
محمد عامر صدیقی
دنیا کی تاریخ ظلم و ستم کے بے شمار باب اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہےمگرجو باب آج غزہ میں رقم ہو رہا ہے وہ انسانیت کے ضمیر پر ایک سوالیہ نشان
ہے۔ اسرائیلی جارحیت کی انتہا ہو چکی ہے۔ نہتے، معصوم فلسطینی بچوں، عورتوں اور بزرگوں پر جو قیامت ٹوٹ رہی ہے ،اس کی صدائیں زمین سے آسمان تک سنائی دے رہی ہیں مگر افسوس اہلِ زمین بہرے ہو چکے ہیں۔
غزہ کو مکمل طور پر محصور کر دیا گیا ہے،نہ خوراک، نہ پانی، نہ دوا، نہ روشنی کی کرن۔ بیمارایڑیاں رگڑ رگڑ کر جان دے رہے ہیں۔ بچے بھوک سے تڑپ تڑپ کر دم توڑ رہے ہیں اور مائیں اپنے لعلوں کے بے جان جسم سینے سے لگا کر سسک رہی ہیں ۔یہ کوئی وقتی آفت نہیں ۔یہ ایک مسلسل ظلم ہے ،نسل کشی ہے جس پر دنیا کی بڑی طاقتیں اور نام نہاد مہذب اقوام خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہیں لیکن سب سے بڑا سوال تو ہم سے ہے ہم جو امتِ مسلمہ کہلاتے ہیں۔
ہم کہاں کھڑے ہیں؟
ہم کیوں خاموش ہیں؟
غزہ کے ہر چیخنے والے بچے کی آواز ہم سے سوال کرتی ہے
میرے لہو کا حساب کون دے گا۔؟
ہم شرمندہ ہیں بہت شرمندہ
ہم ایک ایسی قوم بن چکےہیں جو مفادات کی زنجیروں میں جکڑی ہوئی ہے، ہماری زبانیں بند ہیں۔ ہماری آنکھیں مصلحتوں کی دھند میں چھپی ہوئی ہیں اور ہمارے دل احساس سے خالی ہو چکے ہیں ۔ہم نے قبلۂ اوّل کی حرمت کو محض ایک تاریخی حقیقت سمجھ کر فراموش کر دیا ہے ہمیں خبر ہی نہیں کہ ظلم پر خاموشی بھی ایک جرم ہے اور ہم یہ جرم بار بار دہرا رہے ہیں۔
اے غزہ
تیری فریادیں ہمارے دلوں کو چیر رہی ہیں ۔تیری آہیں ہمارے ضمیرکوجھنجھوڑ رہی ہیں مگر ہم بے بس ،بے حس اورلاچار کھڑے ہیں۔
اے سرزمینِ انبیاء
ہم تمہیں اُس ربِ کائنات کے سپرد کرتے ہیں جو ظالموں کا سب سے بڑا دشمن ہے اور مظلوموں کا سب سے سچا مددگار۔وقت آئے گا جب یہ خاموشی چیخ بن کر گونجے گی ظلم کے ایوان لرزیں گے اور تاریخ گواہ بنے گی کہ غزہ تنہا نہیں تھا۔
ہم بھی شرمندہ ہیں



































