
عبدالرحیم خان / کراچی
عنیزہ غزالی بصارت سےمحروم ہونےکے باوجود اپنے ناول”جہد مسلسل“میں ایسی منظر کشی کی ہے کہ قاری کو
ہر منظر میں بصیرت سے بھرپور گہرائی اور حقیقت کا احساس ہوتا ہے۔ان کی تحریرایسا جادو بکھیرتی ہے کہ ہر لفظ، ہر جملہ قاری کوجیسے کسی منظرکےبیچ میں لے جاتا ہے۔انہوں بصارت کی کمی کے باوجود دل کی آنکھ سے دنیا کے ہر منظر،معاشرتی حقیقتوں کو نہایت خوبصورتی اوروضاحت سے بیان کیا ہے، نہ صرف مکانی منظر بلکہ کرداروں کی روحانیت،ان کے چہرے کے تاثرات اور لب و لہجہ بھی کمال مہارت سے بیان کیا گیا ہے جو قاری کو ایک مکمل بصری تجربہ فراہم کرتی ہیں۔ہر جذبہ، ہر مکالمہ اور ہر لمحہ اس شدت سے اُبھرتا ہے کہ تخیل اور حقیقت کے درمیان کی دیوار مدھم پڑنے لگتی ہے۔ ”جہد ِ مسلسل“ وہ فنی کمال ہے جو ناول کو محض کہانی نہیں بلکہ ایک زندہ تجربہ بنا دیتا ہے۔بلاشبہ یہ عنیزہ غزالی کی قلمی ہنرمندی ہےکہ وہ اپنے ذہن کی گہرائیوں سے ایسے جزئیات کو نکال کر پیش کرتی ہیں جو نہ صرف اِس کہانی کو جانداربنارہی ہےبلکہ قاری کے دل و دماغ پر بھی دیرپا اثر چھوڑتی ہے۔عنیزہ غزالی کا قلم اس بات کا غماز ہے کہ جب انسان کا دل روشن ہوتو وہ آنکھوں سے زیادہ صاف اور واضح دیکھ سکتا ہے۔یہی جذبہ تخلیقی صلاحیتوں میں نکھار کا ذریعہ ہے جو اِس ناول میں خوب عیاں ہے۔
ناول نگارعنیزہ غزالی کا تعلق چونکہ بلوچستان سےہے،اس لیےان کےناول میں بلوچی تہذیب کا رنگ اور روایات کی خوشبو اپنے ہونے کااحساس دلاتی ہے۔ بلوچی معاشرت،چاہے وہ وہاں کے لوگوں کی اخلاقی قدریں ہوں یا ان کے عادات و اطوار، ان کا ہروصف تحریروں میں حقیقت کی طرح جھلکتا ہے۔ ناول میں نہ صرف بلوچی زبان کی مٹھاس اور مخصوص محاورات کو جس سلیقےسےپیش کیا گیا ہے اِس سے خطے کی جمالیاتی اور فکری سرحدوں کو نئے زاویے اُبھر کر سامنے آ تے ہیں۔
ؔ”جہدِ مسلسل' اسلامی گھرانوں کی محنت، عزم، اورایمان کی طاقت کو اجاگرکرتا ناول ہے جس کا مرکزی پیغام یہ ہے کہ زندگی میں مشکلات، چاہے وہ مالی ہوں یا ذاتی،انسان کو ہرگز مایوس نہیں ہونا۔ اگر ایک شخص اللہ پر توکل کرتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھے، تو اس کےراستے میں آنے والی مشکلات آسان ہو جاتی ہیں اور کامیابی صرف ایمان کی طاقت، ثابت قدمی اور استقامت میں ہے۔عنیزہ نے عورتوں کی زندگی کے ایک نہایت اہم مگر عموماً نظر انداز کیے جانے والے پہلو”سی سیکشن“کے درد، خاموشی، قربانی، نسوانی المیہ پر روایتی پردہ ڈالنے کی کوشش نہیں کی بلکہ اِس حساس موضوع کو غیر معمولی جُرات سے قلمبند کیا ہے۔جو نہ صرف جسمانی درد کو محسوس کرواتا ہےبلکہ معاشرتی رویّوں، خاموش تکالیف اورماں بننے کے عمل میں عورت کو درپیش نفسیاتی دباؤ کی بھی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔اِسی قرب و تکلیف میں گزری ایک خاتون کے بارے کچھ یوں لکھتی ہیں کہ ”ساری دنیا ختم ہوگئی اورصرف ایک چیز باقی رہ گئی، اس عورت کا آخری چہرہ۔ وہ خوف، غم، ناکامی اور پتا نہیں کس کس جذبے کے ساتھ روئے گی، اپنی زندگی میں یوں اپنےسامنےاس نے پہلےکسی کو مرتے نہیں دیکھا تھا، آج دیکھا تو جیسے زندہ ہونے کا احساس ہی اس کےاندر سے دم توڑنے لگا۔یہ چند فقرے آپ کو ”جہدِ مسلسل“پڑھنے کا تجسس ضرور پیدا کریں گے۔
ناول میں کسی معروف یاغیرمعروف ناول نگاریا قلم کارکاتبصرہ شامل نہیں کیا گیا،یہی امراس بات کی عکاس ہے کہ عنیزہ کو اپنے لکھےپرنہ صرف اعتماد ہے بلکہ کامل یقین بھی۔”جہد مسلسل“ میں خود لکھتی ہیں کہ ”کیا شے ہے یہ اعتماد بلند ہے توآپ بھی بلند ہیں۔یہ پست ہےتوآپ بھی پستی کےدہانےپرہیں۔“۔اس خاموش خود اعتمادی سے ظاہر ہوتا ہے کہ عنیزہ اپنی تحریر کی طاقت کو کسی بیرونی توثیق کی محتاج نہیں سمجھتیں۔ ان کا اسلوب، کردار نگاری اور بیانیہ خود اپنی سند آپ ہیں۔ یہ اندازاُن تخلیق کاروں کا ہوتا ہے جنہیں اپنی آواز کی سچائی پر بھروسہ ہوتا ہےجبکہ دوسری طرفعنیزہ غزالی نے اپنی کامیابی کو محض اپنی انفرادی جہد کا حاصل نہیں سمجھابلکہ اپنے قلمی سفر کے ہر سنگ میل کوایک اجتماعی کامیابی کے طورپردیکھتی ہیں جس کااقرار بھی کرتی ہیں کہ”زندگی میں کوئی جہد تنہا نہیں ہوتی“یہی وجہ ہےکہ صاحبِ کتاب نے ”پیش لفظ“ میں اپنےقلمی سفرمیں معاونت کرنے والے قریبی احباب، استادوں اورہم خیال افراد کوعقیدت مندانہ خراج تحسین بھی پیش کیا ہے،نمایاں ناموں میں عائزہ معجزہ نعیم،ابرارموسیٰ، مس فضیلہ مراد،عائشہ، زرنین،ایم نعیم، انجینئرنورالزمان بلوچ،عرفان پبلشر شامل ہیں۔جو ان کی عاجزی اور شکرگزاری کی عکاس اور عمیق و محبت کامظہرہے۔اپنے اردگرد اپنی زندگی سے جڑے کردار ہوں یا پھراپنی کہانی میں شامل کردار،کسی کو حقیر نہیں سمجھا ،کسی کو حقیر نہیں لکھا،سب کو پورے وقار کےساتھ رکھا اور بیان کیا ہے،جیسا اپنی کہانی کے باب ”بے ضرر بیج“میں بیان کرتی ہیں کہ”کسی کو معمولی یا حقیر نہ سمجھو“کیونکہ ایک چھوٹا بیج بھی کل ایک تن آور درخت بن جاتاہے۔تین سو چھتیس صفحات پر مشتمل”جہدِمسلسل“تیرہ باب ہیں پہلا باب”ازراہِ تعارف“،”سوال در سوال“،”تجربہ اول“،”سرگذشت الم“”،خاموش جنگ“،”پراعتماد“،”آخر وہ چاہتے کیا ہیں؟“، ”محافظ“،”میثاق“،”حقائق“،”زندان“اور ”بے ضرربیج“شامل ہیں۔ہر باب ایک داستان ہےجس کا جملہ حکمت و بصیرت سےخالی نہیں۔عنیزہ پیش لفظ میں لکھتی ہیں کہ ”یہ اہم نہیں کہ آپ کتنے سال جیئے، اہم یہ ہےکہ ان سالوں میں آپ کتنا جیئے، بے مقصد زندگی یوں ہے گویا انسان زندہ ہو کر بھی زندہ نہ ہو“۔مزید لکھتی ہیں کہ”یہ ان لوگوں کی کہانی ہے جو جب کسی نظم میں داخل ہوتے ہیں تو اس کے ساتھ سمجھوتہ کر کے پتھر ہو جاتےہیں۔یہ ٹھوکریں کھا کر سنبھلنے والوں، گر گر اٹھنے والوں او رپرخارراستوں پر بنا رکے چلنے والوں کی کہانی ہے۔چونکہ عنیزہ کو بڑی شدت سے اِس بات کا احساس ہے کہ اُنہیں سوچنے،محسوس کرنے،دل کی آنکھوں سے دیکھنے اور لکھنے کا حوصلہ اِن والدین کی بدولت ہی ہے،جہدِ مسلسل“اِنکی تربیت،دعاؤں اور قربانیوں کا حاصل ہے،یہی وجہ ہےکہ ناول کا انتساب اپنےوالدین کےنام کیاہے۔
