
سعدیہ عارف / کراچی
کبھی آپ نے صبح اٹھ کر اپنے گھر کی گلی میں ایک لمبی سانس لی ہے؟ نہیں لے سکیں گے کیونکہ سانس لینے سے پہلے ہی کچرے کے ڈھیر سے
اٹھنے والی بدبو آپ کا استقبال کرے گی۔یہ کراچی ہو، لاہور ہو، یا ہمارا کوئی چھوٹا سا محلہ، آج ہر جگہ ایک ہی منظر ہےجگہ جگہ کچرا، نالیوں میں پھنسے شاپر، گلی کے کونے پر پہاڑ بنا ہوا گند، اور اس پر بھنبھناتی ہوئی مکھیاں, کوئی پرسانِ حال نہیں۔
ہم نے اپنے ہاتھوں سے کیا کر دیا؟۔
ہم شکایت کرتے ہیں حکومت کچھ نہیں کرتی۔ لیکن سچ پوچھیں تو قصوروار ہم خود بھی ہیں۔چائے پی، کپ وہیں پھینک دیا۔ چپس کھائے، ریپر گلی میں پھینک دیا۔ گھر کا سارا کچرا ایک شاپر میں ڈالا اور چپکے سے خالی پلاٹ میں پھینک دیا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ کچرا گھر سے نکل گیا تو صفائی ہو گئی۔ نہیں، وہ کچرا گھر سے نکل کر ہماری ہی گلی میں، ہمارے ہی بچوں کے کھیلنے کی جگہ پر آ گیا۔
یہ کچرا صرف بدبو نہیں، بیماری ہے:۔
یہ جو جگہ جگہ گندگی ہے، یہ صرف آنکھوں کو بری نہیں لگتی، یہ ہماری جان لے رہی ہے۔ انہی کچرے کے ڈھیروں پر مچھر پیدا ہوتے ہیں جو ڈینگی، ملیریا اور چکن گنیا لے کر آتے ہیں۔ اسی گندگی کی وجہ سے ہمارے بچوں کو پیٹ کی بیماریاں، ہیضہ، ٹائیفائیڈ اور جلد کی بیماریاں ہو رہی ہیں۔ نالیاں کچرے سے بند ہو جاتی ہیں، تھوڑی سی بارش ہوتی ہے اور گلیاں تالاب بن جاتی ہیں، پانی گھروں میں داخل ہو جاتا ہے۔ یہ سب اسی کچرے کی وجہ سے ہے جو ہم خود پھینکتے ہیں۔
ڈاکٹر کے پاس جاتے ہیں، ہزاروں روپے کی دوائی لیتے ہیں، لیکن یہ نہیں سوچتے کہ اس بیماری کی جڑ ہمارے گھر کے باہر پڑا وہی کچرے کا ڈھیر ہے۔حل بہت مشکل نہیں، بس نیت چاہیے
اس مسئلے کا حل کوئی راکٹ سائنس نہیں۔
اپنا کچرا، اپنی ذمہ داری: ہر گھر میں دو ٹوکریاں رکھیں۔ ایک میں روز کا گلنے والا کچرا جیسے سبزی، کھانا، اور دوسرے میں پلاسٹک اور شاپر۔
کوڑا دان کا استعمال: اپنے محلے میں بلدیہ والوں سے کہہ کر ایک بڑا کوڑا دان لگوائیں اور سارا محلہ اپنا کچرا وہیں ڈالے، ادھر ادھر نہیں۔
شاپر کو نہ کہیں: بازار جاتے ہوئے کپڑے کا تھیلا ساتھ لے جائیں۔ ایک شاپر 100 سال تک زمین میں نہیں گلتا۔
ہفتے میں ایک دن صفائی کا دن: جس طرح ہم اپنے گھر کی صفائی کرتے ہیں، اسی طرح محلے کے سب لوگ مل کر ہفتے میں ایک گھنٹہ اپنی گلی کی صفائی کر لیں تو یقین کریں، کسی سویپر کی ضرورت بھی نہیں رہے گی۔
یاد رکھیں، صفائی صرف حکومت کا کام نہیں، یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ جب تک ہم یہ نہیں سمجھیں گے کہ گلی بھی ہمارے گھر کا حصہ ہے، تب تک ہم اس کچرے میں، اس بدبو میں اور ان بیماریوں میں ہی رہیں گے۔
آئیں، آج سے عہد کریں کہ ہم اپنا کچرا ادھر ادھر نہیں پھینکیں گے۔ کیونکہ صاف گلی، صحت مند زندگی۔



































