
عبد الرحیم خان /کراچی
فلسطین کےمعصوم بچوں کے بکھرے ہوئےاعضا،والدین کی خون آلود لاشیں، خون سے ترآنکھیں اوربموں سے لرزتے آنگن اب صرف تصاویر نہیں رہے،
یہ سوالیہ نشان بن چکےہیں۔ ہماری غیرت، ضمیراوراسلامی اتحاد پر۔ واقعی ہم زندگی کےنام پر شرمندہ لاشیں ہیں۔
غزہ جل رہا ہے،مسجد اقصیٰ کے گنبد چیخ رہے ہیں اور اسرائیل ظلم کی انتہا کرچکا ہےمگرامتِ مسلمہ کا حال یہ ہے کہ وہ محض مذمتی بیانات، وقتی احتجاج اور خاموش دعاؤں تک محدود ہے۔ ایک طرف فلسطینی بچوں کی چیخیں آسمان پھاڑ رہی ہیں اور دوسری طرف اسلامی دنیا کے ایوانوں میں سناٹا چھایا ہوا ہے۔ کیا یہی وہ امت ہے جس کے لیے فرمایا گیا تھا: "جسمِ واحد کی مانند ہو گی"؟ دنیا کی بڑی طاقتیں اپنے مفادات کی خاطر فلسطین کے خون سے اپنے ہاتھ رنگ رہی ہیں اور مسلم ممالک اپنے مفاد کے لیے صرف تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ہر اسلامی سربراہ کی خاموشی،فلسطینی لاشوں پر پڑا ایک اور کفن ہے،یہ کفن صرف جسموں پر نہیں، ہمارے ایمان، ہماری غیرت، اور ہماری بے عمل قیادت پر بھی لپٹا ہوا ہے۔
اقوامِ عالم کی بےحسی پر افسوس اور اسلامی قیادت کی بزدلی پرماتم کیاجائےیااپنی اپنی زندگی میں مگن عام مسلمانوں کےمردہ ضمیر کو جھنجھوڑا جائے؟ یقیناً دونوں ہی آج کے سب سے بڑے المیے ہیں۔ فلسطین کے شہداء ہمیں آئینہ دکھا رہے ہیں، چیخ کر کہہ رہے ہیں کہ "ہم مر کر بھی جاگ گئے، تم جیتے جی مردہ ہو!"۔
اب وقت ہے کہ ہم صرف باتوں سےنہیں،دل سے،عمل سےاوردعاؤں سےاٹھ کھڑے ہوں۔امت کےہرفردکوفلسطین کےلیےرونا،تڑپنااوراپنےرب کےحضور گڑگڑا کر دعا کرنا انتہائی ضروری ہوچکا ہے۔ اپنے بچوں کو، اپنے گھروں کو اور اپنے دلوں کو اس مسئلے سے جوڑنا ہو گا۔ یہ محض فلسطین کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ امتِ محمدیہ کا اجتماعی امتحان ہےاور ساتھ ہی یہ بھی یاد رہے کہ صرف دعا ہی کافی نہیں بلکہ مصنوعات کا بائیکاٹ بھی ضروری ہے۔ہمیں پوری بصیرت کے ساتھ ان مصنوعات اور کمپنیوں کا مسلسل بائیکاٹ جاری رکھنا ہوگا جو اسرائیلی مظالم میں مالی مددگار ہیں یا ظالم طاقتوں سے جُڑی ہوئی ہیں۔
ہماری خریداری ایسی نہ ہوکہ کسی معصوم کےخون کاسبب بنے۔کم ازکم یہ بائیکاٹ ہی ہماری خاموش مزاحمت ہےاوریہ وہ خاموشی ہےجوگونگی نہیں بلکہ گرجتی بھی ہے۔ آئیے! ہم سب مل کرہاتھ اٹھائیں اپنے رب سےغزہ کی نصرت، مظلومین کی حفاظت اورظالمین کی تباہی کی دعا کریں۔اور دل میں یہ عہد کریں کہ ہم زندہ لاشیں نہیں بلکہ بیدار امت بنیں گے۔



































