
عبدالمعیز/ کراچی
رمضان المبارک اسلام کا سب سے بابرکت اور مقدس مہینہ ہے۔ یہ وہ عظیم مہینہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے قرآنِ مجید نازل فرمایا۔ اس مہینے میں ہر
نیکی کا اجر کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے اور گناہوں کی معافی کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں۔ رمضان صرف بھوکا پیاسا رہنے کا نام نہیں بلکہ صبر، تقویٰ، برداشت اور اپنی اصلاح کا مہینہ ہے۔اللہ تعالیٰ قرآنِ پاک میں فرماتا ہے کہ رمضان وہ مہینہ ہے جس میں قرآن نازل کیا گیاجو لوگوں کے لیے ہدایت ہے۔ اس مہینے میں روزہ فرض کیا گیا تاکہ انسان کے اندر تقویٰ پیدا ہو۔
حضرت محمد ﷺ نے رمضان کی فضیلت بیان کرتے ہوئے فرمایا:
جب رمضان آتا ہے تو جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں، جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں اور شیاطین کو جکڑ دیا جاتا ہے۔”
( صحیح بخاری )
ایک اور حدیث میں آپ ﷺ نے فرمایا:
جو شخص ایمان اور ثواب کی نیت سے رمضان کے روزے رکھے گا، اس کے پچھلے گناہ معاف کر دیے جائیں گے۔”( صحیح مسلم )
یہ احادیث ہمیں بتاتی ہیں کہ رمضان رحمت، مغفرت اور نجات کا مہینہ ہے۔
رمضان کا اصل پیغام
رمضان ہمیں سکھاتا ہے کہ ہم اپنی خواہشات پر قابو پائیں، غریبوں کا احساس کریں اور زیادہ سے زیادہ عبادت کریں،اس مہینے میں تراویح، تلاوتِ قرآن، صدقہ و خیرات اور دعا کا خاص اہتمام کرنا چاہیے۔
رمضان ہمیں صرف ایک مہینے کے لیے نہیں بلکہ پوری زندگی کے لیے نیک بننے کا درس دیتا ہے، اگر ہم اس مہینے کی برکتوں سے صحیح فائدہ اٹھا لیں تو ہماری دنیا اور آخرت دونوں سنور سکتی ہیں۔



































