
ہما عدیل
صبح کی چائے پیتے ہوئے میرا آج کا بلاگ۔۔۔۔اور آج میری اصل مخاطب وہ پاکستانی خواتین ہیں جو
اپنے اپنے گھروں کی باگ ڈور سنبھالے ہوئے ہیں۔یہ بلاگ ایک اجتماعی سوچ پر غور کرنے کی دعوت ہے کہ ہم اپنے گھروں کو آسان بنانے کے دوران کہیں کسی اور کے بچپن کو مشکل تو نہیں بنا رہے۔
چائلڈ لیبر کی بات ہو تو اکثر ذہن میں فیکٹریاں، ورکشاپس اور بھٹے آتے ہیں مگر پاکستان میں اس کی ایک اور شکل بھی ہے جو عموماًنظروں سے اوجھل رہتی ہے۔ گھریلو چائلڈ لیبر۔۔۔ ہزاروں کم عمر بچے ، بچیاں دوسروں کے گھروں میں برتن دھونے، صفائی کرنے، بچوں کی دیکھ بھال کرنے اور دیگر گھریلو کام انجام دینے پر مجبور ہیں۔ ان میں سے بہت سے بچے ایسے ہیں جن کی عمر اسکول جانے، کھیلنے اور اپنے والدین کی شفقت میں پروان چڑھنے کی ہوتی ہے۔تاریخ پر نظر ڈالیں تو یورپ میں بھی ایک وقت ایسا تھا جب غریب خاندانوں کے بچے اور بچیاں امیر گھروں میں نوکر یا خادم کے طور پر کام کرتے تھے۔ صنعتی انقلاب کے دور میں یہ ایک عام منظر تھا۔
برطانوی ناول نگار چارلس ڈکنز نے اپنے مشہور ناولوں میں ان بچوں کی زندگیوں کی ایسی تصویریں پیش کیں کہ معاشرے کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔وقت کے ساتھ ترقی یافتہ ممالک نے اس حقیقت کو تسلیم کیا کہ بچوں کی جگہ مزدوری کی منڈیاں اورفیکٹریاں نہیں بلکہ اسکول اور گھر میں ہے۔ لازمی تعلیم، بچوں کے تحفظ کے قوانین، سماجی بہبود کے پروگراموں اور سخت نگرانی کے ذریعے انہوں نے بچوں سے مشقت لینے کے رجحان کو بڑی حد تک ختم کر دیا ۔ اب اگر ہم پاکستان کی بات کریں تو پاکستان میں مسئلہ صرف غربت کا نہیں بلکہ سماجی رویوں کا بھی ہے۔
ہم میں سے بہت سے لوگ ایک کم عمر بچی کو اپنے گھر میں کام کرتے دیکھ کر اسے معمول سمجھ لیتے ہیں۔ شاید ہم یہ سوچنے کی زحمت نہیں کرتے کہ اگر یہی بچی ہماری اپنی بیٹی ہوتی تو کیا ہم اس کے لیے یہی زندگی پسند کرتے؟ ایک بچی جو صبح سے شام تک دوسروں کے گھروں میں کام کرتی ہے، وہ نہ صرف تعلیم سے محروم رہتی ہے بلکہ بچپن کی خوشیوں، تحفظ اور عزتِ نفس سے بھی محروم ہو جاتی ہے۔
ہاں ٹھیک ہے اس مسئلے کا حل قانون سازی ہے، اس کے لیے قانون سازی ہونی چاہیے ۔ ریاست ہر بچے کے لیے معیاری اور مفت تعلیم کو یقینی بنائے ،غریب خاندانوں کی مالی مدد کرے اور غریبی چائلڈ لیبر کے خلاف قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرے لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہم سب کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ جب تک لوگ کم عمر بچوں کو ملازم رکھنے کو قابل قبول سمجھتے رہیں گے ،یہ مسئلہ ختم نہیں ہوگا۔ قانون بھی اس مسئلے کو مکمل طور پر ختم نہیں کر سکے گا۔ تبدیلی اس دن شروع ہوگی جب ہم دوسروں کے بچوں کو بھی وہی بچپن دینے کی خواہش رکھیں گے جو ہم اپنے بچوں کے لیے رکھتے ہیں۔
ضرورت اس بات کی بھی ہے کہ خواتین اپنے گھریلو نظم و نسق کو اس انداز میں منظم کریں کہ غیر ضروری طور پر بچوں پر کام کا بوجھ نہ ڈالا جائے اور نہ ہی گھریلو چائلڈ لیبر کو معمول سمجھا جائے۔ آسانیاں پیدا کرنا اپنی جگہ اہم ہے مگر یہ آسانیاں کسی بچے کے حقِ تعلیم، اس کے بچپن اور اس کے تحفظ کی قیمت پر نہیں ہونی چاہییں۔۔حالیہ دنوں میں لاہور سے ایک کم عمر لڑکی کے بارے میں سامنے آنے والی خبروں نے مجھے گہری بے چینی میں مبتلا کر دیا۔ ایک بچی، جس کی عمر خواب دیکھنے، تعلیم حاصل کرنے اور ایک محفوظ بچپن گزارنے کی تھی، ایسے حالات کا شکار ہوئی جن کا بوجھ کسی بچے کے نازک کندھوں پر نہیں ہونا چاہیے۔ اس واقعے نے مجھے ایک بار پھر سوچنے پر مجبور کیا کہ ہم آخر اپنے بچوں کو کس قسم کا معاشرہ دے رہے ہیں؟ ایک ایسا معاشرہ جہاں غربت، استحصال، بے بسی اور خاموشی اکثر بچوں کے مقدر کا حصہ بن جاتے ہیں۔کسی بھی مہذب معاشرے کی پہچان اس کی بلند عمارتیں یا ترقی یافتہ معیشت نہیں بلکہ اس کے بچے ہوتے ہیں جس دن پاکستانی خواتین یہ سمجھ جائیں گی کہ ایک بچی کے ہاتھ میں جھاڑو نہیں بلکہ کتاب ہونی چاہیے، اسی دن اس مسئلے کے حقیقی حل کی طرف پہلا قدم اٹھ جائے گا۔


































