
اقراء حسن/ کراچی
پاکستان میں ملیریا کے کیسز میں تیزی سےاضافہ دیکھنےمیں آرہا ہےاور ماہرین صحت اس تشویشناک صورتحال کو ماحولیاتی تبدیلی سے جوڑ رہے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت اور پاکستان کی وزارت قومی صحت نے خبردار کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی قدرتی آفات، خاص طور پر شدید بارشیں اور سیلاب، مچھروں کی افزائش کے لیے موزوں حالات پیدا کرتی ہیں جس سے ملیریا جیسے وبائی امراض کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے۔
ہر سال پاکستان میں دو ملین سے زائد ملیریا کے کیسزرپورٹ ہوتےہیں اوراگرفوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ 2022 کے شدید سیلاب نے ملک کا ایک تہائی حصہ زیرِ آب کر دیا جس کے باعث لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے اور پانی کے بڑے ذخائر بن گئے جہاں مچھر آسانی سے افزائش پا سکتے تھے۔ ان حالات میں 2022 سے 2024 کے درمیان ملیریا کے 6.6 ملین اضافی کیسز سامنے آئے۔ صرف 2023 میں ہی 2.7 ملین کیسز رپورٹ ہوئےجو کہ 2021 کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہیں۔
ماحولیاتی تبدیلی نے پاکستان کےکئی علاقوں میں درجہ حرارت اوربارش کےپیٹرن کو تبدیل کردیا ہے۔جہاں پہلے مچھر نہیں پائے جاتے تھے، اب وہ پورا سال موجود ہیں اور بیماری کو پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی دباؤ نےخوراک، پانی، رہائش اور آمدنی کے ذرائع کو بھی متاثر کیا ہے جس سے عوام کا مدافعتی نظام کمزور ہو گیا ہے۔ کمزور اورغریب طبقات، خصوصاً بچے اورحاملہ خواتین اس بیماری کا سب سے زیادہ شکار بن رہی ہیں ۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگراحتیاطی تدابیر جیسےمچھر دانیاں، اسپرے،بروقت تشخیص اورعلاج کی سہولیات کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے تو ملیریا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے لیکن ان اقدامات کو ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید مؤثر بنانا ضروری ہے۔ اس کے لیے بیماریوں کی پیشگی وارننگ، بہتر نگرانی کا نظام، پانی کے ذخائر کا مؤثر انتظام اور عوامی آگاہی انتہائی اہم ہے۔
پاکستان میں کچھ اقدامات ضرور کیےگئے ہیں لیکن اس مسئلےکومحض صحت کا مسئلہ سمجھنے کےبجائے اسےماحولیاتی تبدیلی اور آفات سے نمٹنے کی قومی پالیسی کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔ پاکستان عالمی سطح پر کاربن کے اخراج میں کم حصہ رکھتا ہے لیکن شدید متاثر ہو رہا ہے، لہٰذا بین الاقوامی برادری کی جانب سے تعاون کی فوری ضرورت ہے تاکہ ایک محفوظ اور صحت مند مستقبل ممکن بنایا جا سکے۔
ماحولیاتی تبدیلی اب کوئی مستقبل کا خطرہ نہیں بلکہ ایک موجودہ حقیقت ہے جو پاکستان کی صحت عامہ پر شدید اثرڈال رہی ہے۔ملیریا کے بڑھتے کیسز اس بات کا واضح اشارہ ہیں کہ وقت ضائع کیے بغیر مربوط اور دیرپا اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ ملک کے کمزور طبقے اس جان لیوا بیماری سے محفوظ رہ سکیں



































