
رضی الدین سید
سید ابوالاعلی مودودی، دنیا کی سب سےشریف شخصیت جس نےزندگی میں نہ جانےکن کن حلقوں سےکیسی کیسی گالیاں اوردشنام نہ سنےمگرجوکچھ
سنا، بہت تحمل کےساتھ سنا اورکسی کوپلٹ کرجواب نہ دیا۔کہا تویہی کہاکہ میں یہ سارے الزامات اللہ تعالی کےدربارمیں پیش کروں گا۔
ایک ایسی بڑی بات جسےسن اورسوچ کرآج بھی جھرجھری آجاتی ہے،اس کی مخالفت میں دینداروں نےبھی موٹی موٹی کتابیں لکھیں،لگتا تھاجیسے سید مودودی رح کی آمد سے ان کےچراغ گل ہونےلگے ہیں۔وہ شخصیت جس نے اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی خاطر عمربھر نہ جانے کتنی بار قیدو بند کی سزائیں بھگتیں حتی کہ پھانسی کے پھندے تک کی سزا خوشی سے برداشت کی۔ لیکن صاف صاف کہا کہ میں کسی سے بھی رحم کی اپیل نہیں کروں گا۔
" اگر اللہ نےمیری قسمت میں موت نہیں لکھی ہےتویہ لوگ سب الٹےلٹک جائیں،مجھےنہیں لٹکاسکتے"۔انہوں نے کہا، موت کےلمحات کی کشاکش میں بھی اس بیان میں بلا کا اعتماد اورجادو کا زور تھا۔
وہ سب کچھ سنتا اور سہتارہامگر اپنا راستہ بالکل بھی کھوٹا نہیں کیا۔کون ساموضوع ہےجس پراس نےقلم نہیں اٹھایا؟اورجولکھا،مدلل اورسہل لکھا۔ ایسا کہ آڑے ترچھےسب ہی کےدلوں کو موم کرتا چلا گیا۔ لوگ اس کی کتابیں پڑھ کر بولنا بھول جاتے تھے،اسیرہوجاتے تھے۔
آج کی دنیا کا وہی واحد فرد تھا جس نے کروڑوں نوجوانوں کےدلوں اورخیالات تک کو تبدیل کردیا تھا۔ اسلامی انقلاب کی خاطر اس نے ان کے دلوں سے موت کا خوف تک بھی نکال باہر کیا تھا۔ نوجوانوں کو تبدیل کرنا کوئی آسان کام نہیں ہوتا۔ یہ کام بس فرشتے ہی کرسکتے ہیں اور یقینا ًوہ آج کی دنیا کا فرشتہ ہی تھا۔
ہاں مگر وہ شخص اپنی پاک زندگی پوری کرکے اپنے رب کے پاس واپس پلٹ گیا۔ ہاں مگر۔۔۔۔۔وہ شخص اب "یاں"نہیں ملے گا۔



































