
تحریر: سعدیہ
ہم ایک ایسے معاشرے میں جی رہے ہیں جہاں ہر شخص اپنی زندگی کی دوڑ میں اتنا مصروف ہے کہ اسے دوسروں کے دکھ دکھائی دینا کم ہوگئے ہیں۔ ہر چہرے پر مسکراہٹ ہے،
مگر ضروری نہیں کہ ہر دل مطمئن بھی ہو۔
آج مہنگائی نے بہت سے گھروں کی خوشیاں محدود کر دی ہیں۔ کوئی باپ بچوں کی خواہشیں پوری کرنے کے لیے دن رات محنت کر رہا ہے، کوئی ماں اپنی ضرورتیں چھپا رہی ہے، کوئی نوجوان روزگار کی تلاش میں پریشان ہے، اور کوئی بزرگ اپنی تکلیف اولاد سے چھپا رہا ہے۔
کسی کی خاموشی کو اس کی خوشی مت سمجھیں؛ کچھ لوگ اپنے آنسوؤں کی آواز بھی دوسروں تک نہیں پہنچنے دیتے۔ہمیں ایک دوسرے کا احساس کرنا ہوگا۔ کسی مزدور، ملازم، رکشہ ڈرائیور یا دکاندار سے بات کرتے ہوئے یہ یاد رکھیں کہ وہ بھی کسی گھر کا کفیل ہے، اس کے بھی خواب ہیں، اس کے بھی مسائل ہیں۔
اپنے گھروں میں بھی ایک دوسرے کا خیال رکھیے۔ کبھی والدین کے پاس بیٹھ کر ان کا حال پوچھ لیجیے، کبھی بچوں سے نمبروں کے بجائے ان کے دل کا حال جان لیجیے۔ کبھی کسی پریشان انسان سے صرف اتنا کہہ دیجیے:"فکر نہ کریں، میں آپ کے ساتھ ہوں۔"
یقین کیجیے! کبھی ایک نرم لفظ، ایک مسکراہٹ اور ایک چھوٹی سی مدد کسی انسان کے لیے بہت بڑی نعمت بن جاتی ہے۔کسی کی مجبوری کا مذاق نہ بنائیں، کسی کی غربت کو اس کی کمزوری نہ سمجھیں اور کسی کے دکھ کو تماشہ نہ بنائیں۔ہم ہر شخص کی مدد نہیں کر سکتے، مگر کسی ایک انسان کے لیے آسانی ضرور بن سکتے ہیں۔
آئیے، ایک دوسرے کا احساس کریں۔
شاید ہماری ایک چھوٹی سی نیکی کسی کے اندھیرے میں روشنی بن جائے اور اسے یقین دلا دے کہ اب بھی دنیا میں انسانیت زندہ ہے۔



































