
نصرت مبین
پرانے وقتوں کی بات ہے ایک شخص کی دو بیٹیاں تھیں ،ایک کمہار کو بیاہی ایک کسان کو، کسان کی بیوی کہتی ابا دعا کرنا بارش ہو۔ کمہار کی بیوی کہتی ابا
دعا کر نا بارش نہ ہو۔
ایک کے لئے بارش رحمت دوسر ی کے لئے زحمت۔ کراچی کا ایک علاقہ بارش سے لطف اندوز ہو تا ہے ،ان کے لئے رحمت ہے ،باقی کراچی روتا ہے ان کے لئے زحمت ہے۔کراچی کی سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں جنکے گڑھوں میں پانی بھر جاتا ہےیا پھر زیر تعمیر ہیں تعمیر کا سلسلہ التوا کا شکار ہوتا ہے۔وہ مٹی بارش کے پانی میں مل کر کیچڑ بن کر شہر یوں کے کپڑوں اور گاڑیوں کو گل گلزار بناتی ہے۔ کبھی کبھی گاڑیاں ان میں پھنس جاتی ہیں اور ایسی جام ہو جاتی ہیں جیسے مقناطیس نے جکڑ لیا ہو۔
کراچی شہر میں بر سات کے پانی کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے بر ساتی نالے بنائے گئے ہیں لیکن بارشوں سے پہلے ان میں کچرا بھر جاتا ہے پانی کی جگہ ہی نہیں ہوتی پھر پانی مہمان بن کر آتا ہے، نشانی کے طور پر اپنے ساتھ کچرا بہا کر کس قریبی مکان ،دکان ،اسٹاپ یا سڑک پر مہمان بن جاتا ہے۔ ان نالوں کی صفائی کا محکمہ بھی مو جود ہے الحمد اللہ، جس نالے کی صفائی ہو جائے اس کی تصویر آجاتی ہے تصویر کے لئے اتنا تو کر نا پڑ تا ہے۔
بارش کی پہلی بوند پڑتے ہی بجلی غائب (گھروں میں)،باہر کرنٹ لگنے سے اموات ہو جاتی ہیں کہ کوئی تا رٹوٹ ہوا تھا یا پول میں کرنٹ آرہا تھا۔
بارش کے دوران اکثر لوگ بارش میں پھنس جاتے ہیں کیوں کہ سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہوتی ہیں، اس قدر پانی میں گاڑیاں بند ہو جا تی ہیں۔ پھر کھینچ کھینچ کر گھرو ں تک لے کر جاتے ہیں، رات کے بجائے صبح پہنچتے ہیں ،بیمار ہو جاتے ہیں۔
کراچی شہر کی آبادی کا ایک حصہ سطح غربت سے نیچے زندگی گزار رہا ہے ۔ کچھ بے گھر تو فٹ پاتھ پر سوتے ہیں، بارش ان کا گھر چھین لیتی ہے، سڑک اور فٹ پاتھ سب پانی میں غائب ہو جا تا ہے،جن کی جھگیا ں غائب نہیں ہوتیں وہ رہنے کے قابل بھی نہیں رہتیں ۔کچے مکانات کی چھتیں گر جاتی ہیں ۔ لوگ بے گھر ہو جا تے ہیں۔ روز کے دہاڑی دار مزدور اپنی روزی حاصل نہیں کر پاتے ،اس قدر گہرے پانی میں کون آئے گا۔
گٹر کے ڈھکن غائب ہوتے ہیں جس کی وجہ سے بچے مین ہول میں گر جاتے ہیں کیوں کہ بارش کے پانی کی وجہ سے مین ہو ل نظر ہی نہیں آتا ۔
بڑے بڑے سائن بورڈ گر جا تےہیں جس کی وجہ سے جانی نقصان ہو تا ہے۔یہ شہر بھی ہمارا ہے، اس کے مسائل بھی ہمارے ہیں ،انہیں حکومت کے ساتھ مل کر حل بھی ہمیں ہی کر نا ہے۔
مون سون کا موسم شروع ہونے سے پہلے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام مکمل ہو جائے ۔کراچی کے تمام نالوں کی حقیقی اور مکمل صفائی ہو جائے عوام بھی ان میں کوڑا نہ ڈالیں (کچھ لوگوں کی عادت ہوتی ہے جہاں خالی جگہ دیکھی کوڑا پھینک دیا)بارش کے پانی کو صاف کرنے کا فوری انتظام کیا جائے۔
ایک پلانٹ ہر گھر کے ساتھ ہو جو بارش کے پانی کو ذخیرہ کرے فلٹر کرے اور قابل استعمال بنائے ،اس پانی کی قلت بھی کم ہو گی ۔اگر ہر گھر نہیں تو ہر محلے میں تو ہو اللہ رب العالمین سے دعا کریں اللہ رحمت کی بارش برسا،خوشحالی کی برسات بر سا،ہر یا لی کی برسات برسا ،کھیتوں کھلیانوں میں جہاں اس کی ضرورت ہے جس قدر ضرورت ہے برسا ،فصل پھلے پھولے تباہ و بر باد نہ ہو۔



































