
محمدعامر صدیقی
یہ تو ہم سب جانتے ہیں کہ ہمارا ملک پاکستان اسلامی جمہوریہ ہےجو مذہب کی بنیاد پروجود میں آیا لیکن عملی سطح پرمذہب کو ہم صرف نمائشی طور پر
استعمال کرتےہیں۔ہمارا معاشرہ مختلف سماجی اخلاقی اورمعاشی چیلنجزکاسامنا کررہاہےجواس کے زوال پذیر ہونےکی نشاندہی کرتاہے،یعنی درحقیقت جب ہمیں کوئی ذاتی مفاد یا فائدہ نظر آئے تو ہم سچے مسلمان بن جاتےہیں اوراس کے برعکس نقصان کی صورت میں ہم اپنے مذہب میں اپنے کام کی تکمیل کے لیے آسانیاں تلاش کرتے ہیں جبکہ مذہب ہمیں اس کام کو کرنےکی اجازت نہیں دے رہا ہوتا اس لیے کہ مذہب کی اصل تعلیمات دیانت رواداری اورعدل و انصاف پر عمل ہے۔
ہمارے معاشرے میں سچائی ایمانداری اوررواداری جیسےاوصاف تیزی سےختم ہورہےہیں۔ لوگ اپنے ذاتی مفادات کی خاطر دوسروں کودھوکہ دینے سے گریز نہیں کرتے جبکہ عزت و احترام کی جگہ نفرت اور خود غرضی نے لے لی ہے۔ ہمیں عوام اور حکمران طبقے میں واضح تضاد نظر آتا ہے ،جو درس دوسروں کو دیا جاتا ہے خود اس پر عمل نہیں کرتے ۔معاشرتی سطح پر منافقت ایک عام رویہ بن چکا ہے۔ ایک طرف ہم خود مشرقی اقدارکےمحافظ کہلاتے ہیں تو دوسری طرف جھوٹ دھوکہ دہی اور خود غرضی کا بازار گرم ہے ۔
برائی کو برائی کہنے اور سمجھنےکےبجائےمفادپرستی کوترجیح دی جاتی ہے ۔اسی وجہ سےانصاف کےتقاضے پورے نہیں کیےجاتے۔تعلیم کا معیارگر چکا ہے ۔تعلیمی ادارے اخلاقی تربیت فراہم کرنے میں ناکام ہیں۔ میڈیا اور سوشل میڈیا نے معاشرتی سوچ کو مزید زوال پذیر کردیا ہے ،یہاں جھوٹ پروپیگنڈا نفرت اور ایک دوسرے کی تذلیل کا عمل عام ہو چکا ہے،جس سےسچائی دیانت داری کا تصور کمزور ہوتا جارہا ہے۔ان حالات میں کرپشن بھی ناسور بن چکا ہے اور یہ ناسور اوپر سے نیچے تک سرایت کر چکا ہے۔ ادارے شفافیت سے عاری ہیں اور انصاف بکتا ہے ،یہی صورتحال معاشرتی اخلاقیات کو زوال پذیر کرنے کا سبب ہے ۔ اگر اس صورتحال کا سدباب نہ کیا گیا تو مزید ابتری آسکتی ہے۔ عدالتی اصلاحات اور تعلیمی نظام میں بہتری کی اشد ضرورت ہے تاکہ دیانت داری انصاف اور انسانیت کی قدر بحال ہو۔ پاکستان کی ترقی و سالمیت کی بقا کے لیےہمارے دلوں میں محبت اورجذبہ پیدا ہو۔
پاکستان زندہ با
نوٹ : ایڈیٹر کا بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو )



































