
عبد المعیز / کراچی
رمضان المبارک برکتوں، رحمتوں اور مغفرت کا مہینہ ہے۔ اسی بابرکت مہینے کی ایک عظیم رات
"لیلۃ القدر" ہے، جسے قرآن میں ہزار مہینوں سے بہتر قرار دیا گیا ہے۔ یہ وہ رات ہے جس میں اللہ تعالیٰ کی رحمتیں آسمان سے زمین پر نازل ہوتی ہیں اور بندوں کی دعائیں قبول کی جاتی ہیں۔ مسلمانوں کے لیے یہ رات روحانی طور پر سب سے قیمتی ہوتی ہے۔
اکثر اہلِ علم کے نزدیک "27 رمضان" کو لیلۃ القدر ہونے کا زیادہ امکان بتایا جاتا ہے، اسی لیے اس رات مسلمان عبادات، دعا ائیں کر کے اللہ سے اپنے تعلق مضبوط کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ رات ہمیں یاد دلاتی ہے کہ اللہ کی مدد اور نصرت ہمیشہ اپنے بندوں کے ساتھ ہوتی ہے۔
یہ بھی ایک خوبصورت اتفاق ہے کہ پاکستان کی آزادی بھی رمضان کے مبارک مہینے میں حاصل ہوئی۔ 14 اگست 1947 کو جب پاکستان وجود میں آیا تو اسلامی کیلنڈر کے مطابق وہ دن 27 رمضان المبارک تھا۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے اللہ تعالیٰ نے اس بابرکت رات اور مہینے کے صدقے ہمیں آزادی کا تحفہ عطا کیا ہو۔
پاکستان کا قیام صرف ایک سیاسی واقعہ نہیں تھا بلکہ یہ ایک نظریے کی بنیاد پر حاصل کی گئی آزادی تھی۔ ہمارے بزرگوں نے بے شمار قربانیاں دیں تاکہ مسلمان ایک آزاد ریاست میں اپنے دین اور اسلامی اقدار کے مطابق زندگی گزار سکیں۔
آج جب ہم رمضان المبارک میں عبادت کرتے ہیں اور لیلۃ القدر کی برکتیں سمیٹنے کی کوشش کرتے ہیں تو ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ یہ ملک بھی اللہ کی ایک بڑی نعمت ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اس کی قدر کریں، اتحاد و اخوت کو فروغ دیں اور پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
اللہ تعالیٰ ہمیں لیلۃ القدر کی برکتیں نصیب فرمائے اور ہمارے ملک پاکستان کو ہمیشہ امن، ترقی اور استحکام عطا فرمائے۔ آمین۔



































