
صبا احمد
معاشرے کے سیاہ چہرے جو انسانیت کے قاتل ہوتے ہیں ،وہ جنگل کا بھیڑیا ہو یا معاشرے کا مہذب شہری کے بھیس میں لگڑ بکڑ، پہچاننے میں غلطی تو ہو
جاتی ہے مگر انہیں آزاد نہیں چھوڑنا چاہیے ۔
اسی طرح دو لگڑ بگوں نے غربت کی ماری گاؤں سے آئی کام والی معصوم بچی جو ماڈل ٹاؤن کے بڑے گھروں کے چھوٹی سوچ کے مکینوں کے پاس گاؤں سے کام کرنے آئی تھی کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا، غریب والدین اپنی بچی بطور امانت چھوڑ گئے تھے مگر اس سولہ سترہ سال کی بچی سے دن رات گھر کا کام کرائے جاتے ، پورا سال بچی کام کرتی سال میں چند دنوں کے لیے والدین گھر لے کر جاتے ،وہ بچی کے آرام اور سکون اور خوشی کے دن تھے مگر قرضے میں دوبے والدین اس بچی سے محض مل کر واپس چلے جاتے تھے ۔
یہ ایک بچی کی کہانی نہیں سینکڑوں لڑکیوں کی کہانی ہے ۔
اسی طرح شادی کے لیے جہیز کا لالچ دے کر لاہور کی بیگمات بچیاں گھروں میں رکھ لیتی ہیں ،یوں کہیے انہیں غلام بنا کر رکھ لیتی ہیں ۔ وہ بھی تعلیم و تربیت سے اور دین سے ناآشنا ،نماز، قرآن شریف بھی پڑھنا نہیں جانتیں، بہاول پور، ڈیرہ غازی خان یا ملتان کے نواحی گاؤں کی یہ بچیاں مزدور طبقے سے ہوتی ہیں ۔ ان کو پیٹ بھر کر دو وقت کی روٹی مل جائے تن ڈھکنے کو کپڑا تو بڑی بات ہے ۔
بیچاریاں بس کام کی مشین بن جاتی ہیں ۔بچیاں زیادہ کام کرلیتی ہیں خواتین کی نسبت ،اس لیے انہیں گھروں میں چھوٹے بچے سنبھالنے کے لیے بھی رکھا جاتا ہے ۔بیگمات خود بیٹھ بیٹھ کر منوں وزن بڑھا لیتی ہیں ۔پھر جم کرتی ہیں۔ فیس بک پر اور برینڈ پر شاپنگ کے علاوہ کوئی کام نہیں ہوتا ،نہ بچوں کی تربیت کی فکر ہوتی، بس بچے کام والیوں کے سروں پر ڈال دیتی ہیں ۔یو ٹیوب دیکھ کر پنے والے والے بچے دین سے دور ہوجاتے ہیں اور ا ن میں اسلامی معاشرے کی جھلک کہیں نہیں نظرآتی ،نہ شرم و حیا ہوتی ، عزت کرنے کی تمیز نہ حرام و حلال کا پتا ۔۔۔
بچی کے والدین نے بھی پیسے سمیٹے کیلئے بچی کی قدر نہیں کی، چھ سات بچے پید اکرکے انہیں کاموں پر ڈال دیتے ہیں یا کوئی بیٹی ہو تو اسے ادھیڑ عمر کے مردوں کو بیچ کر چند دن عیش کرتے ہیں ۔جب چھوٹے بچے( لڑکے ) بڑے ہوتے ہیں تو ان کو کام کے لیے بھیج دیتے ہیں ۔
اس بچی کے ساتھ گھر کی مالکن کے بگڑے بیٹے نے زیادتی کی بعد میں ڈرائیور بھی ڈرا نے، دھمکانے لگ گیا اوراس نے بھی فعل بد کیا ،یہ گھناونا کھیل 5 ماہ تک چلتا رہا ، بچی کی طبعیت خراب ہوئی تو اسے ہسپتال لے جایا گیا ۔معلوم ہوا کہ بچی حاملہ ہے ۔ معصوم بچی کا مردہ بچے کے ساتھ ابارشن کراویا جارہا تھا کہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔ مالکن نے تو پیسے دے کر بات دبا دینی تھی۔ شیطان صفت بیٹے کو بچا لینا تھا مگر یہ خبر سوشل میڈیا کے ذریعے وائرل ہوئی اور ان کا ظلم دنیا کے سامنے آشکار ہوگیا ۔
اب دونوں مجرموں کو سخت سزا دینی چاہیے، سرے عام سزا قتل کا بدلہ قتل ہو گا تو انصاف ہوگا ۔قرآن میں ہے "قصاص میں زندگی ہے ".
تو سچ ہے اللہ تعالیٰ کے قوانین ہی سچے پکے اور درست ہیں ۔ان امیروں کو پیسے کے بل بوتے پر برائی کو دبانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ یہ ہر ذمہ دار پاکستانی شہری اور عورت کا فرض ہے۔
ظالموں او ر ظلم کے خلاف بولیں لکھیں اور ایسے خاندانوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جائے جہاں مردوں کو شطربے مہار کی مانند چھوڑ دیا جاتا ہے ، ایسے مردوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے جو لڑکیوں کی معصومیت سے کھیلتے ہیں ۔


































