
نائلہ تبسم
دنیا میں سب سےپہلا عذاب قوم نوح پرآیااورعذاب بھی سب کوپتا ہےکہ پانی کا عذاب تھا ۔اس کے بارے میں قرآن مجیدمیں ارشادہےکہ لوگو!تم سے پہلے کی قوموں کو (جو اپنے
زمانے میں برسرعروج تھیں) ہم نے ہلاک کردیا،جب انہوں نے ظلم کی روش اختیار کی اور ان کے رسول ان کے پاس کھلی کھلی نشانیاں لے کر آئے اور انہوں نے ایمان لاکر ہی نہ دیا-
اس طرح ہم مجرموں کو ان کےجرم کا بدلہ دیا کرتےہیں،اب ان کےبعد ہم نےتم کو زمین میں ان کی جگہ دی ہے تاکہ دیکھیں تم کیسےعمل کرتے ہو(سورہ یونس آیت:14-13)۔
اب اس آیت کے تناظر میں پاکستان کے موجودہ حالات دیکھیں خیبرپختونخوا(بونیر) میں بادل کاپھٹنا،کراچی میں سیلاب اور بارشوں سے تباہی،گلگت میں گلیشیئر کا پھٹنا اور اس کے ساتھ اب پنجاب کے مختلف علاقے زیر آب آنے کی صورتحال ہمارے سامنے ہے وجہ حکومتی نااہلی،موسمیاتی تبدیلی یا گلوبل وارمنگ جو بھی سمجھیں مگر اللہ کی رحمت اس وقت جوش میں ہے، ذرا سوچیں جس پاک سر زمین میں یو ٹیوب اور ٹک ٹاک سےکردار سازی کی جائے ،جہاں اولادیں جائیداد کے لیے والدین کو قتل کردیں جس قوم کو گدھے گھوڑے کا گوشت کھلایا جائے جہاں تیس روپے کی خاطر دو نوجوان سرعام قتل کئے جارہے ہوں اور لوگ مدد کرنے کی بجائے ویڈیوز بنا رہے ہوں وہاں خیر کا عنصر کتنا باقی رہ جاتا ہے؟
یہ گردشِ ایام انسان کی آنکھیں کھولنے کے لیے بار بار دہرائےجاتےہیں کہ اب رجوع کرلو اب باز آجاؤ ضرورت تو اس وقت یہی ہےکہ انفرادی طور پر اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کریں۔سجدوں میں روئیں گناہوں کی معافی مانگیں اور اجتماعی استغفار کریں اللہ تعالیٰ ہمارے گناہوں سے درگزر فرمائے اور حق کی راہ پر چلنے والوں میں شامل کر لے(آمین)



































