
ام یحییٰ
آج حبیبہ بہت اداس تھی،آج کی خبر ہی کچھ ایسی تھی کہ ہر دل مغموم تھااور پھر حبیبہ توویسے بھی جنید جمشید کی پرستارتھی۔ وہ خود بھی کالج کی بہترین
نعت خواں شمار کی جاتی تھی۔ جنید جمشید کی اچانک شہادت نے سب کو غمگین کر دیا تھا۔
کھانے کی میز پر جب امی اورحبیبہ کے درمیان بات چیت شروع ہوئی توگفتگو کا موضوع بھی یہی تھا۔
حبیبہ نے امی سے پوچھا
"امی! اب جنید جمشید کے ساتھ کیا ہو رہا ہوگا؟جبکہ ان کی شہادت ہو چکی ہے،کیا وہ اللہ تعالیٰ کے حضور خوش ہوں گے؟ آخر ان کے ساتھ کیا معاملہ پیش آ رہا ہوگا؟"
امی نے جذبات سےلبریزاورغمزدہ حبیبہ کی طرف دیکھاجس کی آنکھیں شدتِ غم سے نم تھیں۔ نرمی سے بولیں۔۔
"بیٹا! ہم سب کو ایک دن اپنے رب کےپاس جانا ہے۔ یہ دنیا کی زندگی عارضی ہے۔پچھلے سال تمہاری دادی کا انتقال ہوا، یاد ہے نا؟ موت دراصل انسان کی فانی زندگی کو ختم کر کے ابدی زندگی کی طرف لے جاتی ہے۔"
حبیبہ نے امی کی بات کو غور سے سنا اور پھر سوال کیا،"اور پھر؟ پھرکیا ہوتا ہوگا ایک روح کےساتھ؟"
امی نے جواب دیا
"پھر قبر کا مرحلہ شروع ہوتا ہے۔احادیث سے ہمیں جو معلومات ملتی ہیں، ان کےمطابق منکر نکیر سوال کریں گے، جن میں سب سے پہلا سوال نماز کے بارے میں ہوگا۔ ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بارہا قبر کے عذاب سے پناہ مانگی ہے اور ہمیں بھی دعائیں سکھائی ہیں۔ اس کے بعد یومِ حشر قائم ہوگاجس میں دنیا کے پہلے انسان سے لے کر آخری انسان تک کو ایک میدان میں جمع کیا جائے گا۔ ربِ کائنات نے قرآنِ پاک میں فرمایا ہے ،مفہوم کے مطابق—کہ اللہ تعالیٰ ذرّہ برابر عمل کو بھی ضائع نہیں کریں گے۔"
حبیبہ نہایت توجہ سے سن رہی تھی،اس کی آنکھوں سے آنسو بہہ رہے تھے۔ امی نےاسےمحبت سےاپنےقریب کیاتوحبیبہ نے کہا،
"امی! اب میں بھی اللہ تعالیٰ کےپاس جانے کی تیاری کروں گی تاکہ موت کے بعد کے امتحان میں کامیاب ہو سکوں۔"
"ان شاء اللہ!" امی نے مسکراتےہوئےحبیبہ کو گلے لگا لیا۔
اگلے ہی دن دونوں نے قرآن اکیڈمی میں داخلہ لے لیا، اور اپنے وقت کو مثبت اور بامقصد سرگرمیوں میں صرف کرنے لگیں۔
بے شک! آخرت کی فکر اللہ تعالیٰ صرف اپنے پسندیدہ بندوں کے دل میں ڈالتے ہیں۔



































