
بنتِ سعید
آج صبح سویرے جب میں گھر سے نکلی تو وہ نظر نہیں آیا۔ لگتاہےآج وہ کام پر نہیں گیا ہوگا ۔میں نےیوں ہی لاپروائی سےسوچا اور اپنے بیٹے کو
سکول چھوڑنے کے غرض سے آگے بڑھ گئی پھر کچھ دنوں تک وہ نظر نہیں آیا اور میں بھی مطمئن ہو گئی۔
میں روز صبح اپنےبیٹے کو چھوڑ نے سکول جاتی تھی کچھ عرصہ پہلے ہمارے گھر کے ساتھ والے گھر میں نئے کرایہ دار آئے اور اتفاق سے میرا بیٹے کو چھوڑنے کااور اس گھر کے سربراہ کے کام پر جانے کا وقت ایک ہی تھا اور راستہ بھی ایک ہی تھا جس کی وجہ سے میں بہت پریشان ہوتی تھی۔ میرے شوہر اکثر شہر سے باہر کام کرتے تھے اور روز ایک ہی وقت اور ایک راستے سے جانے کی وجہ سے مجھے تھوڑا مسئلہ رہتا تھا پھر اچانک کچھ دنوں سے وہ صاحب مجھے نظر نہیں آئے ۔ خیر میں نے اس بات کو اچھا جانا اور نظر انداز کر دیا۔
کچھ عرصہ بعد میری بات ان کی بیگم سے ہوئی۔ باتوں باتوں میں انہوں نے مجھے بتایا کہ ان کے شوہر نے کام پرجانےکاوقت تبدیل کر لیا کیونکہ ان کو لگا کہ بھابھی بھی اسی وقت جاتی ہیں اور بہت صبح ہوتی ہےاورباہر بھی لوگ نہیں ہوتے تو مناسب نہیں لگتاتھا۔ تو اب وہ خیال رکھتے ہوئے اس وقت سے تھوڑا پہلے نکل جاتے ہیں۔ یہ سن کر میں بہت حیران ہوئی اور شکریہ کے ساتھ ان سے اجازت لینا چاہی مگر اس انسان کے اس چھوٹے سے نہ محسوس ہونے والے عمل نے نہ صرف میرے لیے آسانی پیدا کی بلکہ میرے دل میں ان میاں بیوی کی عزت اور بڑھا دی۔
اس ایک بات کے بعد میں نےسوچا کہ نیک رہنے کا دائرہ عمل اس بات پرمحیط نہیں ہوتا کہ آپ کو بالغ ہونے کےبعد بھی اس کی ترغیب دی جائے یاآپ کوکسی بھی منائے جانے والے دن پر لمبے لمبے لیکچر منعقد کر کے بتایا جائے کہ کیا صحیح ہے اور کیا غلط؟ نیک رہنے کے لئے سوچ سے زیادہ عمل کا ہونا ضروری ہےاور آپ کے مضبوط کردار سے آپ اپنی ذات کو دوسروں کے شر سے محفوظ رکھ سکتے ہیں اور دوسرے بھی آپ کی وجہ سے بے چین نہ ہوں۔
بھٹکتا وہی ہےجس کی بنیاد کمزورہو۔آپ کی ذات آپ کی تربیت کی عکاس ہے۔اب آپ وقت تبدیل کر کے مضبوط تربیت اور خاندان کا ثبوت دے سکتے ہیں یا پھر اسی راستے پر جا کر ایک کمزور اور تنگ نظر شخصیت کے عکاس ہو سکتے ہیں۔



































