
عبدالرحیم خان / کراچی
ہماری روز مرہ کی خوراک میں کہیں نہ کہیں چینی ضرور شامل ہوتی ہے لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ چینی کا ضرورت سے زیادہ استعمال انسانی صحت کے
لیےمضر ثابت ہوسکتا ہے۔
آج ہم اس بارے میں بات کریں گے کہ چینی دل کی صحت کےلیےکتنی نقصان دہ ہےاورہمیں روز اپنی خوراک میں کتنی مقدارمیں چینی لینی چاہیے۔
امریکہ کے صحت عامہ کے نگراں ادارے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن (سی ڈی سی) کے مطابق چینی کا زیادہ استعمال موٹاپا، ٹائپ ٹو ذیابیطس اور دل کی بیماری کا سبب بن سکتا ہے۔امریکہ کے 'کلیو لینڈ کلینک' میں شائع ایک مضمون کے مطابق ماہرِ غذائیات اور پری وینٹو کارڈیولوجی نیوٹریشن کیٹ پیٹن کا کہنا ہے کہ "چینی کا ضرورت سے زیادہ استعمال امراضِ قلب کے خطرات کو بڑھا سکتا ہے۔"
کلیولینڈ کلینک امریکہ کا ایک غیر منافع بخش میڈیکل سینٹر ہے جو اسپتال کے ساتھ ساتھ صحت سے متعلق معلومات اور تحقیق میں بھی پیش پیش ہے۔امریکہ کی نیشنل لائبریری آف میڈیسن میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق چینی کا ضرورت سے زیادہ استعمال صحت کے لیے فائدے مند کولیسٹرول (ایچ ڈی ایل) کو کم اور مضر کولیسٹرول (ایل ڈی ایل) کو بڑھاتا ہے۔
کلیولینڈ کلینک کے مضمون کےمطابق چینی کا زیادہ استعمال بلڈ پریشرکوبڑھانے میں بھی کردارادا کرتاہے۔ ہائی بلڈ پریشرامراضِ قلب کےخطرات میں اضافہ کرتا ہے، علاوہ ازیں ہائی شوگر ڈائٹ جسم میں انفلامیشن یعنی سوزش اور جلن کا بھی سبب بن سکتی ہے۔ سوزش دل اور خون کی شریانوں پر دباؤ ڈالتی ہے جو دل کی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔چینی کے زیادہ استعمال سے دل کی صحت پر پڑنے والے مضر اثرات کے بارے میں تو آپ نے جان لیا، اب بات کرتے ہیں کہ ہمیں دن میں کتنی چینی لینی چاہیے؟
امیریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کی تجویز کے مطابق ایک بالغ مرد کو دن میں زیادہ سےزیادہ نو چائےکےچمچ یعنی36 گرام چینی لینی چاہیے،جب کہ ایک بالغ خاتون کو دن میں چھ چائے کے چمچ یعنی25 گرام سے زیادہ چینی استعمال نہیں کرنی چاہیے۔
امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جو امریکہ میں امراضِ قلب پر طبی تحقیق کے لیے فنڈز فراہم کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تنظیم صحت مند طرز زندگی اور دل کی صحت کی دیکھ بھال سے متعلق آگاہی بھی فراہم کرتی ہے۔



































