
بنت سعید
جلدی سے مجھے میرا بیگ دے دیں،مجھے دیر ہو رہی ہے۔میرے بیٹے نے دروازہ پر کھڑے اپنے جوتے پہنتے ہوئے مجھے آواز دی۔ وہ اسکول
جانے کی جلدی میں تھا۔ آج غالباً اس کے سکول میں ایک تقریری مقابلہ تھاجس میں شرکت کیلئے اس نے بہت تیاری کر رکھی تھی۔ میں جلدی سے اس کا بیگ لائی اور اسکو تھماتے ہوئے دعائیں دیں۔ وہ جاتے جاتے ایک دم پیچھے کی طرف مڑتے ہوئے بولا۔ماما دعا کرنا میری کوئی پوزیشن آئے ۔مجھے صرف ستائش کا سرٹیفکیٹ نہیں چاہیے، میں نے پوچھا کیا مطلب؟ اس نے کہا واپس آ کر بتاؤں گا۔
اس کے جانے کے بعد میں گھر کے کاموں میں مصروف رہی۔ اتنے میں اس کے آنے کا وقت ہو گیا۔واپسی پر وہ بہت خوش تھا کیونکہ وہ دوسرے نمبر پر جیت گیا۔ اس نے دوسری پوزیشن کا سر ٹیفکیٹ میرے ہاتھ میں تھماتے ہوئے پرجوش انداز میں کہا ۔۔۔ماما میں بہت خوش ہوں کیونکہ میری پوزیشن آئی ہے بھلے دوسری مگر مجھے صرف سرٹیفکیٹ نہیں ملا۔میں نے اشتیاق سے پوچھا کہ کیا مطلب؟وہ کہنے لگا، دیکھیں ماما جب آپ کسی مقابلے میں حصہ لیتے ہیں تو دو طرح کےسر ٹیفکیٹ آپ کو ملتے ہیں۔ایک امتیازی یعنی پوزیشن پر لیا گیا اور دوسرا صرف حصہ لینے کا ۔۔۔مطلب" شرکت"جس کا مطلب ہے کہ آپ کی کوئی پوزیشن نہیں مگر صرف اس مقابلے میں شریک ہونے کی وجہ سے آپ کو یہ ملا ہے۔
ماما یہ دوسرا والا سرٹیفکیٹ مجھے با لکل اچھا نہیں لگتا۔میں نےپوچھا کیوں بیٹا کم ازکم وہ آپ کوشمولیت پرآپ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے آپ کو یہ دیتے ہیں مجھے یہ کافی خوش آئند اقدام لگتا ہے۔میں جو بہت انہماک سے اس کو سن رہی تھی اس کی بات کو روک کر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا۔اس پر وہ منہ بسور کر بولا نہیں ماما یہ حصہ لینے کا سرٹیفکیٹ مجھے ہمیشہ یاد کرواتا ہے کہ میں نے کسی مقابلے میں صرف شمولیت اختیار کی تھی مگر میں اپنا بہترین کردار اداکرنے میں ناکام رہااور تماشائیوں کی طرح صرف تالیاں بجاتا رہا جبکہ میں تومقابلے کا اہل تھا نا کہ صرف تماشائی جو صرف دیکھنے آئے تھے،ان میں اور مجھ میں پھر کیا فرق رہا؟ میں اس کے سوچنے کے انداز پر بہت حیران ہوئی اس کی بات مکمل ہوئی تو میں نے کہا کہ بیٹا ہار جیت تو زندگی کا حصہ ہیں کبھی پوزیشن اور کبھی صرف شمولیت۔
اس پر اس نے کہا کہ ماما جب آپ اہل ہیں تواسٹیج پرموجودہیں،آپ میں اہلیت تھی توآپ وہاں تک گئےورنہ آپ بھی تماشائیوں کی طرح تالیاں بجاتے۔ اب وہاں گئے ہیں تو میں پوزیشن سرٹیفکیٹ ہی لاؤں گا اپنا سو فیصد دے کر۔اس کا عزم دیکھ کر میرے دل سے اس کی کامیابی کے لیے بہت دعائیں نکلیں۔
میں نے سوچا زندگی میں ہم نے اس بات پر کبھی غور کیا کہ ہم یہاں صرف شمولیت کا سر ٹیفکیٹ لینے آئے ہیں۔ اللہ سبحانہ تعالیٰ کے سامنے کوئی امتیازی پوزیشن نہیں لینی؟ مگر کیا یہ اتنا آسان ہے؟ ہر مکمل اور اچھی چیز کا حصول اتنا آسان نہیں ہوتا مگر نا ممکن بھی نہیں ۔اسٹیج تک پہنچنے کیلئے پہلے خود کو اس کا اہل کرنا ہوگا تو کیا یہ حقوق اللہ کا دائرہ مکمل کرنے سے ممکن ہے تو ہاں شاید اس سے ہم اس اسٹیج پر پہنچ ضرور جائیں مگر پوزیشن کا سر ٹیفکیٹ لینے کے لیے حقوق العباد کا دائرہ مکمل کرنا پڑے گا اور اس کی تکمیل اسی صورت ممکن ہے ،اگر ہم اعلیٰ ظرفی دیکھتے ہوئے لوگوں سے رشتوں میں پوزیشن سر ٹیفکٹ لینے کی کاوش کریں تو کیا یہ اتنا آسان ہے؟ نہیں شاید یہ بہت مشکل ہے کبھی کبھی آپ کو ناممکن بھی لگے گاکیونکہ اللہ سبحانہ تعالیٰ رحمان ہیں،رحیم ہیں اپنے معاملات میں وہ سخت تو ہیں مگر وہ مان جاتے ہیں، جہاں سے بھی پلٹ جاؤ اپنی آغوش میں لے لیتے ہیں۔محنت لگن اور محبت اور تسلسل سے ہم حقوق اللہ تو پورے کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں اور اس کی رحمت سے امید کرتے ہوئے ہم اسٹیج پر پہنچ جائیں اور اگر وہ چاہے تو ہم پوزیشن بھی لےلیں مگر حقوق العباد کو مکمل کرنا بہت مشکل ہے ،اس کے لئے ہمارا واسطہ انسانوں سے پڑتا ہے جن کے حقوق و فرائض کی ادائیگی کے معاملات بہت گراں ہیں دونوں طرف کے لیے۔ آپ کا معمولی سا اقدام کسی کی دل آزاری کا سبب بن سکتا ہے۔آپ کا کہا ایک لفظ کسی کا پورا دن خراب کر سکتا ہے،آپکا لہجہ کسی کے آنسو کی وجہ ہو سکتا ہے تو اس جگہ آپ کو پوزیشن سر ٹیفکیٹ کے لیے اپنے رشتے اور اپنے سے منسلک لوگوں سے ان کی زندگی میں اپنی پوزیشن صاف کرنی ہوگی۔مکمل نہ سہی کچھ کامیابی حاصل کرنے میں آپ کامیاب ہو جاتے ہیں توا سٹیج پر پہنچ کر پوزیشن سر ٹیفکیٹ بھی لے لیں گے۔ رویے بہتر کریں ان کو اپنی محنت سے سنوارنے کی کوشش کر کے دوسروں کا احساس کر سکتے ہیں۔انشاء اللہ



































