
درشہوار فرقان/ کراچی
روزہ صرف ایک مذہبی عبادت نہیں بلکہ انسانی صحت، جسمانی توازن اور ذہنی سکون
کے لیے گہرے اثرات رکھتا ہے۔ روزہ مختلف مذاہب اور ثقافتوں میں کسی نہ کسی صورت میں پایا جاتا ہے ،تاہم اسلام میں روزہ ایک مکمل نظام کے تحت فرض کیا گیا ہے۔ حالیہ برسوں میں میڈیکل اور بائیولوجیکل سائنسز نے روزے کے اثرات پر تفصیلی مطالعہ کیا ہے جن میں نظام انہضام، قوت مدافعت، دماغی صحت اور خلیاتی صفائی جیسے اہم پہلو شامل ہیں۔ جدید سائنس نے یہ تسلیم کیا ہے کہ وقفے وقفےسے بھوکا رہنا انٹرمیڈنٹ فاسٹنگ انسانی صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے جو اسلامی روزے سے مماثلت رکھتا ہے ،قرآن مجید میں روزے کو تقویٰ کے حصول کا ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔ قرآن مجید میں روزہ صوم کا ذکر کئی مقامات یعنی سورہ بقرہ، سورہ نساء، سورہ مائدہ، سورہ مجادلہ اور سورہ مریم میں آیا ہے ۔سائنسدان اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ روزہ قوت ارادی کو مضبوط کرتا ہے جو انسانی صحت پر گہرے مثبت اثرات مرتب کرتا ہے ۔روزہ صرف جسمانی صفائی نہیں بلکہ روح کو تازہ کرنے کے لیے بہت ضروری ہے۔
روزے کے جسمانی فوائد
وزن میں کمی
روزے کے دوران جسم اضافی چربی کو توانائی میں تبدیل کرتا ہے جس سے موٹاپے میں کمی آتی ہے اور جسم متوازن رہتا ہے۔
نظام انہضام کوآرام
روزہ رکھنے سے معدہ اور آنتوں کو آرام ملتا ہے ۔مسلسل کھانے پینے سے جو دباؤ نظام انہظام پر پڑتا ہے روزہ اس کوکم کرتا ہے اور ہاضمہ بہتر بناتا ہے۔
شوگر لیول میں توازن
تحقیق کے مطابق روزہ خون میں گلوکوز کی سطح کو قابو میں رکھتا ہے اور انسولین کی حساسیت بہتر بناتا ہے جو ذیا بطیس سے بچاؤ میں مددگار ہے۔
دل کی صحت پر اثرات
روزہ رکھنے سے کولیسٹرول اور ٹرائی گلئسرائڈ کی مقدار کم ہوتی ہے، بشرطیکہ روزہ افطار میں تلی ہوئی چیزوں سے پرہیز کیا جائے روزہ دل کی بیماریوں
میں بھی کمی کرتا ہے۔
بلڈ پریشر میں کمی
روزہ بلڈ پریشر کو متوازن رکھتا ہے خاص طور پر ہائی بلڈ پریشر کے مریض طبیب کے نسخے کے مطابق ادویات اور متوازن غذا استعمال کریں تو روزے میں بلڈ پریشر نارمل کیا جا سکتا ہے۔
فاسد مادوں کا اخراج
روزہ جسم میں جمع ہونے والے فاسد مادوں ٹاکسن کو خارج کرنے میں مدد دیتا ہے۔ جس سے جسم صاف اور ہلکا محسوس ہوتا ہے۔
قوت مدافعت میں اضافہ
روزے سے جسم کا مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے اور خون کے سفید خلیات بہتر انداز میں بیماریوں کے خلاف کام کرتے ہیں۔
خلیاتی صفائی
روزہ رکھنے سے جسم میں موجود اٹو فیجی متحرک ہو جاتا ہے جس میں جسم پرانے اور مردہ خلیات کو ختم کرتا ہے اور نئے صحت مند خلیات بناتا ہے ۔یہ دریافت جدید میڈیکل سائنس کی اہم پیشرفت ہے اس میں کینسر اور اعصابی بیماریوں کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔
ذہنی اور نفسیاتی اثرات
تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ روزہ ذہنی یکسوئی اور دماغی صحت کے لیے مفید ہے۔ روزہ ذہنی دباؤ میں کمی کرتا ہے اور یادداشت بہتر کرتا ہے ۔اس کے علاوہ انسانی نفسانی خواہشات کو بھی کم کرتا ہےجبکہ صبر برداشت اور تقوی ٰپیدا کرتا ہے ماہر نفسیات کے مطابق روزہ انسان میں نظم و ضبط اور مثبت سوچ کو فروغ دیتا ہے۔
روزہ ایک روحانی عبادت ہی نہیں بلکہ قدرتی علاج بھی ہے جو جسمانی صحت کو بہتر بناتا ہے۔ گاہ باگاہے روزہ رکھنے سے نہ صرف جسم سے ٹاکسن نکل جاتے ہیں بلکہ جسم میں موجود بیماری پیدا کرنے والے جرثومے ، بیٹھے ہوتے ہیں ان کو غذائی اجزاء نہیں ملتے اور ان کی تعداد میں کمی واقع ہو جاتی ہے، اسی طرح ایسے خلیات جو ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوتے ہیں یا کوئی اینٹی جن ہمارے جسم میں داخل ہوتی ہے تو ہمارے سفید خلیات میکروفیج ان کو ختم کرتے ہیں۔ روزہ انسانی ساخت کے اعتبار سے نہایت اہم ہے یہ نہ صرف جسمانی صحت بلکہ مومن کے اخلاق و کردار کی بھی بلندی کا سبب بنتا ہے۔


































