
محمد عامر صدیقی
امت کی خاموشی المیہ نہیں روح کا جنازہ ہے۔
اسلام کی بنیاد جس اخلاص قربانی اور سچائی پر رکھی گئی تھی وہ کسی دنیاوی طاقت کی مرہون منت نہ تھی، وہ ایک ایسی روشنی تھی جو پتھروں میں ایمان جگاتی غلاموں کو امام بناتی اور مٹی سے ایسی مخلوق نکالتی تھی جو آسمانوں پر ستاروں کی مانند چمکتی تھی۔یہ وہ تحریک تھی جس نے انسان کو انسان بنایا جس نے درباروں میں عدل بازاروں میں انصاف اور دلوں میں خدا کا خوف بٹھایا۔ اس تحریک کے اولین علمبردار وہ ہستیاں تھیں جنہیں ہم صحابہ کرامؓ کے نام سے جانتے ہیں۔
مگر افسوس! ہم نے ان کے نام یاد رکھے مگر ان کے راستے بھلا دیے۔کبھی حضرت بلال حبشیؓ کو دہکتے انگاروں پر "اَحد، اَحد" کہتے ہوئے دیکھیں ان کی پشت سے اٹھتا ہوا دھواں آج بھی گواہی دیتا ہے کہ ایمان صرف زبانی دعویٰ نہیں وہ تو آگ پر ننگے جسم سے گزرنے کا نام ہے۔حضرت خباب بن ارتؓ کی پیٹھ کو انگاروں پر داغا گیا۔ گوشت جلتا رہا مگر زبان پر "یا رسول اللہ ﷺ، حق پر قائم رہوں گا" کے سوا کچھ نہ آیا۔
حضرت سمیہؓ۔۔۔۔ ایک ماں ایک عورت مکہ کی گلی میں نیزے سے چھید دی گئی۔ کیا ہم آج کے دعویدار مسلمان اتنا بھی سوچ سکتے ہیں کہ ایک عورت نے توحید کی خاطر جان دے دی اور ہم اس توحید پر حکومتیں بیچ رہے ہیں۔۔؟
حضرت عمرؓ نے یہودی کے ساتھ عدالت میں کھڑے ہو کر فیصلہ سنوایا اور آج کےحکمران۔۔؟ وہ تو قانون کواپنی جیب میں رکھتے ہیں اور انصاف کو غلام بنائے پھرتے ہیں۔
کیا آج کا پاکستان ایک المیہ بن چکا ہے۔۔۔؟
پاکستان، جو لا الہ الا اللہ کے مقدس کلمے پر بنا آج بدترین ظلم، ناانصافی اور بےحسی کی علامت بنتا جا رہا ہے،یہ وطن جسے ریاستِ مدینہ کےعکس پر کھڑا ہونا تھا آج ایک "ظلمستان" بن چکا ہے۔
مہنگائی نے غریب کےبچوں سے دو وقت کی روٹی تک چھین لی۔تعلیم صرف ان کےلیے ہے جن کے باپ کےاکاؤنٹ میں زیرو کم نہ ہوں۔
علاج، انصاف، اور روزگار سب اشرافیہ کی جاگیر بن چکے ہیں۔نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لیے دربدر اور دل میں مایوسی کا زہر لیے جیتے ہیں۔
ہم نے اسلام کو رسومات تک محدود کر نہیں دیا ہے۔۔؟
کیا واقعی اسلام اب صرف جمعہ کے خطبوں اور شادی کے خطبوں میں زندہ ہے۔۔؟
کیا ہماری نمازیں ہمیں ظلم کےخلاف کھڑا کرتی ہیں۔۔؟
کیا ہمارا روزہ ہمیں بھوکوں کا احساس دلاتا ہے یا صرف افطاری کی دعوت بن چکا ہے۔۔؟
اسلام تو وہ تھا جس نے حضرت علیؓ کو کہا: "غریب کا حق ہے ترے خزانے میں نہیں اس کے ہاتھ میں جانا چاہیے۔" یہ آج کے ابو جہل نئے لباس نئے ایوانوں میں ، آج کے ابو جہل اونٹوں پر نہیں بلکہ لینڈ کروزرز پر سوار ہیں۔ان کے ہاتھوں میں نیزے نہیں قانون ہے مگر وہی قانون جسےوہ صرف کمزور کے خلاف استعمال کرتے ہیں۔ریاست عبادت نہ بن سکی بلکہ تجارت بن گئی۔ بیوروکریسی ایمان داری کا جنازہ نکال چکی ہے۔
منبر سےخدا کا دین نہیں بادشاہوں کی مدح سرائی ہوتی ہے۔ سرمایہ دار"نظام مصطفیٰؐ" کے دعوے تو کرتےہیں مگران کے دل لندن دبئی اورواشنگٹن میں دھڑکتے ہیں۔
ہم امتِ محمد ﷺ ہیں
یا ایک گمشدہ ہجوم۔۔؟
: ہم نے ظلم دیکھا اور چپ رہے۔ ہم نے سچ کو دفن کیا اورمفاد کےبت تراش لیے۔ہم نے دین کو صرف عبادات تک محدود کیااورعدل و احسان کو مٹا دیا۔ : کیا ہماری خاموشی کربلا کی یزیدی روش ہے۔۔؟کیا ہم اس امت کے وارث ہیں جس کے ایک غلام نے شہادت قبول کی مگرجھوٹ قبول نہ کیا۔۔؟
وقت ہے! ایک نئی ہجرت کا ایک نئی تحریک کا،یہ تحریک مسجد سے نہیں دل سےاٹھنی ہے۔یہ بیداری صرف تقریروں سےنہیں قربانی سےآئےگی۔اصلاحِ نفس سے ابتدا ہو۔قرآن و سنت کو عملی دستور بنایا جائے۔ووٹ کو امانت سمجھا جائے رشوت کو خیانت۔سچ بولنا ظالم کے خلاف کھڑے ہونا اور باطل کو للکارنا پھر سے سیکھنا ہوگا۔ آخری فیصلہ ہمیں کرنا ہے ۔یا تو ہم صحابہ کے وارث بنیں وہ وارث جو باطل کے سامنے سینہ تان کر کھڑے ہوتےتھےیا پھر تاریخ ہمیں ایک ایسی امت کے طور پر لکھ دے گی جو سب کچھ جانتی تھی مگر چپ رہی جن کے ہاتھوں میں قرآن تھا مگر ضمیر مردہ تھے۔جن کے منہ پرتوحید تھی مگر آنکھیں ابو جہلوں کے خوف سے جھکی ہوئی تھیں۔یہ وقت عمل کا ہےورنہ ہم اس دور کے سب سےبدنصیب لوگ ہوں گے۔"کیا تم گمان کرتے ہو کہ جنت میں چلے جاؤ گے اور تم پر وہ کچھ نہ آئے جو تم سے پہلے گزرے۔۔؟" "یا اللہ، ہمیں صحابہؓ کی راہ پر چلا یا ہمارے وجود کو مٹا دے کہ ہم اس امانت کے لائق نہیں رہے۔



































