
محمد عامر صدیقی
وہ راتیں جن میں کبھی اذانوں کی صدا گونجتی تھی آج گولہ بارود کی گرج میں کھو ہو چکی ہے۔ غزہ وہ سرزمین جو کبھی محبت حوصلے اور ایمان کی
علامت تھی آج خون کےآنسواور ملبےکا دوسرا نام بن چکی ہے۔
ماں کی گود میں تڑپتا بچہ ،باپ کی لاش پر سسکتا یتیم،مسجدوں کے میناروں پر چھائے ہوئے دھوئیں اوروہ گھروں کے ملبے تلے دبی ہوئی معصوم زندگیوں کی آخری سانسیں یہ سب صرف ایک سوال کر رہے ہیں۔
کیا ہم مسلمان واقعی ایک جسم کی مانند ہیں؟
ہر دن سورج طلوع ہوتا ہے لیکن غزہ کے لیے یہ دن ایک اورحملہ ایک اور جنازہ ایک اور جدائی لے کر آتا ہے۔اسکول اسپتال بازار کچھ بھی محفوظ نہیں، یہاں بچوں کے ہاتھوں میں کھلونے نہیں شہادتیں ہیں ۔یہاں عورتوں کی آنکھوں میں خواب نہیں ماتم ہے۔
دوسری طرف امتِ مسلمہ کی خاموشی ایسی ہے جیسے کسی نے زبانیں سی دی ہوں ،جیسےدلوں میں درد کی جگہ مفاد نے لے لی ہو ،جیسے ایمان کی جگہ سفارتی بیانات نے قبضہ جما لیا ہو۔
کہاں ہیں وہ جنہیں کعبہ کے پردے تھام کر رونے کا شوق ہے؟
کہاں ہیں وہ جو خطبوں میں جہاد کی بات کرتے ہیں؟
کہاں ہیں وہ جن کے پاس تیل کی دولت اسلحے کے انبار اور زرخیز زمینیں ہیں؟
کیا غزہ کے بچوں کے خون کا رنگ مختلف ہے؟
کیا ان کے درد کی قیمت کوئی نہیں؟
یا پھر ہمیں صرف تصویریں دیکھنے اور آنکھوں سے دو آنسوبہاکرمطمئن ہو جانے کی عادت ہو گئی ہے؟
غزہ جل رہا ہے لیکن شاید ہماری غیرت مر چکی ہے،غزہ تڑپ رہا ہے لیکن شاید ہمارے دل پتھر بن چکے ہیں۔
اے امتِ مسلمہ! اگر تم آج نہ جاگے تو تاریخ تمہیں معاف نہیں کرے گی، غزہ کی مائیں اپنے بچوں کی لاشیں اٹھا کر تم سے سوال کریں گی وہ تمہیں تمہاری خاموشی کا حساب یاد دلائیں گی۔
اب بھی وقت ہے دلوں کو جگاؤ ضمیر کو اور ایک ہو جاؤ کیونکہ غزہ صرف ایک شہر نہیں وہ تمہارے ایمان کا امتحان ہے۔



































