
علشبہ ثناء / کراچی
جب میں پاکستانی معاشرے کے بارے میں سوچتی ہوں تو دو تصویریں ذہن میں آتی ہیں،حلقوں میں بیٹھی ہوئی خواتین جو باتیں کر رہی ہیں اور بچے جو آزادی سے کھیل رہے
ہیں۔ جیسے جیسے ہم بڑے ہوتے ہیں ہمیں احساس ہوتا ہے کہ بچپن کتنا بے فکری سے بھرا ہوتا تھا۔ ہمیں صرف ہوم ورک کا ڈر ہوتا تھا اور شام کے کھیلنے کے وقت کا انتظار ہوتا تھالیکن جوانی میں واضح ہو جاتا ہے کہ ہر بچے کو یہ آسائش میسر نہیں ہوتی۔ بہت سے پاکستانی بچوں سےان کا بچپن چھین لیا گیا ہے، ان کی معصومیت خوف، مشقت، اور بقا سے بدل گئی ہے۔
یہ ایک قومی ناکامی ہےکہ ایک ملک اپنے بچوں کو محفوظ اور بےفکر پرورش فراہم نہیں کرسکتا۔ پاکستان کو کئی مشکلات کاسامنا ہے لیکن شاید ان میں سب سے زیادہ دل دہلا دینے والا چیلنج اس کے سب سے کمزور شہریوں، بچوں، کا خاموش دکھ ہے جو ایسی لڑائیاں لڑ رہے ہیں جنہیں وہ سمجھتے بھی نہیں۔ وہ جی نہیں رہے بلکہ صرف زندہ ہیں اور ہم بحیثیت معاشرہ، خاموش تماشائی ہیں۔
پاکستانی ثقافت میں ہفتہ وارسیروتفریح عام ہے۔جب میں اپنےخاندان کےساتھ ریسٹورینٹ یا کیفے جاتی ہوں تواکثربچوں کوکام کرتےدیکھتی ہوں۔ میزیں صاف کرتے، شیشے دھوتے، آرڈر لیتے یا صرف کونوں میں بھیک مانگتے ہوئے۔ یہ منظر تکلیف دہ ہوتا ہےجہاں کچھ بچے اپنے خاندانوں کے ساتھ آرام سے کھا رہے ہوتے ہیں، وہیں دوسرے چند روپے کمانے کے لیے کام کر رہے ہوتے ہیں۔ ایک یونیورسٹی طالبہ ہونے کے ناطے میں کیمپس پر بھی یہی چیز دیکھتی ہوں، چھوٹے بچے بھیک مانگتے یا ہمارے لیے کرسیاں لگاتے ہیں ۔ یہ دل کو چیر دینے والا منظر ہوتا ہے کہ ایک بچہ تعلیم حاصل کر رہا ہے جبکہ دوسرا اس کی خدمت کر رہا ہے۔ یہ کوئی نایاب واقعہ نہیں، یہ عام ہے۔ پاکستان میں تقریباً تیرہ اعشاریہ چھ فیصد لڑکے اور بارہ اعشاریہ چھ فیصد لڑکیاں چائلڈ لیبر میں مصروف ہیں۔ ان میں سے تقریباً چھتیس فیصد بچے غریب خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
اس سےبھی زیادہ تشویشناک بات یہ ہےکہ بچوں کو گھریلو ملازم کے طور پررکھاجاتا ہے۔امیرخاندان اکثر چھوٹی بچیوں کوآیا کےطورپررکھتےہیں اورانہیں اپنے بچوں کی نگرانی کے لیے ریسٹورینٹ تک لے جاتے ہیں۔ یہ ایک دردناک تضاد ہے۔ ایک بچہ دوسرے بچے کی دیکھ بھال کر رہا ہے جبکہ اس کا اپنا بچپن چھن گیا ہے۔ کیا غربت ہی ان بچوں کا واحد جرم ہے؟ کیا ان کا قصور صرف اتنا ہے کہ وہ ایسےخاندانوں میں پیدا ہوئے جو تعلیم یا حیثیت سے محروم ہیں؟
میں اکثر اپنے بچپن کے بارے میں سوچتی ہوںاور اس کی آسائش کو یاد کرتی ہوں۔ میرے بہن بھائی بھی اسی آزادی سےلطف اندوز ہو رہےہیں لیکن ہمارے آس پاس ہی کچھ بچے سخت زندگی گزار رہے ہیں۔ اگر میں اس حقیقت پر شرمندہ ہو سکتی ہوںتو ہمارا ملک کیوں نہیں؟ حکام کیوں حرکت میں نہیں آتے؟ حکومت چائلڈ لیبر پر خاموش کیوں ہے؟
بدقسمتی سے، محنت ہی بچوں پر ہونے والا واحد ظلم نہیں۔ پاکستان میں بچوں کےساتھ جنسی اورجسمانی تشدد کےواقعات بھی تیزی سےبڑھ رہےہیں۔ ساحل فاؤنڈیشن کی دو ہزار تیئس کی رپورٹ کے مطابق ایک ہی سال میں پانچ ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے باسٹھ فیصد پنجاب سے تھے (تین ہزار تین سو تئیس کیسز)۔ دو ہزار چوبیس میں کراچی میں آٹھ سو اکیانوے اغوا کے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے ایک سو باون جنسی تشدد سے متعلق تھے۔ متاثرین میں پچپن فیصد لڑکیاں اور پینتالیس فیصد لڑکے شامل تھے۔
