
بنت اسماعیل
ہر طرف جماعتِ اسلامی کے دھرنے کی بات ہو رہی ہے۔ عوام کی ایک بڑی تعداد اس بات پر مطمئن اور پُرامید نظر آ رہی ہے کہ کوئی تو ہے جو ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی
اور ظلم کے خلاف آواز بلند کر رہا ہے، ورنہ تو حکمران طبقہ اقتدار کی کرسی پر صرف اپنے مفادات کی تکمیل اور اپنی جیبیں بھرنے کے لیے براجمان ہے۔
دن بہ دن بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ ہر شخص کے چہرے پر پریشانی کی داستان نمایاں ہے۔ پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور مہنگائی کے مسلسل طوفان نے ہر گھر کا بجٹ درہم برہم کر دیا ہے۔ عام آدمی کے لیے گھر کا نظام چلانا مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے حکمرانوں میں بے حسی کی انتہا ہو چکی ہے اور ان میں انسانیت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔
پٹرول کی قیمت میں معمولی سا اضافہ بھی عوام پر مہنگائی کا ایک نیا بوجھ بن کر گرتا ہے۔ اس کے نتیجے میں اشیائے خورد و نوش سے لے کر سفری اخراجات تک ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے۔ عوام کی ایک بڑی تعداد تو جیسے مسکرانا ہی بھول گئی ہے۔ ہر گھر میں پریشانی، فکر اور معاشی دباؤ کی کیفیت ہے۔
ایسے مشکل حالات میں جب عوام خود کو بے یار و مددگار محسوس کر رہی ہے۔
جماعتِ اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن صاحب عوام کی آواز بن کر میدان میں اترے ہیں ۔ وہ پٹرول لیوی، بھتہ ٹیکس کی ظالمانہ وصولی اور آئی پی پیز جیسے عوام دشمن معاہدوں اور عوام پر بڑھتے ہوئے معاشی بوجھ کے خلاف دھرنے دے رہے ہیں۔ عوام کو ریلیف دلانے کے لیے وہ مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں اور سڑکوں پر نکل کر اپنے مطالبات پیش کر رہے ہیں۔
ملک میں مہنگائی کی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے، لیکن افسوس کہ عوام کی بار بار کی فریاد بھی حکمرانوں کے دلوں کو نرم کرتی دکھائی نہیں دیتی۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے ان کے دل پتھر کے ہو چکے ہیں۔ انہیں عوام کی مشکلات دکھائی نہیں دیتیں، یا شاید اقتدار اور مراعات کی چمک نے ان کی آنکھوں پر ایسی پٹی باندھ دی ہے جس کے باعث انہیں غریب، مزدور، سفید پوش اور متوسط طبقے کی پریشانیاں نظر نہیں آتیں۔
یہ مہنگائی صرف کسی ایک طبقے کا مسئلہ نہیں رہی بلکہ معاشرے کے ہر طبقے کو متاثر کر رہی ہے۔ مزدور، تاجر، ملازم، طلبہ اور گھریلو خواتین، سب اس معاشی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایسے حالات میں خاموش رہنے کی بجائے حق اور انصاف کے لیے آواز اٹھانا اور مظلوم و مجبور عوام کا ساتھ دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
حافظ صاحب نے انفاق فی سبیل اللہ کی اپیل کی ہے۔ یہ دراصل ہمیں اس بات کی یاد دہانی کراتی ہے کہ حق کی جدوجہد میں مالی تعاون بھی کس قدر اہمیت کا حامل ہے۔ ہمیں ظلم کے خلاف اس جدوجہد میں اپنی استطاعت کے مطابق حصہ ڈالنا ہے۔
اللہ تعالی نے قران پاک میں فرمایا: ۔
"جو لوگ اپنے مال اللہ کی راہ میں خرچ کرتے ہیں، ان کے خرچ کی مثال ایسی ہے جیسے ایک دانہ بویا جائے۔ جس سے سات بالیں نکلیں اور ہر بالی میں سو دانے ہوں اسی طرح اللہ جس کے عمل کو چاہتا ہے بڑھا دیتا ہے۔ اور اللہ فراخ دست بھی ہے اور علیم بھی۔" (سورۃ البقرہ: 261)۔
یہ آیت ہمیں یقین دلاتی ہے کہ اللہ کی راہ میں خرچ کیا ہوا مال ضائع نہیں ہوتا۔ اللہ تعالیٰ اسے کئی گنا بڑھا کر واپس عطا فرماتا ہے۔
آیئے ہم کھلے دل اور کھلے ہاتھ سے اس جدوجہد کا حصہ بنیں۔ قدم بڑھائیےکیونکہ حق کی راہ میں اٹھایا گیا ،ہر قدم اللہ کے ہاں محفوظ ہے۔ آج اگر ہم ظلم کے خلاف کھڑے ہوں گے تو امید ہے کہ روز قیامت ہمارا نام بھی راہ حق کے مجاہدوں میں لکھا جائے گا۔ان شاءاللہ



































