
عبدالرحیم خان/ کراچی
عوامی سطح پر فٹنس کو فروغ دینا چین میں کھیلوں کی پالیسی کی ترجیح ہے جس کا بنیادی مقصد ملک کو کھیلوں کے ایک پاور ہاؤس میں ڈھالنے کی راہ
ہموار کرنا ہے۔یہی وجہ ہے کہ چین مختلف عمر کے گروپس اور درجو ں میں کھیلوں کی ضروریات کو بہتر طریقے سے پورا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔2014 میں ، چین نے عوامی فٹنس کو ایک قومی حکمت عملی میں شامل کیا۔ 2023 کے اختتام تک چین میں کھیلوں کے مقامات کی تعداد تقریباً 4.6 ملین تک پہنچ چکی ہے جس کا کل رقبہ 4.07 بلین مربع میٹر اور فی کس رقبہ 2.89 مربع میٹر ہے۔ اس پیمانے میں 2013 کے مقابلے میں بالترتیب 171 فیصد اور 104.4 فیصد اضافہ ہواہے۔چودہویں پنج سالہ منصوبے (2021-2025) میں تجویز کردہ 2.6 مربع میٹر کے ہدف کو پیشگی حاصل کرتے ہوئے فی کس اسپورٹس گراؤنڈ 2.89 مربع میٹر تک پہنچ چکے ہیں۔
یہ امر قابل ذکر اور حوصلہ افزا ہےکہ 2020 تک ، چین کی 37 فیصد سےزیادہ آبادی باقاعدگی سےکھیلوں میں حصہ لے چکی تھی۔انہی کوششوں کے ثمرات ہیں کہ 2021 میں ملک کی متوقع عمر 78 سال سے تجاوز کر گئی ہے۔مختلف کھیلوں کے تناظر میں حالیہ عرصے کے دوران اسکیٹ بورڈنگ ، سائیکلنگ ، کلائمبنگ اور سرفنگ جن سے زیادہ تر لوگ ناواقف تھے ، چین میں نئے پرکشش مقامات بن گئے ہیں ۔یہاں ، ٹینس ، گالف اور اسنو اسکیٹنگ جیسے کھیلوں کا ذکر نہیں جو پہلے ہی ملک کے بہت سے حصوں میں عوام میں انتہائی مقبول ہیں اور انہیں نمایاں پسندیدگی کا درجہ حاصل ہے ۔
عوام میں کھیلوں کے بڑھتے ہوئے جوش و خروش کے تناظرمیں حکومت نےتفریحی کھیلوں، مسابقتی کھیلوں اور کھیلوں کی صنعت کی مربوط ترقی کو فروغ دیا ہے جو کھیلوں کو معاشی ترقی کے لئے ایک نئی قوت بنا رہا ہے۔حکام کی جانب سے کھیل دوست رویوں کو پروان چڑھانے کی خاطر چین بھر میں اسٹیڈیم رواں سال موسم گرما میں عوام کے لئے مفت کھول دیے گئے تاکہ کھیلوں کے شوقین افراد کو کھیلوں کی خوشی میں مشغول کیا جاسکے۔ مختلف شہروں میں مقامی افراد نے اپنے سمارٹ فونز کے ذریعے سوئمنگ پولز،بیڈمنٹن اور باسکٹ بال کورٹس آن لائن بک کیے اور کھیلوں سے لطف اٹھایا ۔اسی باعث متعدد اسپورٹس کمپلیکس کھیلوں کے شوقین افراد سے بھرے رہے جہاں انہوں نے مفت سہولیات سے فائدہ اٹھاتے ہوئےاپنے کھیل کا شوق پورا کیا۔ محض ایک شہر چھنگ دو کی ہی بات کی جائے تو حکام نے 31 بڑے اسپورٹس پارکس، 16 ہزار 700 فٹنس پاتھ اور 1700 سے زائد بیرونی کھیلوں کی سہولتیں تعمیر کی ہیں۔
چین نے لوگوں کو جسمانی طور پر مزید متحرک ہونےکی ترغیب دینےکی خاطرایک قومی فٹنس پلان بھی جاری کیا ہے جس کامقصد 2025 تک ملک کی 38.5 فیصد آبادی کو باقاعدگی سے ورزش کی جانب لانا ہے۔ 2021 سے 2025 تک پھیلے ہوئے اس زبردست منصوبے میں آٹھ اہم مقاصد کا واضح تعین کیا گیا ہے جن میں کھیلوں کے مقامات اور سہولیات کی ترقی کو تیز کرنا، مزید کھیلوں، مقابلوں کی میزبانی کرنااور کھیلوں کی صنعت کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھانا شامل ہیں۔
یہ بات قابل تعریف ہے کہ چین کی کھیلوں کی صنعت میں گزشتہ ایک دہائی کےدوران اوسطاً 10 فیصد کی سالانہ شرح سےاضافہ ہوا ہے۔ کھیلوں کی کھپت اور کھیلوں کی صنعت بالترتیب کھپت کی ایک نئی شکل اور ابھرتی ہوئی صنعت کے طور پر تیزی سے اہم ہو رہی ہے۔دہائیوں پہلے چین میں کھیلوں کا مطلب صرف بنیادی جسمانی مشقیں ہوا کرتی تھیں۔ آج کل لوگوں کو زیادہ کھیلوں کے انتخاب اور سہولیات تک رسائی حاصل ہے۔ باقاعدگی سے کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینا ان کی زندگی کا حصہ بنتا جارہا ہے۔



































