
ام محمد
شعبان اسلامی سال کا ایک نہایت بابرکت، رحمتوں اور برکتوں سے لبریز مہینہ ہے جو
رمضان المبارک کی آمد سے پہلے دلوں کو سنوارنے اور روحوں کو بیدار کرنے کا قیمتی موقع عطا کرتا ہے۔ یہ محض ایک مہینہ نہیں بلکہ ایک روحانی تیاری کا مرحلہ ہے جس کے ذریعے بندہ رمضان کے انوار و برکات کو سمیٹنے کے قابل بنتا ہے۔
رسولِ اکرم ﷺ کو ماہِ شعبان سے خصوصی محبت تھی۔ حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں:
میں نے نبی کریم ﷺ کو شعبان کے علاوہ کسی اور مہینے میں اتنے نفلی روزے رکھتے ہوئے نہیں دیکھا۔یہ عمل اس بات کی واضح دلیل ہے کہ شعبان عبادت کی کثرت، نفس کی تربیت اور دل کو اللہ کی طرف متوجہ کرنے کا مہینہ ہے۔
حضرت اسامہ بن زیدؓ نے عرض کیا:یا رسول اللہ ﷺ! آپ شعبان میں اتنے روزے کیوں رکھتے ہیں؟
تو آپ ﷺ نے فرمایا:
یہ وہ مہینہ ہے جس سے لوگ غفلت برتتے ہیں جو رجب اور رمضان کے درمیان ہےحالانکہ اسی مہینے اعمال رب العالمین کے حضور پیش کیے جاتے ہیں، اور میں چاہتا ہوں کہ میرے اعمال روزے کی حالت میں پیش ہوں۔یہ حدیث ہمیں سکھاتی ہے کہ شعبان غفلت سے بیداری کا مہینہ ہے۔ایسا مہینہ جس میں انسان اپنے اعمال کا محاسبہ کرتا ہے، اپنی کوتاہیوں پر نادم ہوتا ہے اور سچے دل سے توبہ و استغفار کے ذریعے اللہ کی طرف رجوع کرتا ہے۔
صحابۂ کرامؓ اور اسلافِ امت اس مہینے میں خاص طور پر دلوں کی اصلاح اور باطن کی صفائی کا اہتمام کرتے تھے۔ وہ باہمی رنجشیں ختم کرتے، معاف کرنے کو ترجیح دیتے اور کینہ، حسد اور نفرت سے دلوں کو پاک کرنے کی کوشش کرتے تھے، تاکہ رمضان المبارک میں پاکیزہ دل کے ساتھ داخل ہوں۔
ماہِ شعبان ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ:
عبادت کی تیاری تدریج سے ہوتی ہے،صبر اور ضبطِ نفس کی مشق رمضان سے پہلے ضروری ہے،دل کی اصلاح کے بغیر اعمال کا حسن مکمل نہیں ہوتا
یہ مہینہ عبادت کی مشق، اللہ سے قربت کے ذوق اور روحانی بیداری کا ذریعہ بنتا ہے تاکہ ہم رمضان المبارک میں پوری تیاری، اخلاص اور یکسوئی کے ساتھ داخل ہو سکیں۔اللہ تعالیٰ ہمیں ماہِ شعبان کی قدر کرنے اور اس کے ذریعے اپنے دلوں اور اعمال کو سنوارنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین


































