
عشاء بنت فاروق
میں وہ لڑکی ہوں جسے دنیا کی چمک دمک سے زیادہ سادگی کی روشنی پسند ہے۔ مجھے لمبے ناخنوں یا اونچی ہیلز
کا شوق نہیں کیونکہ میں نے ہمیشہ زمین کے قریب رہ کر جینا سیکھا ہے۔ میں اپنے اندر موجود کمیوں کے ساتھ جینا جانتی ہوں کیونکہ یہی ادھوراپن مجھے مکمل بناتا ہے ۔
میں نہ بہت اونچا اڑنا چاہتی ہوں کہ لوگوں کو پیچھے چھوڑ دوں اور نہ ہی اتنا آہستہ چلنا چاہتی ہوں کہ دنیا مجھے روند کر آگے نکل جائے۔ میں تو بس ایک متوازن راستہ اختیار کرنا چاہتی ہوں، جہاں میرے قدم بھی میرے ہوں اور میرے خواب بھی۔ مجھے آسمان پر اڑتے جہاز کو دیکھ کر ہاتھ ہلانا اچھا لگتا ہے، جیسے وہ میری کسی ان دیکھی خواہش کو اپنے ساتھ لے جا رہا ہو۔
میں چھوٹی چھوٹی باتوں میں خوشی ڈھونڈ لیتی ہوں۔ پرندوں کے لیے پانی رکھنا، بزرگوں سے پرانی کہانیاں سننا یا کبھی کبھار چابیاں رکھ کر بھول جانا ،یہ سب میری زندگی کے خوبصورت لمحے ہیں۔ مجھے وہاں چلنا پسند ہے جہاں پیر زخمی نا ہوں ، مجھے وہ لوگ پسند ہیں جو دکھاوے سے پاک اورمخلص ہوں ۔
ترقی کرتی اس دنیا میں، میں نے اپنے لیے سکون کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا چن لیا ہے۔ مجھے کتابیں پڑھنے کا شوق ہے، لفظوں میں کھو جانے کا ہنر آتا ہے اور لکھنا میرے دل کی آواز ہے۔ میں بڑے خواب ضرور دیکھتی ہوں مگر ان خوابوں میں اپنوں کی خوشی کو کبھی نظرانداز نہیں کرتی۔ والدین کو خوش رکھنا میرے لیے فرض ہی نہیں باعث سکون بھی ہے، ایک دعا ہے جو میں جیتے جی مانگتی ہوں۔
میں ایک عام سی لڑکی ہوں مگر میرے اندر ایک خاص بات ہے، میرا دل ایک ایسا دل ہے جو کسی کو دکھ نہیں دیتا، سوائے کبھی کبھار خود کے۔ میں اپنی خاموشیوں میں جیتی ہوں، اپنی مسکراہٹوں میں چھپ جاتی ہوں اور اپنی دعاؤں میں خود کو تلاش کرتی ہوں۔
میں وہ لڑکی ہوں جو شاید دنیا کے معیار پر پوری نہ اترے مگر اپنے رب کی نظر میں خود کو کھویا ہوا نہیں سمجھتی اور شاید یہی میری سب سے بڑی پہچان ہے۔ مجھے دعاؤں سے محبت ہے اِس لِئے میری ایمانی ساتھیو!مجھے ہمیشہ دعاؤں میں یاد رکھنا ۔





































