
محمد عامر صدیقی
جب قومیں خواب دیکھتی ہیں تو ان خوابوں کی تعبیر سیاستدانوں اورمیڈیا کے ہاتھوں میں ہوتی ہے۔ سیاست درحقیقت عوام کی آواز ہے اور میڈیا وہ آئینہ
جس میں قومیں اپنا حال اور مستقبل دیکھتی ہیں مگر جب یہی دونوں ستون جھوٹ کا لبادہ اوڑھ لیں اور سچائی سے منہ موڑ لیں تو پورا معاشرہ اندھیروں میں ڈوب جاتا ہے۔
آج ہماری سیاست خدمت نہیں تجارت بن چکی ہے وہ لوگ جو کل عوام کے درمیان بیٹھے دکھائی دیتے تھے، آج ایوانوں میں بیٹھ کر ان ہی عوام کی یاد سے بھی بے خبر ہیں جن ہاتھوں نے وعدے کیے تھے، وہی اب مفادات کے سودے کر رہے ہیں،یہی وہ سیاستدان ہیں جو انتخابی دنوں میں جھک کر سلام کرتے ہیں اور اقتدار میں آ کر گردن اٹھا کر اپنی قوم کو حقیر سمجھتے ہیں۔
اور میڈیا؟ جسے سچ بولنا ہوتا ہےوہ آج ریٹنگ کی دوڑمیں جھوٹ کا سہارا لےرہا ہے،خبریں اب حقیقت کی عکاسی نہیں کرتیں بلکہ سنسنی خیزمناظر کی جھلک بن چکی ہیں۔ اینکرز کی زبان سے اب سچ نہیں اسپانسرز کی خوشنودی جھلکتی ہے۔ کسی کی آہ کو "بریکنگ نیوز" بنایا جاتا ہے اور کسی کی فریاد کو سنسر کر دیا جاتا ہے۔
سیاستدان اور میڈیا یہ دونوں ایک ہی ہڈی یعنی (عوام) کو دونوں سروں سے نوچ رہے ہیں اورجب ہڈی دونوں طرف سے چبائی جائے تو اس کا انجام فنا ہی ہوتا ہے۔یہ محض نظام کی خرابی نہیں بلکہ ہمارے اجتماعی ضمیر کی خاموشی ہے۔ جب قومیں سوال کرنا چھوڑ دیتی ہیں تو حکمران جواب دینا بھی چھوڑ دیتے ہیں۔ ہم سب اس بگڑے ہوئے منظرنامے کا حصہ ہیں۔ ووٹ دینے والا شہری، قلم اٹھانے والا صحافی، اور وعدے کرنے والا سیاستدان۔
کل جنہوں نے سیاست کو عبادت سمجھ کر شروع کیا آج اسی کو کاروباربنا چکےہیں۔آج ہم سیاستدانوں کےہاتھوں ریموٹ کنٹرول کا کردار ادا کررہے ہیں۔ وہ ہماری انگلیوں سے ووٹ کا بٹن دباتا ہے ،جیتتا ہے اور پھر اقتدار میں آ کر ہمارے بچوں کا نصیب لکھتا ہے جب چاہے ہمارے خوابوں کا گلا گھونٹ دیتا ہے اور ہمارے مستقبل کا سودا کر کے قیمت وصول کر لیتا ہےکیونکہ ہم قوم نہیں فقط تماشائی ہیںاور یاد رکھوقومیں صرف دشمن کے حملے سے نہیں اندر سے بکھرنے سے تباہ ہوتی ہیں۔
اگر تم واقعی زندہ ہو
تو اب بھی وقت ہے
جاگ جاؤ
چیخو
لکھو
سوال کرو
جواب مانگو
سچ کا ساتھ دو
جھوٹ کو پہچانو
سیاست کو عبادت بناؤ
میڈیا کو آئینہ بناؤ
ورنہ ایک دن تمہارے بچوں کو بھی آنسوؤں سے ہی سچ لکھنا پڑے گا۔ جب قلم بکتے ہیں تبھی ضمیر فروشی کا دھندا شروع ہوتا ہے ۔
نوٹ : ایڈیٹر کا بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو )



