گلزارِ حجری کی پانچ سالہ سویراکا المناک واقعہ لےلیں جس کی لاش نالے سے ملی۔ ریپ، تشدد اور اعضا کی کمی کےساتھ اس کا قصور کیا تھا؟ کتنےاور بچے ایسی ہولناکیوں کا شکار ہوں گے جب تک پاکستان جاگے گا؟ دو ہزار چوبیس میں، سسٹین ایبل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے مطابق سات ہزار چھ سو آٹھ بچوں کے ساتھ بدسلوکی کے کیسز رپورٹ ہوئے، اوسطاً روزانہ اکیس کیسز۔ یہ خطرناک اعدادوشمار صرف اعداد نہیں بلکہ برباد زندگیاں ہیں۔
ایک اور تکلیف دہ رواج ہےکم عمری میں شادی۔وٹہ سٹہ جیسےجاگیردارانہ رسم و رواج والےعلاقوں میں پانچ سےنوسال کی بچیوں کی شادیاں کر دی جاتی ہیں بعض دیہی برادریوں میں، بچیوں کو خاندانی جھگڑوں میں بطور معاوضہ دے دیا جاتا ہے۔ ان علاقوں میں تعلیم اور شعور کی کمی ایسے غیر اخلاقی رواجوں کو فروغ دیتی ہے۔ پاکستان میں ایک کروڑ نوے لاکھ سے زائد کم عمر دلہنوں کا اندراج ہوچکا ہے۔ایک چونکا دینےوالاعدد اورپھر بھی حکومت یا میڈیا کی جانب سے کوئی خاص توجہ نہیں۔ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جو خاموشی میں دفن ہو چکا ہے۔
بچوں کے اغوا کے واقعات عام ہیں۔ دو ہزار پچیس کےآغازمیں چھپن بچوں کے اغوا کی اطلاع ملی جن میں سےبائیس ابھی تک لاپتہ ہیں۔ اگرچہ چوہتر فیصد بچوں کو ان کے خاندانوں سے ملا دیا جاتا ہےلیکن باقی چھببیس فیصد یا تو کبھی نہیں ملتے یا انہیں جنسی زیادتی یا قتل کے بعد دریافت کیا جاتا ہے۔ یہ اعدادوشمار ایک خوفناک حقیقت کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پاکستان میں بچے محفوظ نہیں۔
جب میں پاکستان میں بچوں کی تکلیف کےبارےمیں لکھتی ہوں، تو میں فلسطین کےبچوں کوبھی نہیں بھول سکتی۔ وہ معصوم زندگیاں جو اسرائیلی جارحیت کےباعث ختم ہو گئیں۔ میرا دل ان خاندانوں کے لیےدھڑکتا ہے،ان بچپنوں کے لیے جوچھین لیے گئے۔اس مستقبل کے لیے جو مٹا دیا گیا۔ دعا ہے کہ ہم اپنی زندگی میں ایک آزاد فلسطین دیکھیں، جہاں بچے دوبارہ سے جی سکیں، کھیل سکیں اور خواب دیکھ سکیں۔
پاکستان میں بھی کسی بچےکو بوجھل یا کھوئی ہوئی زندگی نہیں گزارنی چاہیے۔ بچوں کو مزدوری کےآلے،زیادتی کا شکار یا تبادلے کی چیز نہیں سمجھنا چاہیے۔ انہیں تعلیم، تحفظ، آزادی اور محبت کا حق حاصل ہونا چاہیے،انہیں بچپن گزارنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔
ہمارے ملک کو اس بحران سےبیدارہونا چاہیے۔بچوں کی فلاح و بہبود کو قومی ترجیح بنانا چاہیے۔ یہ بچے ہمارے صرف حال کاحصہ نہیں بلکہ ہمارےمستقبل کےمعمار ہیں۔ ہر ممکن کوشش کی جائے تاکہ ان کی معصومیت محفوظ رہے،ان کے حقوق قائم رہیں اور ان کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ پالیسی ساز عمل کریں۔معاشرہ خود احتسابی کرےاور ہر شہری تبدیلی کا مطالبہ کرے۔ امید ہےکہ ایک دن ہمارا معاشرہ ایسا بنے گا جہاں بچے خوفزدہ نہ ہوں اور جہاں ہر بچہ ہنس سکے، سیکھ سکےاور آزادی سے جی سکے۔



































