
بنت سعید
هَلْ جَزَاءُ الْإِحْسَانِ إِلَّا الْإِحْسَانُ
آج صبح سویرے سورہ رحمٰن کی تلاوت سنتے ہوئےاس آیت پر بے اختیارمیرےآنسو نکل آئے۔کتنی خوبصورت امید ہے۔کتنا پیارا احساس ہے
جو ہمارے اللہ سبحان تعالیٰ نےہمیں دلایا ہے۔ نیکی کا بدلہ نیکی کےسوا کچھ نہیں۔ مطلب اگر آپ احسان کا مطلب دیکھوتویہ لفظ حسن سے نکلا ہے جس کا مطلب ہے اچھے طریقے سے،خوبصورتی سے،اگر آپ ایک احسن طریقے سے کوئی نیکی کرو جیسے اللہ سبحان تعالیٰ نے کرنے کا حکم دیا ہے تو وہ آپ کو اسی احسن طریقے سے لوٹائی جائے گی۔ دین میں یہی احسان ہے جس خوبصورتی سے جتنے اچھے طریقے سے آپ نے نیکی کی اللہ سبحان تعالیٰ سے ویسی واپسی کی امید رکھنی چاہیے۔
اب اگر اس آیت کے مطابق اپنی زندگی کا جائزہ لیا جائے تو کیا ہم اپنی زندگی میں ایسےاحسن اعمال کرتےہیں جن کا بدلہ ہمیں احسن ملے تواسی آیت کو عملی طور اپنی زندگی میں دیکھتے ہیں،اگر احسن نیکیوں کا ذکر کریں تو پہلے اپنے گھر سے شروع کر یں۔ اگر مرد یا عورت کوئی بھی ایک دوسرے کی ذمہ داریوں کو بانٹ رہا ہے تو دوسرا اس نیکی کا ادراک کرتے ہوئے اس کی حوصلہ افزائی کرے۔ سب کی موجودگی میں اس کو سراہے۔ چھوٹی چھوٹی غلطیاں نظر انداز کر کےاحسن طریقے سے اس کی نیکی کا صلہ بحیثیت انسان دینے کی محض کاوش کر کے دیکھے۔اسی طرح کاروبار ،رشتے دار ، کام کی جگہ نیز ہر موڑ پر صرف وہ لوگ جو آپ کے ساتھ نیکی کریں ان کو جاننے کی پہچاننے کوشش کرے اور ان کو ان کی اس نیکی کا بدلہ دینے کی کوشش ضرور کریں۔
اللہ سبحانہ تعالیٰ ہی بیشک اصل صلہ دینے والا ہےمگر کبھی کچھ لوگ ہمارے ساتھ ایک نہ نظرآنےوالی نیکی کرتےچلے جاتے ہیں اور ہم ان ان دیکھی نیکیوں سے مستفید ضرور ہوتے ہیں مگر اس کو وہ عزت نہیں دیتے جس کی وہ اصل حقدار ہے۔
جیسے رات کو سوتے میں آپ کو پانی کا گلاس پاس رکھنا ہے اور روز کوئی چاہے آپ کی ماں، بیوی، بہن میں سےکوئی بغیر کہے لا کر رکھ دے آپ کو احساس تک نہ ہو مگر یہ بھی ایک نیکی ہے، جب ہم کسی کے لیے سہولت پیدا کریں۔
آپ کو کبھی اس چھوٹے سے عمل کو پہچانتے ہوئے ان کواس بات کا احساس دلانا ہے کہ اس عمل سےآپ خوش ہوتے ہیں اور یہ آپ کی آسانی میں ایک اضافہ ہے جو ان کی وجہ سے ہے۔ یہ احسن طریقے سے لوٹائے جانے کا ایک احساس ہے۔اس سے کیا ہی فرق پڑےگا مگر کرنے والے کا دن بن جائے گا۔
اللہ سبحانہ تعالیٰ اپنی صفات میں کامل ہے مگر ان صفات کی پیروی کرکےاپنی اور اپنے اردگرد کے لوگوں کی زندگیوں کو آسان بنائیں۔آج کل کے مشکل دور میں آسانیاں تقسیم کرنے میں جلدی کریں،کچھ مشکل نہیں اگر جھک کے چلیں کم از کم ان کے ساتھ تو ضرور جو آپ کے ساتھ جھک کے چلنے کی کوشش میں لگے ہیں۔



































