
سعدیہ عارف
کراچی کی صبح ہو، لاہور کی دوپہر ہو یا کسی چھوٹے شہر کی شام، ایک منظر ہر جگہ ایک جیسا ہے۔بس اسٹاپ پر کھڑی درجنوں خواتین، ہاتھ میں
بچہ، کندھے پر بیگ اور آنکھوں میں ایک ہی فکر بس میں جگہ ملے گی یا نہیں؟
ہمارے ملک میں مرد تو پھر بھی کسی طرح لٹک کر، چھت پر، دروازے پر کھڑے ہو کر سفر کر لیتا ہے لیکن ایک عورت کے لیے بس کا سفر کسی جہاد سے کم نہیں۔
چنگچی، بس اور عورت کی بے بسی
کھچا کھچ بھری ہوئی بس۔ اندر قدم رکھنے کی جگہ نہیں ہوتی۔ خواتین کے لیے جو دو سیٹیں مخصوص ہوتی ہیں، وہاں بھی اکثر مرد بیٹھے ہوتے ہیں اور شرمندہ تک نہیں ہوتے۔ کنڈیکٹر کی آواز آتی ہے "باجی آگے ہو جاؤ، آگے جگہ ہے" لیکن آگے جگہ کہاں ہے؟ سانس لینے کی جگہ نہیں ہوتی۔
ایک اسکول کی ٹیچر جسے صبح 8 بجے اسکول پہنچنا ہے، ایک طالبہ جس کا پیپر ہے، ایک ماں جو اپنے بیمار بچے کو ڈاکٹر کے پاس لے جا رہی ہے، ایک محنت کش عورت جو صبح سے شام تک دوسروں کے گھروں میں کام کر کے اپنے بچوں کا پیٹ پالتی ہے، سب بس کا انتظار کرتی ہیں۔ بس آتی ہے، رکتی بھی نہیں، یا اتنی بھری ہوتی ہے کہ اس پر سوار ہونا ناممکن ہوتا ہے۔
یہ صرف جگہ کا مسئلہ نہیں:۔
یہ صرف جگہ کا مسئلہ نہیں ہے، یہ عزت کا مسئلہ ہے۔ رش میں دھکے کھانا، نا مناسب رویے برداشت کرنااور پھر بھی خاموش رہنا کیونکہ اگر بولو گی تو لوگ کہیں گے "گھر بیٹھو، نکلتی ہی کیوں ہو؟"کئی لڑکیاں تو اسی ڈر سے تعلیم چھوڑ دیتی ہیں۔ کئی عورتیں نوکری چھوڑ دیتی ہیں۔ کہتی ہیں "بسوں میں دھکے کھانے سے بہتر ہے بھوکا رہ لیں۔" سوچیں، ہمارا پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام ہماری آدھی آبادی کو ترقی سے روک رہا ہے۔
حل کیا ہے؟۔
صرف خواتین کی بسیں: ۔ ہر بڑے روٹ پر صبح اور شام کے وقت صرف خواتین کے لیے الگ بسیں چلنی چاہئیں، جیسے پنک بس سروس۔
مخصوص سیٹوں پر عمل: ۔جو سیٹیں خواتین کے لیے ہیں، ان پر مردوں کا بیٹھنا سختی سے منع ہونا چاہیے اور اس پر جرمانہ ہونا چاہیے۔
بسوں کی تعداد: ۔ حکومت کو عام بسوں کی تعداد بڑھانی ہوگی۔ جب بسیں زیادہ ہوں گی، رش کم ہوگا، تو سب کے لیے آسانی ہوگی۔
عورتوں کا احترام: ۔ مردوں کو بھی سوچنا ہوگا، اگر بس میں کوئی عورت کھڑی ہے، ماں، بہن، بیٹی کی عمر کی ہے تو اپنی جگہ دے دینا مردانگی کی نشانی ہے، کمزوری نہیں۔
بس کے یہ دھکے صرف ایک عورت کے جسم پر نہیں لگتے، اس کے خوابوں پر، اس کی ہمت پر، اس کی خودمختاری پر لگتے ہیں۔ اگر ہم نے اپنی بیٹیوں کو پڑھانا ہے، اپنی بہنوں کو آگے بڑھانا ہے تو پہلے انہیں ایک محفوظ اور باعزت سواری دینی ہوگی کیونکہ ایک عورت جب بس میں جگہ نہ ملنے پر واپس گھر لوٹتی ہے تو صرف ایک سواری نہیں چھوٹتی، اس کا پورا دن، اس کی پوری محنت، اس کا پورا مستقبل چھوٹ جاتا ہے۔



































