
ام محمد
عبادات کو اُن کی روح کے ساتھ ادا کریں، محض رسم نہ بنائیں۔رمضان سجاوٹ، پکوان اورمصروفیت کا نہیں۔ دل کی اصلاح اور اللہ سے تعلق
مضبوط کرنے کا مہینہ ہے۔ یہ مہینہ ہمیں اسکرین کی چمک سے نکال کر سجدوں کی روشنی میں لاتا ہے۔ موبائل کی مصروفیت سے ہٹا کر قرآن کی صحبت میں بٹھاتا ہے۔
قرآن ہمیں یاد دلاتا ہے:
"يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا كُتِبَ عَلَيْكُمُ الصِّيَامُ… لَعَلَّكُمْ تَتَّقُونَ" (البقرہ 183)
یعنی روزے کا مقصد تقویٰ پیدا کرنا ہے، دل کی بیداری اور نفس کی تربیت۔اس مہینے میں کوشش ہو کہ غیر ضروری سوشل میڈیا اور موبائل سے فاصلہ رکھا جائے۔ وقت کو تلاوتِ قرآن میں بدلا جائے، کیونکہ قرآن ہی رمضان کا اصل پیغام ہے۔زبان کو ذکر و اذکار سے تر رکھا جائے — سبحان اللہ، الحمدللہ، استغفار۔
افطاری تک صرف کچن میں مصروف رہنے کے بجائے کچھ وقت دعا، مناجات اور گریہ و عاجزی کے لیے مخصوص کیا جائےکیونکہ یہ قبولیت کے لمحات ہوتے ہیں۔محمد صلی اللہ علیہ وسلم رمضان میں عبادت، تلاوت اور سخاوت میں غیر معمولی اضافہ فرما دیتے تھے۔
عبداللہ بن عباس بیان کرتے ہیں کہ آپ ﷺ رمضان میں تیز ہوا سے بھی زیادہ سخی ہو جاتے تھے (بخاری)۔
اور آپ ﷺ نے فرمایا: “جس نے جھوٹ اور برے عمل کو نہ چھوڑا، اللہ کو اس کے بھوکا پیاسا رہنے کی کوئی حاجت نہیں” (بخاری)۔
یعنی روزہ صرف بھوک پیاس کا نام نہیں، زبان، آنکھ اور دل کا بھی روزہ ہے۔
گھر کو سادہ انداز میں سجانا، دعاؤں کے پوسٹر لگانا، صفائی اور تیاری کرنا ،یہ سب جائز ہیں، اگر حد کے اندر ہوں اور نیت دکھاوے کی نہ ہو۔ مسئلہ سجاوٹ نہیں، اعتدال سے تجاوز ہے۔
قرآن فرماتا ہے ۔۔
"كُلُوا وَاشْرَبُوا وَلَا تُسْرِفُوا" (الأعراف 31)۔
کھاؤ، پیو مگر اسراف نہ کرو۔افطار سادہ ہو مگر دل کشادہ ہو۔ سوشل میڈیا پر نمائش کے بجائے پڑوسی، غریب رشتے دار اور ضرورت مند کو شامل کریں۔ رزق اللہ کی نعمت ہے، شکر ادا کریں اور ضائع نہ کریں۔ہر وہ کام جو دین کی بنیاد سے نہ ٹکراتا ہو اور جس کی ممانعت نہ ہو، اعتدال کے ساتھ کیا جا سکتا ہے کیونکہ دین ہمیں توازن سکھاتا ہے۔گھر سجائیں مگر دل کی خوشی کے لیے،موبائل کم اور قرآن زیادہ،کچن کم اور سجدہ زیادہ،باتیں کم اور ذکر زیادہ،رمضان منائیں مگر اس کی اصل روح کے ساتھ۔اللہ ہمیں اخلاص، خشوع و خضوع، اور اپنی رضا نصیب فرمائے۔آمین یا رب العالمین۔



































