
محمد عامر صدیقی
پاکستانی معاشرہ ایک ایسے دوراہے پر آن کھڑاہوا ہےجہاں مذہبی، اخلاقی اورسماجی اقدار دھندلارہی ہیں۔ اندھی تقلید ،بے حسی اور لاقانونیت کا ایسا کلچر جنم لے چکا ہے جس
کا شکار سب سے زیادہ ہماری نوجوان نسل ہو رہی ہے ۔وہ نسل جو آنکھوں میں خواب لیے مایوسی کی دلدل میں دھنستی جا رہی ہے اور اس کے ذمہ دار خود وہی لوگ ہیں جو اقتدار کی کرسیوں پر براجمان ہیں۔
اب سوال یہ ہےکہ آخر ذمہ دار کون ہے؟
اس سوال کا جواب پانے کے لیے ہمیں 77 برس پیچھےجانا ہوگا ،جہاں ہمارے آبا و اجداد نےقربانیوں کی ایک لازوال داستان رقم کی۔ وہ اس امید کےساتھ اٹھے تھے کہ ایک آزاد ریاست میں ان کی آئندہ نسلیں سکون، عدل اور برابری کی فضا میں پروان چڑھیں گی انہوں نے اپنے خوابوں کو خون سے سینچا ، جان ومال،عزت وآبرو سب کچھ قربان کیا تاکہ ایک آزاد وطن — پاکستان — وجود میں آ سکے۔
افسوس ! جس قیادت پر اعتماد کیا گیا جسے قوم کی باگ ڈورسونپی گئی ،ان ہی صاحب اقتدار کی طرف سےانہیں آہستہ آہستہ یہ احساس دلایا جانے لگا کہ یہ اس دور کے غلاموں بی کی طرح ہیں جہاں مالک کچھ عرصے غلاموں کو رکھنے کے بعد کسی دوسرے کے ہاتھوں فروخت کر دیتا تھا اور اب دوبارہ بکے جانے کے بعد بھی بغیر اپنی آزادی رائے کے نئے مالک کی جی حضوری ہی میں لگے رہنا ان کا مقدر ہوتا تھا ۔اب یہ لوگ سمجھ چکے تھے کہ ہم ایک بار پھر غلام بن چکے ہیں، وہی غلامی کا نظام دوبارہ مسلط کر دیا گیا صرف مالک اور غلام کے چہرے بدلے نظام نہیں ۔اس بار غلامی انگریزوں کی نہیں بلکہ ان اقتدار پر قابض طبقوں کی تھی جو خود آزادی کے اصل مخالف تھے کیونکہ ان کے مفادات غلامی میں ہی پنہاں تھے۔
اسی طبقاتی سوچ نےمعاشرے میں اتنی گہری خلیج پیدا کردی کہ امیر امیر ترہوتا چلا گیا اور غریب اپنےبنیادی حقوق سے بھی محروم ہوتا رہا وسائل،سہولیات، تعلیم، علاج، یہاں تک کہ جینے کا حق بھی طبقے کی بنیاد پر بانٹ دیا گیا۔
آج کا نوجوان یہ سب دیکھ رہا ہے وہ جان چکا ہے کہ اس کے بزرگوں کی قربانیوں کو کس طرح فراموش کیا گیاکس طرح انصاف کا خون ہوا اور کس طرح وہ بھی اس نظام کے اندھیرے میں دھکیلا جا رہا ہے وہی اندھیرا جو اس کے مستقبل کو نگلنے کے لیے منہ کھولے کھڑا ہے۔
لیکن کیا یہ اندھیرا ہمیشہ چھایا رہے گا؟
یہ سوال ہمارے ضمیر پر دستک دے رہا ہے ،اگر ہم نے اب بھی آنکھیں نہ کھولیں ،اگر ہم نے اب بھی آواز نہ اٹھائی تو یہ اندھیرا صرف ہمارا حال نہیں ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل بھی بن جائے گا ۔
نوٹ : ایڈیٹر کا بلاگرکےخیالات سےمتفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو )



































