
محمد حبیب الرحمٰن
پاکستان میں مویشی منڈی صرف ایک خرید وفروخت کی جگہ نہیں بلکہ ایک سماجی اورثقافتی روایت ہے،خاص طور پر عیدالاضحیٰ کے قریب۔ ہر سال جون
جولائی میں ملک بھر میں سیکڑوں مویشی منڈیاں لگتی ہیں جہاں لوگ بڑے ذوق و شوق سے جانور خریدنے جاتے ہیں۔
کراچی کی ناردرن بائی پاس پر قائم ایشیا کی سب سےبڑی مویشی منڈی 2025 میں بھی پورے جوش وخروش سےسجی ہے۔انتظامیہ کےمطابق تقریباً 3 لاکھ جانوروں کی خرید و فروخت متوقع ہے، لیکن اس بار خریداروں کی خوشی میں مہنگائی کی کڑواہٹ نمایاں ہے۔ پنجاب، سندھ اور بلوچستان سے آئے اعلیٰ نسل کے بیل، گائے، بکرے اوراونٹ اپنی شان دکھا رہے ہیں، مگر قیمتیں عوام کی قوتِ خرید سے کہیں آگے نکل چکی ہیں۔
اس سال بیوپاریوں کے مطابق چارے،ٹرانسپورٹ اوردیگراخراجات میں بےپناہ اضافہ ہوا ہے،جس کا براہِ راست اثرجانوروں کی قیمتوں پرپڑا ہے۔عام خریدار جو پہلے بآسانی درمیانے درجے کا جانورخرید لیتا تھا، اب اس کے لیے بھی مشکلات کا سامنا کررہاہے۔بعض خاندانوں نے مشترکہ قربانی کا رجحان بڑھا دیا ہے جبکہ کچھ آن لائن قربانی کی طرف مائل ہو رہے ہیں تاکہ اخراجات کم کیے جا سکیں۔
منڈی میں اس بار سہولیات کی بہتری کے باوجود، قیمتوں میں 30 سے 40 فیصد اضافےنےخریداروں کو پریشان کررکھا ہے۔ وی آئی پی بلاکس،اے ٹی ایم مشینیں اور ٹوکن سسٹم جیسی سہولتیں اگرچہ تعریف کے قابل ہیں، لیکن اصل چیلنج مناسب قیمت پر صحت مند جانور کا حصول بن چکا ہے۔صحت اور صفائی کے پہلو کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ماہرین مشورہ دیتےہیں کہ جانور کی آنکھوں، جلد اور چال کا بغور جائزہ لیں، اور خریداری کے بعد فوراً ویکسینیشن کرائیں تاکہ کانگو وائرس جیسی بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہو۔
کراچی کی مویشی منڈی نہ صرف تجارتی مرکز ہے بلکہ ہزاروں افرادکےروزگار کاوسیلہ بھی ہےلیکن مہنگائی کےاس دورمیں عوام کےلیےقربانی کا جذبہ برقرار رکھنا آسان نہیں رہا۔ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو چاہیےکہ بیوپاریوں کےساتھ مل کر قیمتوں کواعتدال پر رکھنے کی کوشش کرے تاکہ قربانی کی یہ عظیم روایت ہر طبقے کے لیے قابلِ عمل رہے۔ اگر نظم، اخلاق اور ہوشیاری کے ساتھ خریداری کی جائے تو یہ منڈی نہ صرف معیشت کا پہیہ چلاتی رہے گی بلکہ شہر کے لیے خوشی اور خیر و برکت کا ذریعہ بھی بنے گی۔



































