
ام یحییٰ
ہر سال دنیا بھر کے مسلمان ذوالحجہ میں حج کی ادائیگی کرتے ہیں اورقربانی کی سنت ابراہیمی ادا کر کے عید الاضحی ٰکا تہوار مناتے ہیں۔
خاتم النبین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا
جو شخص حیثیت ہونےکےباوجود قربانی نہ کرے وہ ہماری عید گاہ کےقریب بھی نہ آئے۔‘‘سنن ابنِ ماجہ (1044/2)۔
سنت ابراہیمی ادا کرنا جذبہ ایثار وقربانی کی تجدید کرتا ہے۔ارکانِ اسلام کاہررکن مسلمان کے ایمان کو بڑھانےاورسنوارنے کا ذریعہ ہے۔اللہ تعالیٰ کے حکم کے آگے اپنا تن من دھن قربان کر دینا ہی ایک مومن کی پہچان ہے ۔
قرآن مجید میں ارشاد باری تعالیٰ ہے
تم ہرگز نیکی میں کمال حاصل نہ کرسکو گےیہاں تک کہ اپنی پیاری چیزمیں سےکچھ خرچ کروگے ۔ بے شک اللہ تعالیٰ اسےجاننے والا ہے ۔(سورہ ال عمران ۔آیت نمبر. 92)۔
جس طرح نماز ایک مسلمان کو پانچ وقت ایک مجاہد کی طرح کمربستہ رکھتی ہےروزہ نفس کوقابو میں رکھنا اورتقویٰ سکھاتاہے،حج مالی وبدنی عبادت اللہ کے حکم پر اپنا مال عزت و مرتبہ چھوڑ کر وقت مقررہ پر مخصوص جگہ پر حاضرہونے کا پابند بناتا ہے ۔جہاد اللہ کی راہ میں اپنی جان کو پیش کردینے کا مضبوط حوصلہ پیدا کرتا ہے ۔یہ سب ارکان ایک مومن کو بلندی کردار کی اس معراج پر پہچانے ہیں کہ جس کے لیے اقبال ر ح نے ارشاد کیا۔
خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے
خدا بندے سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے
اس ایمانی قوت میں وہ طاقت ہے جو کہ اس وقت کے فرعونوں کےسامنےفلسطینیوں کوسیسہ پلائی دیوارکی طرح کھڑا رکھےہوئےہے،جن کا اللہ تعالیٰ کے حضور جان و مال کی قربانی سنت ابراہیمی کی تازہ مثال ہے۔
تو سمجھتا ہے یہ سامان ہےدل آزاری کا
امتحاں ہے تیرے ایثار کا خودداری کا
طاغوتی قوتوں نے جو ظلم برپا کر رکھا ہے اس کو زیِرکرنے کیلئے مسلمانوں کو دین کے ارکان کو انکی اصل روح کے ساتھ ادا کرنے سے وہ طاقت حاصل ہوگی جو کہ ان قوتوں کو نیست ونابود کردےگی ۔
یہی مقصود فطرت ہے ،یہی رمز مسلمانی
اخوت کی جہانگیری محبت کی فراوانی



































