
فاطمہ فیض / گوجرہ
فرینہ، جو کالج میں پڑھتی تھی، ایک ہنستی بولتی، دوستوں میں گھل مل جانے والی لڑکی تھی۔ لیکن پچھلے کچھ عرصے سے اس میں ایک نمایاں تبدیلی آ چکی تھی۔ پہلے تو وہ
کبھی کبھار ٹک ٹاک ویڈیوز بناتی تھی، پھر اسے وی لاگنگ کا شوق بھی لاحق ہو گیا۔
شروع میں سب کچھ بہت دلچسپ لگ رہا تھا۔ اس کے فالوورز بڑھنے لگے، کمنٹس آنےلگےاورہرلائیک اور شیئر پر اسے ایک عجیب سی خوشی محسوس ہوتی۔
اب فرینہ کا سارا وقت بس اسی سوچ میں گزرتا کہ آج کیا نیا بناؤں؟ صبح اٹھتےہی سب سے پہلا کام یہ ہوتا کہ وہ کل کی ویڈیو کے لائیکس اور کمنٹس چیک کرے۔ ناشتہ کرتے ہوئے بھی فون اس کے سامنے ہوتا، تاکہ کوئی نیا آئیڈیا ذہن میں آ جائے۔
کالج میں دوستوں کے ساتھ بیٹھتی تو اکثردماغ غائب رہتا۔دوستوں کی باتوں پردھیان دینے کے بجائے وہ یہی سوچتی کہ کس طرح اس لمحے کو کیمرے میں قید کر لوں تاکہ "کنٹینٹ" بن سکے۔
اس کی نیند، اس کی پڑھائی،اس کےرشتےسب کچھ اس کےوی لاگ اور ٹک ٹاک کےشوق کی نذرہورہےتھے۔وہ رات گئے تک ویڈیوزایڈیٹ کرتی اور دن بھرہرواقعےکوریکارڈ کرنے کی کوشش میں لگی رہتی۔
ایک بار اس کی امی جان بیمار پڑ گئیں۔ فرینہ نے ان کی تیمارداری کے بجائے ان کی بیماری کو بھی ویڈیو کاحصہ بنانے کی کوشش کی۔ اس کی ماں نے دکھ سے کہا:
"فرینہ بیٹا! کیا تمہیں میری تکلیف بھی اب صرف ویوز کے لیے نظر آتی ہے؟"
دوستوں نے بھی اسے سمجھانے کی کوشش کی،
"فرینہ، یہ تم کیا کر رہی ہو؟ زندگی کیمرے کے بغیر بھی ہوتی ہے!"
لیکن فرینہ کو لگا جیسے وہ اس کی کامیابی سے جلتے ہیں۔
امتحانات سر پر تھےاورتیاری صفر تھی۔ وہ پوری رات جاگ کر ٹرینڈنگ ویڈیوز دیکھتی رہی اوراگلےدن امتحان میں کچھ بھی نہ لکھ سکی۔ جب اس کے والدین کو یہ سب معلوم ہوا تو وہ بہت پریشان ہوئے۔انہوں نے اسے سمجھایا،"زندگی صرف موبائل کے ساتھ نہیں گزرتی، بلکہ عملی زندگی میں کچھ بننے کے لیے محنت کرنا پڑتی ہے۔ اگر تم دل لگا کر پڑھائی نہیں کرو گی تو کامیاب کیسے ہو گی؟ ہمیں ایک اچھا شہری بننے کے لیے اپنی صلاحیتیں درست سمت میں لگانی چاہیے، تاکہ دوسروں کو فائدہ پہنچا سکیں۔"
فرینہ کو بھی اپنی غلطی کا احساس ہوا۔ اس نےدیکھا کہ جہاں اس کے ہزاروں فالوورز تھے،وہاں اس کےحقیقی رشتے کمزور ہوتےجارہےتھے۔
اس نے اپنا فون ایک طرف رکھا اور کچھ دن کے لیےسوشل میڈیا سے دوری اختیار کر لی۔ شروع میں یہ بہت مشکل تھا، ہاتھ بار بار فون کی طرف جاتا۔ لیکن آہستہ آہستہ اسے احساس ہوا کہ زندگی صرف لائکس اور ویوز کی محتاج نہیں ہوتی۔
اس نے دوبارہ اپنے دوستوں اور خاندان کے ساتھ وقت گزارنا شروع کیا، کتابیں پڑھیں، کھیل کھیلے، اور اپنی پرانی روٹین کی طرف لوٹ آئی۔
زندگی کو کیمرے میں قید کرنے سے زیادہ ضروری یہ ہے کہ اسے بھرپور طریقے سے جیا جائے، اور ہر حال میں اللہ کا شکر ادا کیا جائے۔ جو صلاحیتیں اللہ تعالیٰ نے عطا کی ہیں، انہیں اچھے کاموں میں استعمال کیا جائے، تاکہ ہم دنیا و آخرت میں سرخرو ہو سکیں۔



































