
رضی الدین سید
اگر آپ اپنے ۸۰ سالہ والد یا والدہ،(یا اوراوپر چلےجائیں تودادا یا نانی )کی کوئی تحریرپڑھیں،بشرطیکہ انہوں نےکوئی تحریرچھوڑی بھی ہو،اوروہ کم
از کم آٹھویں پاس رہےہوں،توآپ دیکھیں گے/ دیکھیں گی کہ اس دورکےیہ بزرگ،عام تحریریں اورخطوط بھی حیر ت انگیز طورپرعمدہ اورادبی طرزکے لکھا کرتے تھے۔ ان کے قلم سے ادا شدہ تین چار جملے پڑھ کرہی ہمیں اورآپ کوادبی چاشنی کی جھلک محسوس ہونے لگے گی۔ محسوس ہوگا جیسے وہ گنگا جمنی اردو بول رہے ہوں،جیسے میر تقی میر کی شاعری کررہے ہیں،جیسےعمدہ کتاب کا کوئی ورق پڑھ رہے ہوں!۔
مثلاََ میر ے والدکے ایک خط کی یہ سطور ملاحظہ ہوں۔’’دن کی گرمی نے دماغ کی صلاحیتیں جلاکر ناکارہ کردی ہیں۔بارے اس وقت آنکھ کھلی تو طبعیت کو موزوں پایا اور یہ چند سطور نوکِ قلم سے آپ کی سمع خراشی کے لئے ٹپک پڑیں‘‘۔واضح رہے کہ والد تقسیم ہند کے پہلے کے میٹر ک پاس تھے ،اگرچہ کہ عمر اور تجربے کے باعث اہم ذمے داریو ں پر فائز رہے۔ اس انداز کی تحریر ی صفت محض اس دور کے مردوں ہی میں نہیں،خواتین میں بھی پائی جاتی تھی۔تحریر یں کیا ہوتی تھیں، چاشنی میں رچی ہوتی تھیں۔ اورمعاملہ صرف تحریر وںہی کانہیں ، ان کی زبانی گفتگوؤں کا بھی یہی تھا۔ بول چال سنیں تو لگےگا جیسے وہ بالکل شائستہ اردو بول رہے( یابو ل رہی) ہیں۔ جبکہ اِدھر َادھیڑ عمر تک کے لوگوں کی بول چال ،تحریر سنیں یا پڑھیں، تو لگتا ہی نہیں ہے کہ وہ اردو سے واقف ہیں،یا اردو ان کے گھر کی زبان ہے!۔
سوسوال پید اہو تا ہےکہ ہمارے مرحوم یا بقید ِحیا ت بزرگوں کی تحریروں میں ایساجادوکیوں پایا جاتاتھاکہ باتیں یاتحریرسن پڑھ کر لوگ آج بھی بےساختہ داد دینےپرمجبور ہوتے ہیں ؟۔ ایک ہی وجہ !۔اس دور تک (جو ہندو پاک میں صدیو ں تک چلتا رہاہے)، تعلیم مشرقی انداز سے دی جاتی تھی،منشی وفاضل کا نصاب پڑھایا جاتا تھا،شیخ سعدی کی گلستان وبوستان مطالعے میں رکھی جاتی تھی ،زبان کی صفائی ستھرائی کواولیت دی جاتی تھی، برے اورگھٹیا الفاظ سے طلبہ کو دور رکھا جاتا تھا، اور’’اخلاق ِکریمہ وصفات ِجمیلہ‘‘ پرہی تمام تر زوردیا جاتا تھا۔فارسی اورعربی زبانوںکا چلنعام تھا کیونکہ انہی زبانوںمیں ادب و شاعری کی روح بسی ہوئی نظرآتی تھی ۔نیزمافی الضمیر بیا ن کرنے کی وسعت بھی ان میں بہت زیا دہ پائی جاتی ہے اور وہ اردوزبان کی ماں بھی گردانی جاتی ہیں۔
ظاہر ہے کہ جب تعلیم و ادب پر اس قدر زیا دہ توجہ دی جائے،ایما ن،اخلاق،اورزبان پرتمام ترتوجہ مرکوز کی جائے،توبولنے والوں کی زبانو ں پر شیر ینی کیو ں نہ از خود گھلنے لگے گااور گفتگو و تحریرمیں ادب و غزل کا رنگ کیو ں نہ از خود جھلکنے لگے گا؟ ۔وہ رنگ جسے سن اوردیکھ کر لوگ بے اختیا ر پکار اٹھیں کہ’’دیکھنا تقریر کی لذت کہ جو اس نے کہا ۔۔۔میں نے جانا کہ گویا وہ بھی میر ے دل میں ہے‘‘ ۔جیسے لکھی ہوئی کوئی کتاب ہو ، طبع شدہ کوئی غزل ہو،اور دداداا دادی یا نانا نانی کی زبان سے بیان ہورہی ہے۔اگرچہ کہ وہ لوگ تب محض آٹھویں جماعت یا میٹرک پاس ہی ہوا کریں!
