
سعدیہ عارف
ہر سال 10 اکتوبر کو دنیا بھر میں عالمی یومِ ذہنی صحت منایا جاتا ہے۔ اس کا مقصد صرف ایک دن منانا نہیں، بلکہ اس خاموش بیماری کے بارے
میں آواز اٹھانا ہے جس کا شکار آج ہر دوسرا انسان ہے۔
ذہنی صحت کیا ہے؟
ذہنی صحت کا مطلب صرف پاگل پن یا ذہنی امراض نہیں ہے۔ ذہنی صحت کا مطلب ہے دل کا سکون، سوچ کا مثبت ہونا، حالات کا مقابلہ کرنے کی ہمت، اور رشتوں کو بہتر طریقے سے نبھانا۔ اگر ہماری ذہنی صحت ٹھیک نہیں تو ہماری جسمانی صحت، ہماری عبادت، ہمارا گھر، نوکری سب کچھ متاثر ہو جاتا ہے۔
آج کل ذہنی دباؤ اتنا زیادہ کیوں ہے؟
ذہنی تھکن اور بے سکونی: آج کے انسان کا دماغ کبھی فارغ نہیں ہوتا۔ مہنگائی، بے روزگاری، گھریلو لڑائی جھگڑے اور مستقبل کی فکر نے ہمارے ذہن کو ہر وقت مصروف رکھا ہوا ہے۔
جھوٹے اور مطلبی رشتے: سب سے بڑی ذہنی اذیت تب ہوتی ہے جب اپنا ہی کوئی دھوکہ دے۔ جس پر سب سے زیادہ بھروسہ کیا ہو وہی جھوٹ بولے، وعدہ خلافی کرے تو انسان کا ذہن تو ٹوٹے گا ہی۔ یہ ٹوٹے ہوئے دل اور جھوٹے رشتے ہی آج ڈپریشن کی سب سے بڑی وجہ ہیں۔
احساس اور قدر کا ختم ہو جانا: آج کسی کو کسی کے دکھ سے غرض نہیں۔ اس بے حسی نے انسان کو اندر سے اکیلا کر دیا ہے۔
روحانی دوری: جب دل اللہ کے ذکر سے دور ہو جاتا ہے تو بے چینی اور گھبراہٹ بڑھ جاتی ہے۔ قرآن میں ہے "خبردار! دلوں کا سکون اللہ کے ذکر میں ہے"۔
ذہنی صحت کو کیسے بہتر بنائیں؟
دل کی بات کہیں: اپنے دل کی بات اندر مت رکھیں۔ کسی بھروسہ مند دوست، ماں باپ یا بہن بھائی سے ضرور شیئر کریں۔ بات کرنے سے آدھا بوجھ ہلکا ہو جاتا ہے۔
زہریلے رشتوں سے خود کو آزاد کریں: جو رشتہ آپ کو روز ذہنی تکلیف دے، جہاں آپ کی عزت نہ ہو، اسے زبردستی نبھانا خود پر ظلم ہے۔ معاف کر کے آگے بڑھ جائیں۔ خود کی دیکھ بھال کریں: وقت پر سوئیں، نماز پابندی سے پڑھیں، تھوڑی سی چہل قدمی کریں اور موبائل اور سوشل میڈیا کا استعمال کم کریں۔
ماہر سے مدد لینے میں شرم محسوس نہ کریں: جس طرح بخار کے لیے ڈاکٹر کے پاس جاتے ہیں، اسی طرح ذہنی پریشانی کے لیے ماہرِ نفسیات سے ملنا عین عقلمندی ہے۔ یہ کمزوری نہیں، یہ اپنی ذات سے محبت ہے۔
یاد رکھیں، صحت مند معاشرہ وہی بنتا ہے جہاں لوگوں کے جسم کے ساتھ ساتھ ان کے ذہن بھی صحت مند ہوں۔ آئیے اس عالمی دن پر عہد کریں کہ ہم خود بھی ذہنی طور پر مضبوط بنیں گے اور دوسروں کے لیے بھی آسانیاں پیدا کریں گے۔



































