور پڑھنے لگی
وہی ہے جس نےتمہیں مٹی سے پیدا کیا، پھر نطفے سے، پھر لوتھڑے سے،پھرتمہیں بچے کی صورت میں نکالتا ہے تاکہ تم اپنی پوری قوت کو پہنچو۔“ (سورہ غافر: 67)
”اماں جان، اس آیت پر غور کیسے کریں؟ کیا دنیا میں آنے کا مقصد بتایا گیا ہے؟“
بالکل، بیٹا! یہ آیت ہماری تخلیق کی حقیقت بیان کرتی ہے کہ ہم اپنی مرضی سے دنیا میں نہیں آتے، بلکہ اللہ کے حکم سے آتے ہیں۔ لیکن زندگی گزارنے کا اختیار ہمیں دیا گیا ہے۔ اب یہ دیکھنا ضروری ہے کہ ہم کون سا راستہ اختیار کرتے ہیں؟
نبی کریم ﷺ نے فرمایا
”ہر بچہ فطرت (اسلام) پر پیدا ہوتا ہےپھر اس کے والدین اسےیہودی، نصرانی یا مجوسی بنا دیتے ہیں۔“ (صحیح بخاری: 1358
”اماں جان! کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ ہماری تربیت بہت اہم ہے؟“
بالکل! ایک بچہ سیکھنے کے مرحلے میں ہوتا ہےاور والدین اس کے کردار کی بنیاد رکھتے ہیں۔
نبی کریم ﷺ نے فرمایا
تم میں سے ہر ایک نگہبان ہےاور ہر ایک سے اس کی رعیت کے بارے میں سوال کیا جائے گا۔“ (صحیح بخاری: 893
یعنی ہم سے اولاد کی تربیت کے بارے میں پوچھا جائے گا؟“ فاطمہ نے غور سے کہا۔
جی ہاں! اور جیسے جیسے انسان بڑا ہوتا ہے، اس کے اعمال کی ذمہ داری بھی بڑھتی جاتی ہے۔ جوانی کا دور سب سے قیمتی ہوتا ہےاور اس میں نیکی کرنا زیادہ اجر کا باعث ہوتا ہے۔“
نبی کریم ﷺ نے فرمایا
سات قسم کے لوگ قیامت کے دن عرش کے سائے میں ہوں گے،ان میں ایک وہ نوجوان ہوگا جو اپنے رب کی عبادت میں پروان چڑھا۔“ (صحیح بخاری: 660
اماں جان! اس کا مطلب ہے کہ جوانی کا وقت سب سے اہم ہے؟“
بالکل! جوانی میں دنیاوی مشاغل زیادہ ہوتے ہیں، اس لیے عبادت کی اہمیت بھی بڑھ جاتی ہے۔
پھر بڑھاپے میں کیا کرنا چاہیے؟“ فاطمہ نے سوال کیا۔
بڑھاپا اللہ کی طرف رجوع کا وقت ہوتا ہے۔ لیکن آج کے دور میں موبائل اور دنیاوی چیزوں نے بوڑھوں کو بھی مشغول کر دیا ہے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا
وہ شخص برباد ہوا جس نے بڑھاپے کو پایا اور جنت حاصل نہ کی۔ (مسند احمد: 7444)
یعنی اگر بڑھاپے میں بھی توبہ نہ کی تو بہت نقصان ہو سکتا ہے؟
ہاں، کیونکہ موت کسی بھی وقت آ سکتی ہے۔ قرآن کہتا ہے
ہرنفس کو موت کا ذائقہ چکھنا ہے۔“ (سورہ آل عمران: 185
نبی کریم ﷺ نے فرمایا
موت کو کثرت سے یاد کرو، کیونکہ یہ دنیاوی لذتوں کو ختم کرنے والی ہے۔“ (ترمذی: 2307
اماں جان! تو زندگی کا اصل مقصد کیا ہے؟
قرآن مجید فرماتا ہے
اور میں نے جنوں اور انسانوں کو صرف اپنی عبادت کے لیے پیدا کیا۔“ (سورہ الذاریات: 56
نبی کریم ﷺ نے فرمایا
دنیا مومن کے لیے قید خانہ اور کافر کے لیے جنت ہے۔ (صحیح مسلم: 2956)
یہی وجہ ہے کہ ہمیں اپنے ہر عمل کو اللہ کی رضا کے مطابق بنانا چاہیے۔ یہ دنیا ایک امتحان ہے، اور کامیابی وہی ہے جو آخرت میں حاصل ہو۔
اماں جان! آپ نے بہت اچھے سے سمجھا دیا۔ ان شاءاللہ، میں ہمیشہ اللہ کے احکامات کو فالو کرنے کی کوشش کروں گی۔“
”ماشاءاللہ! اللہ ہمیں صحیح راستے پر چلنے کی توفیق دے، آمین۔“



































