
ام محمد
الحمدللہ ۔۔۔وہ مہینہ قریب آ رہا ہےجس کی آہٹ سے ہی دلوں کی سختی پگھلنے لگتی ہے،جنت سنور جاتی ہے اور جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں۔
یہ وہ مہینہ ہےجس میں شیاطین جکڑ دیے جاتے ہیں کمزور ترین ایمان والے سست ترین مسلمان بھی اس مہینے اپنی طرف سے اللہ سے جڑنے ایمان کو مضبوط کرنے کی پوری کوشش میں رہتے ہیں، فرشتے ہر لمحہ بندوں کی نیکیوں کواللہ کے حضور لے کر جاتے ہیں۔
امام حسن بصریؒ فرماتے ہیں۔۔۔
رمضان وہ واحد مہینہ ہے جس میں بندے کا روزنامۂ اعمال آسمان تک بلند کیا جاتا ہے،اور کوئی نیکی—حتیٰ کہ اگر بہت چھوٹی ہو—اللہ کی نگاہ سے اوجھل نہیں رہتی۔اس مہینے کی تھکن بھی عبادت بن جاتی ہےکیونکہ ہم تھکتے بھی صرف اللہ کے لیے ہیں۔سحری کی خاموشی ہو یا افطاری کی دعا،
نماز کی حاضری ہو یا قرآن سے سرگوشی،ذکر کے چند لفظ ہوں یا آنکھوں سے بہنے والا آنسو—ہر عمل کا اجر کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے۔
رمضان صرف دن کے روزوں اور رات کی عبادتوں کا نام نہیں،یہ دلوں کی صفائی،نیتوں کی درستی ااور اللہ کی طرف نئی واپسی کا مہینہ ہے۔
حضرت عبداللہ بن مسعودؓ سے پوچھا گیا:
آپ لوگ رمضان کا استقبال کیسے کرتے تھے؟
فرمایا:
“ہم میں سے کوئی بھی ہلال دیکھنے کی جرأت نہیں کرتا تھا
جب تک اس کے دل میں کسی مسلمان بھائی کے لیے ذرّہ برابر کینہ باقی ہو۔”اسی لیے رمضان سے پہلےخود کے دل کے دروازے کھٹکھٹائیے۔۔
کہیں اندر کوئی رنج، کوئی شکوہ، کوئی بوجھ تو نہیں؟اگر ہے تو خاموشی سے اللہ کے لیے چھوڑ دیجیے،کیونکہ صاف دل کے ساتھ کی گئی عبادت
سیدھی آسمانوں تک پہنچتی ہے۔
رمضان سے پہلے دل کی تیاری ۔۔
دل کو ہلکا کریں، معاف کریں، اور جہاں ضرورت ہو عاجزی سے معذرت کر لیں۔
قرآن سے دوبارہ جڑیں، چاہے روز چند آیات ہی کیوں نہ ہوں۔
زبان کو ذکر کی عادت ڈالیں: استغفار، درود، صبح و شام کے اذکار۔
نوافل کی طرف لوٹیں—چاشت، اشراق، تہجد—جتنا بن پڑے۔
صدقہ دیں، اس نیت سے کہ اللہ دل کی میل دھو دے۔
نیت کر لیں کہ یہ رمضان صرف عبادت کا نہیں، تبدیلی کا ہوگا۔
رمضان سے پہلے دل سے اتار دینے والے بوجھ
کینہ، حسد اور بدگمانی۔
فضول باتیں، غیبت اور شکایت۔
موبائل اور سوشل میڈیا کی غیر ضروری مصروفیت۔
نماز میں کوتاہی اور قرآن سے دوری۔
دوسروں کی غلطیوں کو گننا—اور اپنی اصلاح کو بھول جانا۔
آئیے رمضان کا استقبال دل بدل کر کریں ۔۔۔۔۔یہ رمضان پچھلوں جیسا نہ ہو۔۔۔
ایسا ہو کہ:
ہم جب اس میں داخل ہوں تو دل نرم ہو،اور جب اس سے نکلیں تواللہ ہم سے راضی ہو چکا ہو۔اے اللہ! ہمیں رمضان تک پہنچا دے،
رمضان میں ہماری حفاظت فرمااور اسے ہم سے قبول فرما—قبولیتِ کامل کے ساتھ۔



































