
محمد عامر صدیقی
دنیا کی تاریخ میں قوموں کی آزادی کے لیے جدوجہد اور قربانیاں ایک لازمی باب کی حیثیت رکھتی ہیں لیکن برصغیر پاک و ہند کی تقسیم اور پاکستان کے قیام کی کہانی ایک منفرد روحانی اور نظریاتی جدوجہد کی
عکاس ہے۔ پاکستان صرف ایک زمینی خطہ نہیں بلکہ ایک ایسا خواب تھا جس میں لاکھوں مسلمانوں نے اپنےلیےایک آزاد خودمختار اور اسلامی ریاست کا تصور دیکھا اور اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں۔
"تاریخی پس منظر"
برصغیر پر مسلمانوں کی حکمرانی تقریباً ایک ہزارسال تک قائم رہی مگر 1857 کی جنگِ آزادی کےبعدجب انگریزوں نے اقتدارپرقبضہ جمالیا تومسلمانوں کی سیاسی معاشی اور تعلیمی حالت زوال پذیر ہونے لگی۔ انگریزوں کی حکمرانی اور ہندو اکثریت کی بالادستی نے مسلمانوں کو اقلیت میں لا کھڑا کیا۔ 1885 میں انڈین نیشنل کانگریس کی بنیاد پڑی جس میں مسلمانوں کی نمائندگی برائے نام تھی۔ اس محرومی کے پس منظر میں 1906 میں اصل مسلم لیگ کا قیام عمل میں آیا تاکہ مسلمانوں کے سیاسی حقوق کا تحفظ ممکن ہو سکے۔
تحریکِ پاکستان کے چند بڑے محرکات میں ہندو مسلم فسادات ہندو اکثریت کی جارحانہ روش انگریزوں کی جانبدارانہ پالیسیاں اردو-ہندی تنازع اور خلافتِ تحریک کے بعد پیدا ہونے والی بیداری شامل ہیں۔ سب سے بڑھ کر یہ احساس شدت اختیار کرتا گیا کہ مسلمانوں کی دینی ثقافتی اورسماجی شناخت کو خطرہ لاحق ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں مسلمانوں نے یہ واضح کر دیا کہ ہندو اور مسلمان دو مختلف قومیں ہیں جن کے مذہب تہذیب اقدار اور تاریخی شعوریکسرجدا ہیں۔ اسی نظریےکو"نظریہ پاکستان" کا نام دیا گیا۔تحریکِ پاکستان میں جہاں قائداعظم محمد علی جناح کا کردار مرکزی حیثیت رکھتا ہے وہیں علامہ اقبال کے افکار نے اس تحریک کو فکری بنیاد فراہم کی۔ علامہ اقبال نے 1930 کے خطبہ الٰہ آبادمیں مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ ریاست کا تصور پیش کیا جسے جناح نے سیاسی حقیقت میں ڈھالا۔
تحریکِ پاکستان محض سیاسی جلسوں تک محدود نہ تھی بلکہ اس کےلیےلاکھوں افراد نےجان مال عزت اور گھربار کی قربانی دی۔قیامِ پاکستان کےموقع پر ہجرت کے دوران ہزاروں مسلمان شہید ہوئے خواتین کی عزتیں پامال ہوئیں اور بچے یتیم ہوئے۔ یہ قربانیاں اس عزم کی دلیل ہیں کہ یہ ملک محض جغرافیائی خطہ نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے، ایک عقیدہ ہے۔ پاکستان کا قیام ایک ایسے ملک کے طور پر عمل میں آیا جہاں مسلمان اپنے دین کے مطابق آزادانہ زندگی گزار سکیں عدل و انصاف کا نظام رائج ہواقلیتوں کو تحفظ حاصل ہو اورمعاشرتی برابری کی بنیاد پر ایک فلاحی ریاست قائم ہو۔
قائداعظم نے فرمایا:
"پاکستان کامطلب صرف زمین کا ایک ٹکڑانہیں بلکہ ایک نظریہ ہے،ایک مقصد ہے۔"
قوم کو امید تھی کہ یہاں اسلامی اصولوں کی روشنی میں ایک ایسا معاشرہ تشکیل پائے گا جو دنیا کےلیےمثال بنے گا۔
آج کا پاکستان: افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج 77 سال بعد بھی ہم اس خواب کی تعبیر سے کوسوں دور ہیں۔ کرپشن مہنگائی ادارہ جاتی بدانتظامی تعلیم اورصحت کی پسماندگی اورسیاسی عدم استحکام نے ملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ نوجوانوں میں مایوسی بڑھ رہی ہے اور بیرون ملک ہجرت کا رجحان عام ہو چکاہےتاہم مایوسی کفر ہے۔آج بھی اگر قیادت دیانت دار ہو نظام شفاف ہو اور عوام بیدار ہوں تو وہی جذبہ جو 1947 میں تھا آج بھی پاکستان کو ترقی یافتہ خوددار اور اسلامی فلاحی ریاست میں بدل سکتا ہے۔
آزادیٔ پاکستان ایک تاریخی معجزہ تھاجس کےپیچھےعقیدہ قربانی اورقیادت کا گہراامتزاج تھا۔ اس آزادی کامقصد صرف سیاسی نجات نہیں بلکہ فکری معاشی اور دینی خودمختاری تھی۔ آج کےپاکستان کو اگر کامیاب مستحکم اور باوقار بنانا ہے تو ہمیں تحریکِ پاکستان کے مقاصد قربانیوں اور قائدین کے اصولوں کو پھر سے زندہ کرنا ہوگا۔
"یاد رکھیں! قومیں وہی کامیاب ہوتی ہیں جو اپنے ماضی کو یادرکھتی ہیں اوراپنے مستقبل کو بہتر بنانے کےلیےعمل کرتی ہیں۔"
پاکستان زندہ باد
پاکستان پائندہ باد



































