
محمد عامر صدیقی
"پاکستان کو آزاد ہوئے 77 سال گزر گئے مگر عوام آج بھی آزادی سےپہلےوالے حالات میں قید۔"یہ محض ایک جملہ نہیں بلکہ ایک سوال ہے چیختا ہوا زخم خوردہ اور دھند
میں لپٹا ہوا۔ وہ دھند جو قائد کے خواب سے اٹھی تھی مگر کسی غاصب کے مفاد میں گم ہو گئی۔
ہم نے آزادی حاصل کی تھی یا محض ایک تبدیلیِ قید؟ کیا 14 اگست 1947 کو زنجیریں واقعی ٹوٹیں یا محض ان کے رنگ بدلے۔
کیا تاج برطانیہ کے جانے سے واقعی رعایا "عوام" بنی یا وہی درباری آج بھی نئے چہروں نئی یونیفارمز اور نئے نعرے لے کر عوام کو اسی پرانی گلی میں واپس دھکیلتے ہیں.
آزادی کا مطلب کیا تھا۔۔۔؟
یہ سوال آج بھی کھڑا ہے کیا آزادی صرف زمین کے کاغذوں پر منتقل ہونےکا نام تھا۔۔۔؟یااس کا مطلب یہ تھاکہ اب عوام کو انصاف تعلیم صحت اور مساوات تک رسائی حاصل ہوگی۔کیا آزادی کا مطلب یہ نہ تھا کہ اب کوئی وڈیرہ کوئی جنرل کوئی صنعت کار عوام کے خون پراقتدار نہیں جمائے گا۔مگر آزادی کے بعد بھی ہم دیکھتے ہیں عوام آج بھی تھانے اسپتال عدالت اور اسکول کے دروازے پر ذلیل ہوتے ہیں:مہنگائی بےروزگاری اور بدامنی نےان کے جسم کو نوچ کھایا ہے:اور جن کے ہاتھوں میں اختیار ہے وہ محلات میں جشن مناتے ہیں "آزادی کا جشن !"
بدلتے وقت کے وہی حاکم بس چہرے بدلے ہیں نظام نہیں۔انگریز گیانوآبادیاتی ڈھانچہ وہی رہا۔سول سروس بیوروکریسی جبر، کنٹرول پروپیگنڈا سب وہی صرف لہجہ مقامی ہوا۔ "فرنگی کا قانون" اب "اپنے" ہاتھوں سے چل رہا ہے۔کبھی ایک سیاسی خاندان کبھی فوجی حکومت کبھی عدالتی محافظ عوام کے نام پر اقتدار مگر عوام سے ہی بیگانہ۔
جمہوریت آئی مگر جمہور تک نہیں پہنچی عوام ووٹ ڈالتے ہیں مگر فیصلےایوان سےپہلےبن جاتےہیں۔عوام مارچ کرتے ہیں نعرے لگاتے ہیں لاشیں اٹھاتے ہیں مگر پالیسیاں وہی بنتی ہیں جو سرمایہ دار کے مفاد میں ہوں۔آج کا "آزاد شہری" بھی اتنا ہی مجبور ہے جتنا کل کا "غلام رعایا" ۔قید کی اقسام بدلی ہیں مگر قید باقی ہے پہلے زنجیر لوہے کی تھی اب وہ مہنگائی فرقہ واریت خوف جہالت اور میڈیا کی غنودگی ہے۔پہلے حکم انگریز کے دفتر سے آتے تھے اب آئی ایم ایف اور عالمی اداروں کی شرائط سے بندھے ہوتے ہیں۔پہلے آزادی مانگی جاتی تھی اب اس کی تعریف ہی مسخ کر دی گئی ہے۔
تو کیا آزادی ایک جھوٹ تھا۔۔۔؟
نہیں ! آزادی ایک خواب تھا۔
مگر خوابوں کو تعبیر میں بدلنے کے لیے بصیرت قربانی اور مسلسل بیداری درکار ہوتی ہے۔وہ خواب جسےعلامہ نےبیداریِ شعور میں دیکھا تھا آج سوتی ہوئی قوم کے ہاتھوں ٹوٹ رہا ہے۔وہ خواب جس کے لیے لاکھوں نے جانیں قربان کیں وہ اب فائلوں تقریروں اور نغموں تک محدود ہے۔
- پاکستان آزاد ہے!مگر صرف نقشے میں۔• قید میں ہے ! عوام کی امید ان کا شعور ان کی سانسیں۔ہمیں یہ سوال خود سے پوچھنا ہے:
> کیا ہم نے صرف وطن کا جغرافیہ آزاد کرایا تھا یا انسان کو اس کے حالات سے بھی نجات دلانی تھی،جب تک عوام کے قدموں میں وہی پرانی زنجیریں پڑی ہیں۔جب تک بھوک خوف اور خاموشی بولتی نہیں تب تک یہ "آزادی" محض ایک خالی لفظ ہے۔
پاکستان زندہ باد
عوام پائندہ باد
نوٹ : ایڈیٹر کا بلا گر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو )



































