
سعدیہ یاسمین
کھوں کھوں کھوں۔۔۔۔ السلام کھوں کھوں علیکم امی کھوں کھوں۔۔۔۔
وعلیکم اسلام ورحمتہ اللّٰہ آگیا میرا بیٹا۔ کھوں کھوں ۔۔جی امی ۔۔۔کھوں کھوں۔۔ آج بہت دیر ہو گئی۔۔۔ کھوں کھوں۔۔۔ راستے بند تھے۔ کھوں کھوں۔۔۔۔ بڑی مشکل سے کھوں کھوں۔۔۔ گھوم گھوم کر کھوں کھوں۔۔۔۔ آیا ہوں۔
تمیاری کھانسی تو بڑھتی جا رہی ہے۔ کل کالج سے چھٹی کرو کسی اور ڈاکٹر کے پاس لے کر جاتی ہوں۔ دیکھو بھلا بات کرنا مشکل ہو گیا ہے۔
نہیں امی کھوں کھوں ۔۔۔مجھے نہیں جانا کسی ڈاکٹر کے پاس۔ کیا فائدہ دو دن آرام رہے گا پھر سے یہی حال ہو جائے گا۔ یہ ایک مکمل جملہ بولنے کے دوران ہی کاشف کا کھانس کھانس کر برا حال ہو گیا۔
کیوں ویسا ہی حال دوبارہ ہوگا؟ اچھے سے ڈاکٹر سے دوائی لیں گے تاکہ دوبارہ نہ ہو۔ سامیہ نے بیٹے کی طرف فکر مندی سے دیکھتے ہوئے کہا۔
امی باہر کے حالات نہیں دیکھ رہیں جگہ جگہ کوڑا کرکٹ بکھرا پڑا ہے ۔۔ زرا سی بارش ہوتی نہیں گٹر ابل ابل کر باہر آ جاتے ہیں۔ ایسے میں بیماریاں نہیں پھیلیں گی تو کیا ہوگا۔ ۔۔۔۔ کاشف بھی کھانس کھانس کر نڈھال ہو چکا تھا۔
سامیہ بھی کاشف کی طرف دیکھ کر رہ گئیں کہ وہ بلکل صحیح کہہ رہا تھا۔ اس گندگی سے پھوٹنے والی بیماریوں کا علاج کروا کروا کر بھی آرام نہیں آتا۔ اس شہر کے باسی اب ایسی ہی زندگی گزارنے کے قابل رہ گئے۔
فائزہ لکڑیوں کے چولہے پر کھانا بنا کر اپنا سانس بحال کر رہی تھی کیوں کہ گیس بنا شیڈول کے کئی کئی گھنٹے غائب اور لکڑیوں کے دھوئیں سے فائزہ کی طبیعت الگ بری ہو جاتی ۔ابھی وہ کمرے میں آ کر بیٹھی ہی تھی کہ دروازہ بجنے کی آواز آئی ۔کون ہے۔۔؟
ارے فائزہ میں ہوں فہمیدہ۔ فائزہ نے دروازہ کھولا اور فہمیدہ کو اندر آنے کا کہا۔ نہیں فائزہ میں اندر نہیں آؤں گی ،بس جلدی میں ہوں ایک بری خبر سنانے آئی تھی۔ پچھلی گلی والی شازیہ کا چھوٹا بیٹا گٹر میں گر گیا، ابھی تک ملا نہیں۔ میں وہاں ہی جا رہی تھی تو سوچا تمہیں بھی بتا دوں اگر چلنا ہے تو۔۔؟ ہاں ہاں ضرور میں بھی ساتھ چلتی ہوں اس وقت شازیہ کو حوصلہ دینے کی ضرورت ہے۔
وہ دونوں شازیہ کے گھر پہنچی تو وہاں پہلے سے محلے کی کافی خواتین جمع تھیں، شازیہ کی حالت بہت خراب ہو رہی تھی۔ وہ بار بار بے ہوش ہو رہی تھی۔
یا اللہ اس شہر کا کیا ہوگا۔ آئے دن کسی نہ کسی کا لخت جگر ایسے ہی کبھی گٹروں میں کبھی کرنٹ لگنے سے تو کبھی گندگی سے پھوٹنے والی وبائی بیماریوں کا شکار ہو جاتا ہے۔ محلے کی ایک خاتون نے با آواز بلند تبصرہ کیا۔ یہ شہر تو یتیم ہی ہو گیا ہے۔ نہ اس کا کوئی والی وارث ہے اور نہ کوئی خیر خواہ۔ ایک اور خاتون نے بھی ان کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا۔