حقیقت پسند ہیں اپنی کہانی میں لکھتی ہیں کہ پہلی بارچلنا،پہلا لفظ بولنا،پہلی بارسکول جانا، کالج کا پہلا دن، جاب کا پہلا دن، عموماً پہلی بار کئے کام یاد رہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ان کی پہلی کتاب، 'اخلاق نبوی ﷺ کے تناظر میں موجودہ معاشرہ'، بصارت سے محروم بچوں کے تعاون سے لکھی گئی جو بتانے پر فخر محسوس کرتی ہیں۔ ”تجربہ اول“ میں ایک بہت اہم نقطہ پر توجہ مبذول کرواتی رہی ہیں لکھتی ہیں کہ ”ہر انسان منفرد ہوتا ہے، اگر ہم کسی انسان کو دوسرےانسان میں ڈھونڈیں تووقت ہی ضائع کریں گے، دو لوگوں میں کچھ عادات تو ایک جیسی ہوتی ہیں مگر کوئی دو لوگ مکمل طورپرایک دوسرے کی کاپی نہیں ہوسکتے۔ ہر رشتے سے اس کے مطابق ہی ڈیل کرنا چاہیے، موازنہ اورمقابلہ صرف ہمیں لا حاصل تلاش میں لگا دیتا ہے“۔ عنیزہ، اپنی تخلیق کو ''کہانی'' کہنے میں کوئی حجاب محسوس نہیں کرتیں۔ان کے بقول یہ انتخاب شاید ناول اور کہانی کےمابین باریک فرق کے ادراک میں تذبذب کی علامت ہےیا اس خدشےکااظہار کہ ان کی تحریرناول کے رسمی معیارات پرکس حد تک پوری اترتی ہے۔انہوں نے جان محمد دشتی کی کتاب ”دی بلوچ کلچرل ہیریٹیج“،مختلف کالم،آرٹیکلز،اورسی سیکشن جیسے طبّی موضوعات پر تحقیقی مواد کا مطالعہ کیااورمنظرنگاری کا ہنربھی مختلف کتب سےاخذ کیا۔ادبی ذوق کے باب میں انہوں نے عمیرہ احمد، نمرہ احمد، شوکت صدیقی، ٹالسٹائی اورمنشی پریم چند کا ذکرکیا۔ وہ مقصدیت کو ادب کی روح قرار دیتی ہیں اور سطحی یا بےہدف تحریروں کو ادھوراچھوڑ دینا ان کا معمول ہے۔اس ساری تگ ودومیں سب سے قابلِ تحسین پہلو یہ ہے کہ عنیزہ بصارت سےمحروم ہونےکے باوجود، ٹیکنالوجی کی مدد سےمواد پڑھتی اور تحقیق کرتی ہیں۔ اسکرین ریڈرز، او سی آراور آڈیو کتب ان کے علمی سفر کے خاموش ساتھی ہیں۔تعلیم و تدریس کے میدان میں بھی عنیزہ نمایاں خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ جامعہ کراچی سے گولڈ میڈل کے ساتھ فارغ التحصیل ہونے کے بعد وہ پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ سے بطور معلّمہ اور علمی رابطہ کار وابستہ ہیں۔آن لائن اخبار سے اپنی تحریری اشاعت کا آغاز کرنے والی عنیزہ کا سفر اب جہدِ مسلسل کےدوسرے حصےکی اشاعت کی جانب بڑھ رہاہے۔ان کی تخلیق نہ صرف ان کی فکری ریاضت کامظہر ہےبلکہ اس بات کا ثبوت بھی کہ سچی لگن اور استقامت تخلیق کو لازوال بنا سکتی ہے۔



































