
محمد عامر صدیقی
پاکستان ایک ایسا وطن جو خوابوں کی سرزمین کہلایا مگرآج ایک کڑوے سچ کاعکس بن چکا ہے۔یہ طبقات میں بٹ چکا ہے ایک وہ جو امیروں کاہےجہاں
آسائشیں، مواقع اور طاقت کا راج ہےاوردوسراوہ جہاں ہمارے جیساعام انسان جیتا ہے جہاں جدوجہد،محرومیاں اوربےبسی ہی اس کا مقدر بن چکی ہے۔
یہ ایک پیچیدہ مگر حقیقت پر مبنی المیہ ہے کہ اس ملک کی دولت محض چند خاندانوں چند چہروں اور مخصوص طبقوں کے ہاتھوں میں مرتکز ہے ،یہی لوگ کاروبار سیاست اور جائیداد کی دنیا پر قابض ہیں اور ہر دن اپنی دولت کو مزید بڑھاتے جا رہے ہیں۔ دوسری طرف ایک عام پاکستانی کو نہ معیاری تعلیم میسر ہے نہ ہنر اور نہ ہی بہتر روزگار کے مواقع غربت جیسےشکنجے میں جکڑا ہوا انسان صرف زندگی گزارنے کی جنگ لڑتا ہے۔
تعلیم کا حال دیکھیے امیروں کے بچے مہنگے عالمی معیار کے تعلیمی اداروں میں پڑھتےہیں جہاں صرف علم ہی نہیں بلکہ اعتماداورمواقع کی دنیا اُن کے لیے کھولتی ہے جب کہ غریب طبقہ سرکاری یا کم معیار کے اداروں پر انحصار کرتا ہے جہاں نہ اساتذہ کی تربیت ہے نہ سہولتیں اور نہ ہی وہ ماحول جو ایک بہتر مستقبل کی ضمانت دے سکے۔
مہنگائی کی لہر کم ،اجرتیں اور بڑھتی ہوئی بےروزگاری نےغریب کی کمر توڑدی ہے جوکماتا ہے،وہ صرف روٹی، علاج یابچوں کی بنیادی ضرورتیں پوری کرنے میں ختم ہو جاتا ہے۔ دولت مند طبقہ ٹیکس سے بچنے کے نت نئے راستے ڈھونڈتا ہے اسکیموں سے فائدہ اٹھاتا ہے جبکہ غریب طبقہ سیلز ٹیکس جیسے بالواسطہ ٹیکسوں کے بوجھ تلے دب جاتا ہے۔
بدعنوانی، اقربا پروری، اور سفارشی کلچر نے اداروں کو تباہ کر دیا ہے اہم عہدوں پرنااہل مگر طاقتورافراد بٹھا دیےجاتےہیں اوریوں عام آدمی ترقی کے ہر دروازے سے محروم رہ جاتا ہے۔ پالیسی سازی کا اختیار ان ہی کے ہاتھ میں ہے اور وہ پالیسیاں ہمیشہ اپنے فائدے کے لیے ہی بناتے ہیں نہ کہ عام عوام کی بھلائی کے لیے۔
یہی وہ وجوہات ہیں جن کی بنا پرپاکستانی معاشرہ ایک گہرے طبقاتی فرق کا شکارہوچکا ہے،امیراورغریب کے درمیان وسائل، مواقع اورزندگی کےمعیار میں اخلیج پیدا ہو چکی ہےلیکن اگرنیت نیک ہو تو کچھ بھی ناممکن نہیں اگر حکومتی ادارے خلوص نیت سے عوام کے ساتھ کھڑے ہوں تو یہ فرق کم ہو سکتا ہے عوام کو بااختیار بنانا ہوگا ۔تعلیم کو سب کے لیے یکساں معیاری بنانا ہوگی اور کرپشن جیسے ناسور کا خاتمہ کرنا ہوگا ۔یہ سب آسان نہیں مگر مسلسل محنت اور دیانت سے ہم ایک ایسا پاکستان بنا سکتے ہیں جو سب کا ہو نہ کہ صرف چند لوگوں کا۔
نوٹ : ایڈیٹر کا بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو



































