
سعدیہ/ کراچی
شادی خوشی کا موقع ہے، اللہ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے کا دن ہے لیکن افسوس کہ آج ہماری شادیوں میں سب سے زیادہ ناشکری کھانے کو ضائع کر کے کی
جاتی ہے۔آپ نے دیکھا ہوگا، شادی ہال میں ہر میز پر آدھی آدھی پلیٹیں چھوڑی ہوئی ہوتی ہیں۔ کوئی چاول کا ڈھیر چھوڑ دیتا ہے، کوئی سالن، کوئی روٹی کا نوالہ توڑ کر پھینک دیتا ہے۔ ایک طرف ہم قورمہ، بریانی، نان کے ڈھیروں سے میز سجاتے ہیں اور دوسری طرف اسی کھانے کو کوڑے دان میں ڈال دیتے ہیں۔
ذرا سوچیے!۔
اسی ملک میں ہزاروں بچے بھوکے سوتے ہیں۔ کتنے مزدور ایسے ہیں جنہیں دو وقت کی روٹی میسر نہیں۔ اور ہم اللہ کا دیا ہوا رزق پلیٹوں میں چھوڑ کر پھینک دیتے ہیں۔ یہ صرف کھانے کی بے حرمتی نہیں، یہ اللہ کی نعمت کی ناشکری ہے۔
ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے پلیٹ کو صاف کرنے کا حکم دیا ہے اور فرمایا کہ تم نہیں جانتے کہ رزق کے کس دانے میں برکت ہے۔
ہم کیا کر سکتے ہیں؟
اتنا ہی لیں جتنا کھا سکیں: پلیٹ میں تھوڑا کھانا لیں، ختم ہونے پر دوبارہ لے لیں، لیکن ضائع نہ کریں۔
میزبان سادگی اختیار کریں: شادیوں میں 2، 3 کھانوں سے زیادہ نہ رکھیں۔ جتنے کھانے زیادہ ہوں گے، اتنا ہی ضیاع زیادہ ہوگا۔
بچا ہوا کھانا بچائیں: ہال انتظامیہ اور میزبان کو چاہیے کہ بچا ہوا صاف کھانا غریبوں، مدارس یا مستحق لوگوں تک پہنچانے کا انتظام کریں، کوڑے میں نہ پھینکیں۔
بچوں کو سکھائیں: اپنے بچوں کو شروع سے رزق کی قدر سکھائیں۔
یاد رکھیں! رزق کی بے قدر رزق کی کمی کا باعث بنتی ہے جس قوم نے رزق کی قدر کی، اللہ نے اس کے دسترخوان میں برکت ڈال دی۔
آئیے آج سے نیت کریں کہ ہم شادی ہو یا کوئی بھی تقریب، کھانے کو ضائع نہیں کریں گے۔



































