
یاسمین اسلم
قرآن پاک واقعی ایک معجزاتی کتاب ہے ۔آپ کے موضوع نے میرے دل کو چھو لیا !میری زندگی قرآن کے معجزے کا جیتا جاگتا نمونہ ہے۔۔
میں آپ کو 30 سال پیچھے لے کر چلتی ہوں،میں نے ایک دینی گھرانے میں آنکھ کھولی ،والدین صوم و صلاۃ کے پابند تھے۔بچپن سے ہی نماز گھٹی میں ڈال دی گئی ۔نویں کلاس میں میری امی نے مجھے عبایا پہنا دیا۔
بائیس ،تئیس سال کی عمر میں شادی ہو گئی،شادی ایسے گھرانے میں ہوئی جو دین سے بہت دور تھا،میرے سسر میرے ابو کے بھائی تھے مگر ہمارے ماحول میں زمین آسمان کا فرق تھا۔۔۔۔۔۔مجھ پر میرے سسرالی ماحول کا رنگ چڑھنے لگا ۔۔۔۔۔۔۔کچھ سال میں میں بالکل اپنے سسرال کے ماحول میں ڈھل گئی۔پردہ بھی ختم ہو گیا۔
بس ایک نماز تھی جو والدین نے گھٹی میں ڈال دی تھی وہ باقاعدگی سے پڑھتی رہی ۔۔۔۔بس بے روح سی نمازیں تھیں!میری امی جان مجھے نصیحت کرتی رہتی لیکن مجھ پر کوئی خاص اثر نہ ہوتا ۔۔۔
ساری رات وی سی آر پر انڈین موویز دیکھتے رہنا ۔۔۔۔۔۔بے پردہ شوہر کے ساتھ موٹر سائیکل پہ بیٹھ کر گھومتی رہتی، کوئی احساس نہ ہوتا ۔میرے سسر کہ دوست احباب بے تکلف ہمارے گھر میں آتے جاتے،پردے کا کوئی اہتمام نہ تھا،کوئی انکل تھا کوئی بیٹا تھا کوئی بھائی تھا ۔زندگی کی گاڑی کافی عرصہ اسی طرح چلتی رہی ۔
کافی عرصہ اسی طرح گزر گیا ؛پھر ایک دن میری امی جان کی ایک دوست نے مجھے قران کی کلاس کی دعوت دی بلکہ یہ کہ میرے رب نے مجھے صراط مستقیم کی طرف رہنمائی فرمائی ۔میں پہلے دن کلاس میں بڑی بے دلی سے گئی مگر مجھے قرآن سمجھ کر بہت اچھا لگا،ایک دو روز میں ہی میں نے ایک پین اور ایک نوٹ بک اپنے پرس میں ڈال لی۔ میں بہت غور اور محبت دلچسپی سے قرآن کی کلاس باقاعدگی سے لینے لگی۔
میرے رب کی رحمت اور مدد میرے شامل حال رہی اور میں ایک ایک پوائنٹ کو اپنی نوٹ بک میں نوٹ کر کے لاتی اور اس پر غور و فکر کرتی، مجھے یہ سب کچھ بہت اچھا لگنے لگا ۔۔۔۔۔،میری زندگی بدلنے لگی۔۔۔۔میری پسند نا پسند کا معیار بدلنے لگا ۔۔۔۔۔۔ میری دوستیاں بدلنے لگی ۔۔۔۔۔میں نے گھر سے نکلتے وقت ایک بڑی سی چادر اوڑھنا شروع کر دی۔۔کلاس کے اختتام تک میں پوری تبدیل ہو چکی تھی ۔
میرے رب نے میرے دل کو بدل دیا ۔۔۔۔میرا دل چاہتا بات کروں تو اللہ کا نام آئے ۔۔۔۔ذکر کروں تو اللہ کا نام آئے ۔۔۔۔ باغ دیکھوں تو جنت کے باغات یاد آئیں ۔۔۔۔۔۔آگ دیکھوں تو دوزخ کی آگ نظر آئے ۔۔۔۔۔۔قرآن میرے دل کا سکون چین بن گیا۔۔۔۔میری پوری زندگی بدل گئی۔
میری پسند نا پسند، میرے معیار، میری دوستیاں سب تبدیل ہو گئیں،میرے رب نے مجھے قرآن کا راستہ دکھا دیا ۔۔۔۔۔۔قرآن کا رنگ مجھ پر چھا گیا ،سبغت اللہ کے رنگ میں رنگ گئی ۔۔۔یہ قرآن کا معجزہ تھا جس نے مجھ پر جادوئی اثر کیا اور میں اندر باہر سے تبدیل ہو گئی ۔۔میں نے قرآن کی دعوت کو سمجھ لیا۔ زندگی کے شب و روز اس کو سمجھنے اور سمجھانے میں میرے رب نے کھپا دیے۔۔۔۔۔
یہ میرے رب کا مجھ گنہگار پر احسان اور میرے والدین کی دعائیں تھین میری زندگی صراط مستقیم کی طرف مڑ گئی ۔۔۔اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ زندگی کے آخری سانس تک اقامت دین کی اس جدوجہد سے جوڑے رکھے ۔ہماری نیتوں کو اپنے لیے خالص کر لے اور ہمیں شیطان مردود کے شر سے بچا کر رکھے آمین ۔۔
آج سوچتی ہوں تو اللہ پر اتنا پیار اتا ہے ،اتنا پیار اتا ہے کہ میرا دل اللہ کی محبت سے بھر جاتا ہے۔ آنکھوں میں آنسو آجاتے ہیں ،دل تشکر کے احساس سے اللہ رب العزت کی بارگاہ میں سجدہ ریز ہو جاتا ہے ۔۔۔اے اللہ تو واقعی ماں سے 70 گنا زیادہ پیار کرنے والا ہے۔۔۔۔ رب العالمین سمجھ نہیں آتا کیسے تیرا شکر ادا کروں۔۔۔۔۔مجھ گنہگار نا چیز بندی سے تیری اتنی محبت ۔
آپ لوگ میری تحریر سے یہ نہ سمجھیے کہ میں بہت نیک ہوں، بہت گنہگار ہوں ۔ یہ ساری تفصیل آپ کو قران کا معجزہ بتانے کے لئے بیان کی ہے۔



































