
سعدیہ / کراچی
تعلیم انسان کا بنیادی حق ہے، کوئی تجارتی چیز نہیں۔ لیکن افسوس کہ آج ہمارے معاشرے میں تعلیم کو سب سے منافع بخش کاروبار بنا دیا گیا ہے۔ علم جو کبھی
عبادت اور روشنی سمجھا جاتا تھا، آج دکانوں میں بکنے لگا ہے۔
آج ہر گلی محلے میں ایک پرائیویٹ اسکول کھل گیا ہے جہاں عمارتیں تو شاندار ہیں، فیسوں کے بورڈ آویزاں ہیں لیکن تعلیم کا معیار کہیں نظر نہیں آتا۔ والدین سے داخلہ فیس، ماہانہ فیس، سالانہ فنڈ، امتحان فنڈ، کھیل فنڈ اور نہ جانے کون کون سے ناموں سے ہزاروں روپے بٹورے جاتے ہیں۔ غریب کا بچہ اچھی تعلیم کا خواب دیکھ بھی نہیں سکتا، کیونکہ اس خواب کی قیمت بہت زیادہ لگا دی گئی ہے۔
پرائیویٹ اسکولوں کے بعد کوچنگ سینٹرز اور اکیڈمیوں کا جال ہے۔ اسکول میں پڑھایا ہی اس لیے نہیں جاتا کہ بچہ مجبور ہو کر شام کو اسی استاد کی اکیڈمی میں آئے۔ کتابیں، کاپیاں، یونیفارم تک اسکول کی مخصوص دکان سے لینا مجبوری بنا دیا گیا ہے، جہاں سے اسکول مالکان کو کمیشن ملتا ہے۔
اس تجارت کا سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ استاد کا مقام ختم ہو گیا ہے۔ استاد جو روحانی باپ کہلاتا تھا، آج سیلز مین بنا دیا گیا ہے۔ اسے کہا جاتا ہے کہ زیادہ سے زیادہ بچے داخل کرواؤ۔ نتیجہ یہ کہ بچے ڈگری تو لے لیتے ہیں، لیکن ان کے پاس نہ علم ہوتا ہے، نہ تربیت اور نہ اخلاق۔
ہمیں کیا کرنا چاہیے؟
حکومت کو چاہیے کہ پرائیویٹ اسکولوں کی فیسوں کا ایک واضح نظام بنائے اور اس پر سختی سے عمل درآمد کروائے۔
سرکاری اسکولوں کا معیار اتنا بہتر بنایا جائے کہ غریب کا بچہ بھی فخر سے وہاں پڑھ سکے۔
تعلیم کو خدمت سمجھ کر دینے والے اساتذہ کی عزت اور حوصلہ افزائی کی جائے۔
والدین بھی صرف بڑی عمارت اور انگریزی نام دیکھ کر بچوں کو داخل نہ کروائیں، بلکہ اساتذہ کا اخلاق اور تعلیمی معیار دیکھیں۔
یاد رکھیں! جس قوم نے تعلیم کو تجارت بنایا، وہ قوم کبھی ترقی نہیں کر سکتی۔ قومیں عمارتوں سے نہیں، کردار سے بنتی ہیں۔ اور کردار صرف مخلص استاد ہی بنا سکتا ہے، کوئی تاجر نہیں۔
آئیے عہد کریں کہ ہم علم کو بیچیں گے نہیں، بانٹیں گے۔



































