
ارم کاشف
آزادی صرف ایک تاریخ یا دن کا نام نہیں یہ ایک احساس ہے جو وقت کے ساتھ نکھرتا ہے۔ جب درخت سے کوئی شاخ کٹ کر الگ ہو جائے تو وقت کا تیز جھونکا اسے خشک کر
کے مٹی میں ملا دیتا ہے لیکن جو شاخ جڑ کے ساتھ جڑی رہتی ہے وہ کڑی دھوپ اور سخت موسموں کو بھی سہہ جاتی ہے کیونکہ اسے معلوم ہوتا ہے کہ موسم بدلے گا اور بہار لوٹ کر آئے گی۔ علامہ اقبالؒ نے اسی حقیقت کو اپنی نظم میں یوں بیان کیا تھا۔
ڈالی گئی جو فصلِ خزاں میں شجر سے ٹوٹ
ممکن نہیں ہری ہو سحابِ بہار سے
یہ صرف ایک شاخ کی بات نہیں بلکہ ہر اس فرد اور قوم کی بات ہے جو اپنی اصل سے کٹ جاتی ہے جو کٹ گیا وہ چاہے کتنی ہی بارشیں کیوں نہ دیکھ لے دوبارہ سرسبز نہیں ہو سکتا کیونکہ زندگی جڑ سے آتی ہے شاخ سے نہیں۔
آج ہمارے معاشرے کی سب سے بڑی جدوجہد اپنی جڑوں سے جڑے رہنے کی ہے۔ جب کوئی قوم اپنی تاریخ اپنی ثقافت اور اپنے بنیادی اصولوں کو بھول کر انتشار کا شکار ہوتی ہے تو امید کا دھاگا ہاتھ سے چھوٹنے لگتا ہے۔ بظاہر حالات جتنے بھی کٹھن نظر آئیں جب تک افراد کا تعلق اپنی فکر اور بنیاد سے مضبوط ہے کوئی طوفان انہیں گرا نہیں سکتا،یہی سبق اقبال نے آگے چل کر یوں دیا
شاخِ بریدہ سے سبق اندوز ہو کہ تو
ناآشنا ہے قاعدہ روزگار سے
یعنی جو ٹوٹی ہوئی شاخ ہمارے سامنے پڑی ہے وہ عبرت کے لیے کافی ہے۔ دنیا کا اصول یہی ہے کہ اجتماعیت میں بقا ہے اور تنہائی میں زوال جو قوم اپنے اجتماعی شجر سے کٹ جاتی ہے وہ چاہے فرد کی سطح پر کتنی ہی توانا نظر آئے اندر سے کھوکھلی ہو جاتی ہے۔
قرآن نے بھی اسی مضمون کو ایک خوبصورت تمثیل میں بیان کیا ہے۔ اچھی بات اور اچھے عمل کو ایسے پاکیزہ درخت سے تشبیہ دی گئی ہے جس کی جڑ زمین میں مضبوطی سے گڑی ہو اور جس کی شاخیں آسمان کی بلندیوں کو چھو رہی ہوں ،یہ درخت اپنے رب کے حکم سے ہر موسم میں پھل دیتا ہے۔ اس کے برعکس ناپاک بات اس درخت جیسی ہے جس کی کوئی جڑ ہی نہ ہو جسے ہلکی سی آندھی بھی اکھاڑ کر پھینک دے۔
یہی فرق ہے اس شاخ میں جو زمین سے جڑی رہے اور اس میں جو کٹ کر الگ ہو جائے۔ حدیث میں بھی مومن کی مثال ایک ایسے سرسبز درخت سے دی گئی ہے جس کے پتے کبھی نہیں جھڑتے اور جو ہر موسم میں اپنا پھل دیتا رہتا ہے۔ یہ استقامت دراصل اسی جڑ کی برکت ہے جو ایمان اور یقین سے سینچی جاتی ہے۔
دین ہمیں یہی سکھاتا ہے کہ مایوسی کبھی مومن کا شیوہ نہیں ہو سکتی۔ تنگی کے ساتھ ہمیشہ آسانی کا وعدہ جڑا ہے اور اللہ کی رحمت سے مایوس ہونا کبھی کسی سچے دل کا رستہ نہیں رہا۔ جو انسان اپنے رب سے امید کا رشتہ باندھے رکھتا ہے وہ خزاں کے موسم میں بھی بہار کا منتظر رہتا ہے اور یہی امید اسے ٹوٹنے نہیں دیتی۔
اصل تبدیلی کسی معجزے کی منتظر نہیں ہوتی بلکہ خاموشی سے کی جانے والی محنت اور اپنے ماحول کے ساتھ وفاداری کا نتیجہ ہوتی ہے۔ اپنی ذمہ داریوں کو سچائی کے ساتھ نبھانا چھوٹے چھوٹے قدم اٹھانا اور مایوسی کے بجائے بہتری کی امید رکھنا ہی وہ جڑیں ہیں جو انسان کو قائم رکھتی ہیں۔ ہر وہ فرد جو اپنے حصے کا دیا جلاتا ہے دراصل اس درخت کی جڑ کو سینچتا ہے جس کے سائے میں آنے والی نسلیں سانس لیں گی۔ اقبال نے اسی اجتماعی شعور کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا
ملت کے ساتھ رابطہ استوار رکھ
پیوستہ رہ شجر سے امیدِ بہار رکھ
یہ مصرع صرف ایک نصیحت نہیں بلکہ ایک پوری قوم کی بقا کا نسخہ ہے جو قوم اپنے اجتماعی شجر کے ساتھ رابطہ استوار رکھتی ہے، وہی خزاں کے موسموں سے گزر کر بھی زندہ رہتی ہے۔
خزاں کا موسم کتنا ہی طویل کیوں نہ ہو جو درخت اپنی زمین اور جڑ سے ناطہ نہیں توڑتا وہی اگلی بہار میں نئی کونپلوں اور سرسبز اوراق کے ساتھ مسکراتا ہے۔ آزادی کا اصل مفہوم بھی یہی ہے کہ اپنی جڑوں کو کبھی نہ بھولا جائےجو قوم اپنی تاریخ اپنے اسلاف کی قربانیوں اور اپنے ایمان سے جڑی رہتی ہے اسی کے حصے میں بہار آتی ہے۔ امید کی یہی کرن دراصل زندگی کا حاصل ہے اور یہی وہ روشنی ہے جو ایک قوم کو صدیوں تک زندہ رکھتی ہے۔



































