
ام محمد
زندگی ایک سفر ہے، جس میں انسان کو ہر لمحے اپنے اعمال اور اپنے رب کے ساتھ تعلق کا حساب دینا ہوتا ہے۔ ہم سب انسان ہیں، کبھی گناہ کرتے
ہیں، کبھی نافرمانی کرتے ہیں، اور عبادت کرنے کے باوجود شک میں رہتے ہیں کہ کیا ہماری عبادت قبول ہوئی یا نہیں لیکن اللہ کی رحمت بے حد وسیع اور گناہگار بندے کے لیے ہمیشہ کھلی رہتی ہے۔
صحابہ کرامؓ کی زندگی ہمارے لیے روشن مثال ہے۔ جیسے حضرت عمر بن خطابؓ دن بھر ریاستی امور میں مصروف رہتےمگر ہر موقع پر اللہ کی عبادت اور ذکر میں وقت نکالتے۔ حضرت علیؓؓ رات کے سناٹے میں اللہ کی عبادت اور استغفار کرتے اور دن کے ہر لمحے میں کسی محتاج کی مدد اور نیکی کا کام کرتے۔ یہ ہمیں سکھاتا ہے کہ دن بھر کی مصروفیات عبادت اور نیکی کے ساتھ ساتھ چل سکتی ہیں۔
روزانہ کا آغاز فجر کے بعد قرآن کی تلاوت اور اللہ کے ذکر سے کریں۔ چاہے چند آیات ہی پڑھیں، یہ دل اور روح کو سکون اور برکت دیتے ہیں۔ دن میں کم از کم کچھ لمحات اللہ کے ساتھ گزاریں ،خاموش بیٹھ کر دل سے اللہ کا ذکر کریں۔ اپنی نمازوں میں ایک ایسا سجدہ کریں جس میں اللہ کی قربت محسوس ہو۔ دن کے چھوٹے اعمال صالحہ، جیسے کسی کی مدد کرنا یا کسی کے لیے دعا کرنا، روحانی طاقت اور دل کی سکونت بڑھاتے ہیں۔
رات کو اپنے دن کا جائزہ لینا ضروری ہے، غور کریں کہ کہاں ہم نے کسی کا دل دکھایا، کہاں نافرمانی ہوئی، یا کہاں حق تلفی ہوئی۔ لوگوں کے سامنے اعتراف کرنا۔ اگر مشکل ہے تو اللہ کے سامنے دل کی سچائی کے ساتھ اعتراف کریں "اللہ! میں ادھر غلط تھا، مجھے معاف فرما دے۔" اپنے دن کے گناہوں کے لیے استغفار کریں گناہوں کا اعتراف ضرور کریں اعتراف کے بغیر کبھی دل سے استغفار نہیں نکلتااور دعا کریں: "یا اللہ! میری زندگی کو اپنی رحمت سے بھر دے۔مجھے اپنی راہ پر ثابت قدم رکھ اور میری نیکیوں کو قبول فرما۔" سونے سے پہلے سورۃ ملک پڑھنا سورہ البقرہ کا آخری رکوع پڑھنا خود پر لازم کر لیں۔۔اپنی حفاظت کے لیے اور روحانی سکون کے لیے انتہائی مفید ہے۔
اللہ کی یاد دل کا سکون ہے، اور دل کی سکون روح کی روشنی۔ جب ہم مصروفیات میں بھی اللہ کو یاد رکھیں، جب رات کے سناٹے میں اپنی خاموشی میں اللہ سے بات کریں، اور دن کے چھوٹے اعمال نیکی کے طور پر کریں، تب دل میں سکون اور امید کی روشنی پیدا ہوتی ہے۔ یہ یاد رکھیں کہ اللہ کے قریب ہونے کے لیے بڑے اعمال کی ضرورت نہیں، چھوٹے لیکن خلوص سے کیے جانے والے اعمال بھی دل کو اللہ کے قریب کر دیتے ہیں۔



































