
محمد حبیب الرحمن
پاکستان جیسےترقی پذیر ملک میں جہاں معاشی مسائل، بےروزگاری اورمہنگائی عام ہیں،وہاں سڑکوں، بازاروں، بس اڈوں، اور مساجد کے باہر مانگنے والے
افراد کاعام منظرنظرآتا ہے مگرافسوس کی بات یہ ہے کہ ان میں سے بہت سے بھکاری دراصل پیشہ ور ہوتےہیں، یعنی یہ ان کاروزگار ہے،ضرورت نہیں۔
پیشہ وربھکاری وہہوتے ہیں جو بھیک کو ذریعہ معاش بنا لیتے ہیں، حالانکہ وہ جسمانی طور پر تندرست اور محنت کرنےکےقابل ہوتےہیں۔ یہ افرادلوگوں کی ہمدردی، مذہب، معذوری، یا بچوں کے نام پر جھوٹ بول کر پیسے بٹورتے ہیں بعض اوقات یہ بھکاری گروہوں کی شکل میں کام کرتے ہیں جن کے پیچھے پورا "مافیا" ہوتا ہے جو انہیں مخصوص علاقوں میں بھیجتا ہے اور ان کی کمائی سے حصہ وصول کرتا ہے۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت بڑےشہروں میں یہ پیشہ وربھکاری نت نئےطریقےاپناتےہیں۔ کوئی معذوربن جاتا ہے،کوئی بچہ اٹھا کر رحم کی بھیک مانگتا ہے، توکچھ عورتیں زبردستی گاڑیوں کے شیشے بجا کرپیسےوصول کرتی ہیں۔ ان کے انداز اور زبان ایسی ہو چکی ہے کہ عام انسان دھوکا کھا جاتا ہے ۔
اصل المیہ یہ ہےکہ ان پیشہ ور بھکاریوں کی وجہ سےاصل مستحق نظر انداز ہو جاتےہیں۔ معاشرہ شک میں مبتلا ہوجاتاہےکہ کون واقعی ضرورت مند ہے اور کون دھوکا دےرہا ہے۔اس مسئلےکاحل صرف حکومت کی ذمے داری نہیں بلکہ ہر شہری کوچاہیے کہ بھیک دینےسےپہلےسوچےاورترجیحاً اپنے رشتے دار، پڑوسی یا مستحق افراد کی مدد کرے۔ ریاست کوبھی چاہیےکہ وہ پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف سخت ایکشن لے اور انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرے تاکہ بھیک جیسا عمل ایک پیشہ بننے کےبجائےمکمل ختم ہو جائے۔
بھیک مانگنا صرف فریب نہیں، یہ معاشرے کی ہمدردی کو بے اثر کرنے والا ایک زہریلا رویہ ہے۔اگرہم ایک باشعور قوم بنناچاہتے ہیں، توہمیں رحم اور عقل کے درمیان توازن رکھ کر فیصلہ کرنا ہوگا۔



