لوگ آتے ہیں اور ووٹ لے کر ایسے غائب ہو جاتے ہیں جیسے ان کا وجود ہی نہیں۔ جھوٹے دعوے اور وعدے کر کے عوام کو بے وقوف بناتے ہیں اور پھر اپنے بڑے بڑے شاندار محلوں میں مقید ہو جاتے ہیں۔ فہمیدہ بھی اپنے آنسو پونچھتے ہوئے بولیں۔ وہاں موجود ہر خاتون کے پاس اپنے کسی پیارے کا دکھ تھا۔
راشدہ کا شوہر جو گھر کا اکیلا کمانے والا تھا۔ بارش کی وجہ سے ٹوٹنے والے پل کے نیچے آ کر مر گیا لیکن کسی نے اس کی داد رسی نہیں کی۔
اگلے دن آسمان پر کالے بادل ایسے چھائے ہوئے تھے جیسے کسی نے شہر کو اندھیرے میں لپیٹ دیا ہو۔ تیز ہوائیں چل رہی تھیں اور کچھ ہی دیر میں موسلا دھار بارش شروع ہو گئی۔علی اپنی چھوٹی سی دکان بند کر کے گھر جانے کی فکر میں تھا, جیسے ہی وہ باہر نکلا، سڑک پر پانی تیزی سے جمع ہونا شروع ہو چکا تھا۔ چند ہی منٹوں میں گلیاں ندیوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ رکشے، موٹر سائیکلیں، حتیٰ کہ گاڑیاں بھی پانی میں پھنسنے لگیں۔
“یہ ہر سال کا مسئلہ ہے مگر کوئی حل نہی۔۔۔” علی نے خود سے بڑبڑاتے ہوئے کہا۔
وہ مشکل سے قدم اٹھاتا ہوا گھر کی طرف بڑھ رہا تھا۔ ہر طرف اندھیرا تھا کیونکہ بجلی جا چکی تھی۔ پانی گھٹنوں سے اوپر ہو چکا تھا اور گٹر کا پانی سڑکوں پر پھیل کر بدبو پھیلا رہا تھا۔ اچانک اس کا پاؤں کسی کھلے مین ہول کے قریب پھسلامگر وہ بمشکل سنبھل گیا۔دوسری طرف، اس کی بیوی زینب گھر میں پریشان بیٹھی تھی۔ چھت ٹپک رہی تھی اور کمرے میں پانی داخل ہو چکا تھا۔ بچے ایک کونے میں سمٹے ہوئے تھے، ڈرے ہوئے، بھوکے اور بے چین۔
امی، ابو کب آئیں گے؟” چھوٹے بیٹے نے لرزتی آواز میں پوچھا۔
زینب نے اسے سینے سے لگاتے ہوئے کہا، “بس بیٹا، آ جائیں گے… اللہ خیر کرے گا۔”
مگر حقیقت یہ تھی کہ ہر بارش کے ساتھ ان کی آزمائش بڑھ جاتی تھی۔ نہ نکاسی آب کا صحیح نظام، نہ سڑکوں کی حالت بہتر، نہ ہی کسی کو ان کی فکر۔ ہر سال وعدے کیے جاتے، مگر حالات ویسے ہی رہتے۔
علی جب گھر پہنچا تو گھر کی حالت دیکھ کر بے بسی سے آنکھوں میں آنسو آگئے۔ گھر میں جو تھوڑا بہت سامان اور فرنیچر کے نام پر بستر تھے وہ بارش کے پانی میں غوطہ زن تھے۔ بچے ایک کونے میں سہمے ہوئے بھیگے ہوئے بیٹھے تھے۔ اس نے بچوں کو گلے لگایا اور تھکے ہوئے لہجے میں کہا، “ہم ٹھیک ہیں، بس یہی کافی ہے…”
مگر دل کے اندر ایک سوال بار بار گونج رہا تھا: “آخر کب تک؟”
کراچی، جو کبھی روشنیوں کا شہر کہلاتا تھا، اب اندھیروں کا شہر بن چکا تھا۔ بارش صرف پانی نہیں لاتی بلکہ ساتھ بے بسی، خوف اور محرومی بھی لے آتی ہے۔ اور افسوس کی بات تو یہ ہے کہ اس شہر کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔
کہانی یہاں ختم نہیں ہوتی… کیونکہ اگلی بارش پھر آئے گی۔۔۔



