زمانہ بدلا ،ماحول بدلا، اخلاق و تہذیب کے چولے بدلے،اور تعلیمی نصابات میں ترجیح کے معیا رات تبدیل ہوئے ، تو بات یہا ں تک پہنچی کہ خوبصورت وپرکشش جملوں کا تو سوال ہی کیا ،کہنے والوںکا خود منہ بھی ٹیڑ ھا ہوا!۔ بقول شاعر کہ ’’خبرلیجے،دہن بگڑا‘‘۔
عمدہ الفاظ تو منہ سے کیا ادا ہوں، سوال بلکہ یہ پیدا ہوگیا کہ ’’ا ٓیا صاحب ِبیا ن ‘‘کواردو بھی صحیح آتی ہے یا نہیں؟۔پھر تو ’س ‘اور’ش‘ کا تلفظ بھی غلط ہوا اور ’مد ‘و’ ہمزہ ‘کی ادائیگی بھی اجنبی ٹھہری!۔ چنانچہ ایسی صورت میں اب کوئی مضمون کیا لکھے؟ ، لکھے بھی توکیسےلکھے؟،اور زبان سے پھول جھڑیں بھی تو کیو ں کر جھڑیں ؟
بقول شاعرکہ
بنے کیو ں کر کہ ہے سب کار الٹا
ہم الٹے ، بات الٹی ، یا ر الٹا
مضمون نگاری تو وہ فن ہے جس سے انسان کے درجے بڑھتے ہیں اورجو اسے کچھ کا کچھ بنادیتا ہے! ۔مگر خودیہ فن کیسے آئے؟یہ بھی ایک سوال ہے ۔سو بہت کچھ تواس وجہ سے کہ اللہ تعالیٰ نے اس کے جرثومے بعض انسان میں قدرتی طور پرڈالے ہیں۔ اور کچھ اس وجہ سے کہ مشق در مشق کرنے سے مضمون نگار انہیں ذہن میں خود ہی جنم دے لیتا ہے ، ۔ جو جتنی مشق کرے گا ، سمندر کا وہ اتناہی شناور ہوگا۔مگر مشق کے بھی کچھ خاص پہلو ہوتے ہیں،مطالعہ جن میں سر فہرست ہے۔ مطالعہ زبان وبیا ن میں حسن پید اکرتاہے ،بولنے والے کی بات کو مدلل بناتاہے، دنیا جہان کی گھر بیٹھے سیر کرواتا ہے،اور لوگوں کوخود پر داد دینے پرآمادہ کرواتا ہے۔وہمضمون نگارجو اپناما فی الضمیر سات آٹھ سطرو ں میں پھیلا کربیا ن کرتا ہے ،منجھا ہوامضمون نگار اسی بیا ن کو محض دو یا تین سطروں میں بحسن و خوبی سمودیتا ہے ْ۔حالی کا یہ جملہ کس قدر خوبصور ت ہے کہ (غالب کے بیا ن و زبان کو سن کر بہت سے لوگ )’’بت بن جاتے تھے جاتے تھے ۔اور بت بننے والے سر ہلانے لگتے تھے‘‘ ۔
کسی پر طنز کرنا ہو یا کسی کی ستائش مقصود ہو، زبان وبیا ن اسےادائیگی کاسلیقہ سکھادیتے ہیں!اسی صاحب طرزادیب کا یہ قول ِ فیصل کتنی اہمیت رکھتا ہے کہ ’’اگرمیں دو دن مطالعہ نہ کروں توتیسر ے دن میری گفتگو میں پھیکا پن آجاتاہے‘‘ ۔ یہ ہے مطالعے کی وہ قوت جس پر ہم یہا ںزور دینا چاہتے ہیں!۔ لیکن آج ہم جو کچھ یہا ں دیکھ رہے ہیں، وہ اس کے سوااور کیا ہے کہ چھوٹوں اور بڑوںمیںمطالعے کا رجحان افسوس ناک طور پر دم توڑتا جارہا ہے جبکہ اخلاق و تہذیب کا دامن ہاتھ سے نکلتا جارہاہے ۔ بدزبانی اور گالم گلوچ عام ہورہی ہے،اور پوری قوم بداخلاقی کے مجسمے میں ڈھلی نظر آتی ہے ،اگرچہ کہ لوگ اب پہلے سے بھی کہیں زیادہ ’’عالم‘‘ اور ’’فاضل‘‘ بن چکے ہیں۔کل کی نسبت بھاری بھاری ڈگریا ں آج ان کے ہاتھوں میں ہیں! ۔گویا ’’گھٹ گئے انساں ،بڑھ گئے سائے‘‘ہیں!
