
تحریر: سعدیہ
عورت کی خوبصورتی صرف اس کے چہرے میں نہیں ہوتی، اس کی اصل خوبصورتی اس کے کردار، اس کے لہجے اور اس کی حیا میں چھپی ہوتی ہے۔ چہرے کا حسن وقت کے
ساتھ ڈھل جاتا ہے، مگر حیا انسان کے کردار کو وہ وقار عطا کرتی ہے جو عمر کے ساتھ اور بھی خوبصورت ہوتا جاتا ہے۔
حیا ایک ایسا زیور ہے جسے پہننے کے لیے کسی بازار کی ضرورت نہیں۔ یہ دل سے جنم لیتی ہے اور کردار میں نظر آتی ہے۔ نگاہوں میں حیا ہو تو نظر جھک جاتی ہے، زبان میں حیا ہو تو الفاظ سوچ سمجھ کر نکلتے ہیں، اور دل میں حیا ہو تو انسان تنہائی میں بھی اپنی حدود نہیں بھولتا۔
آج ہم ایک ایسے دور میں جی رہے ہیں جہاں خود کو دوسروں کی نظروں میں نمایاں کرنا کامیابی سمجھا جانے لگا ہے۔ سوشل میڈیا پر زندگی کے ہر لمحے کو نمائش بنا دیا گیا ہے۔ مگر ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ہر وہ چیز جو لوگوں کی توجہ حاصل کر لے، ضروری نہیں کہ وہ عزت بھی حاصل کرے۔
عورت کا وقار اس بات میں نہیں کہ کتنی نگاہیں اس کی طرف اٹھتی ہیں، بلکہ اس بات میں ہے کہ کتنی نگاہیں اسے احترام سے دیکھتی ہیں۔حیا عورت کو چھوٹا نہیں کرتی، اسے بلند کرتی ہے۔حیا اس کی آواز نہیں چھینتی، اس کے الفاظ کو وقار دیتی ہے۔حیا اس کی شخصیت کو محدود نہیں کرتی، بلکہ اسے اپنی قدر پہچاننا سکھاتی ہے۔
ایک باحیا عورت شاید ہر محفل کی مرکزِ نگاہ نہ ہو، مگر اس کی موجودگی میں ایک خاموش سا احترام ضرور محسوس ہوتا ہے۔ وہ اپنی قیمت لوگوں کی تعریف سے نہیں، اپنے رب کی رضا سے پہچانتی ہے۔کاش ہم اپنی بیٹیوں کو صرف خوبصورت بننے کا نہیں، باوقار بننے کا ہنر بھی سکھائیں۔ انہیں یہ بتائیں کہ لباس سے پہلے کردار کی حفاظت ضروری ہے، چہرے سے پہلے دل کو سنوارنا ضروری ہے اور دنیا کی واہ واہ سے پہلے اللہ کی رضا ضروری ہےکیونکہ وقت گزرنے کے ساتھ چہرے بدل جاتے ہیں، لباس پرانے ہو جاتے ہیں، تصویریں دھندلی پڑ جاتی ہیں، مگر اچھا کردار اور باحیا زندگی انسان کے بعد بھی اس کی پہچان بن کر زندہ رہتی ہے۔
عورت اگر پھول ہے تو حیا اس کی خوشبو ہے
عورت اگر چراغ ہے تو حیا اس کی روشنی ہے
اور عورت اگر عزت ہے تو حیا اس کی حفاظت ہے
حیا وہ زیور ہے جو عورت کو صرف خوبصورت نہیں بناتا، اسے قابلِ احترام بنا دیتا ہے۔



