مطالعہ کریں آپ قرآن مجیدکا!،مطالعہ کریں آپ شعرو شاعری کا!۔ گیتو ںاورآپ بیتیو ں کا!۔سائنس وکائنات کا۔اوربیرونی سفرناموں کا!جس قدربھی آپ اپنے مطالعے کو بڑھائیںگے ، اپنی تحریر کو اسی قدر ادبی رنگ ،چاشنی ،اور دلائل سے مزیّن کریں گے۔ایک عام گفتگو جوپھسپسی ہوتی ہے ، بامطالعہ گفتگو اسی میں وزن ڈالتی ہے جس کے آگے لوگ خود کوسر جھکا نے پر مجبور پاتے ہیں۔ مطالعے کی وسعت سے انسان کو اپنی بات موئثر انداز سے کہنے کافن آنے لگتا ہےجس کے بعدوہ اپنی قدر وقیمت کچھ اوربڑھالیتا ہے۔
یہ سوال کہ مطالعہ کی یہ خصوصیت کیا محض نثر کےساتھ وابستہ ہے؟،تو جواب یہ ہےکہ ’’ نہیں،بلکہ شاعری کی راہ اختیا ر کرنےوالےپربھی س کا اطلاق لازمی ہے۔ اچھا شعر کیسے کہا جائے،پراثرغزل کیو ں کراداکی جائے؟،اس کےلئےقدیم اساتذہ کےدیوانوں کامطالعہ ازبس ضروری ہے ۔
مضمون نگاری کاایک اورناگزیرعنصرادیبوں اورشاعروں کی صحبت بھی ہے۔جوفردجس صاحب طرزادیب و شاعرکےساتھ اپنی وابستگی طے کرے گا، اپنی تحریر ی صلاحیتو ں کو وہ اسی قدر جِلا دے سکے گا۔ کیو نکہ استاد اسےرہنمائی دے گا،اس کےعام الفاظ کوحسین الفاظ میں تبدیل کرے گا،اور اس کے عین غین کی ادائیگی کو ایک نیا رنگ دے گا۔
مضمون نگار اپنی تحریر سےمعاشرے کی اصلاح کا کام لے سکتا ہے،لوگوں کونئی جہتوں سےروشناس کرسکتا ہے،اخلاقی قدروں کی آبیا ری کرسکتا ہے، حکمرانوں کو درستگی کی جانب متوجہ کرسکتا ہے۔یاچاہے تو منفی کردار ادا کرکے معاشرے میںبگاڑ پید ا کرسکتا ہے،بغاوت کو جنم دے سکتا ہے،اور لوگوں کوجہالت کے اندھیروں میں ڈبوسکتاہے۔مصنف پر بہت بھاری ذمے داری عائدہوتی ہے۔ اس کا مذہب ،اس کا اخلاق ،اس کے وطن کی مٹی،اس سے بہت کچھ تقاضا کرتی ہے۔ سب کے سب اس سے اپنا حق مانگتے،انصاف طلب کرتے ہیں۔
مصنف وہ خوش نصیب فردہے جس کے پاس قلم کی قوت ہےجس سےوہ مثبت و مفید کام لیتا ہے ۔ بدنصیب ہے وہ شخص جو ان سب تقاضوں سے بغاوت کرتااور باغیا نہ خیا لات کی ترویج کرتا ہے۔ قلم دراصل ہتھیا ر ہے جسے یا تو کوئی اندھادھنداستعمال کرلے یا اس پر مثبت طور پر قابو پالے۔ہرایک ا ستعمال کا اپنا اثر ہوتاہے۔ فارسی کا معروف مصرعہ ہے کہ’’قلم گوید کہ من شاہِ جہانم‘‘۔قلم کا دعویٰ ہے کہ’’ دنیا کی اصل بادشاہت اسی کے پاس ہے‘‘۔ ہر جگہ اسی کی روانی ہے اورہر جگہ اسی کی سلطنت ہے!۔ کاغذ کے چھوٹے سے پرزے پر کسی کے قلم سے مختصر دستخط بھی کسی حکومت کوزیر و زبر ،اوراشخاص کو پست و بالا کرسکتی ہے۔ تو’’کوئی اندازہ کر سکتا ہے اس کے زورِ قوت کا‘‘! ۔



































